• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

آن لائن پاکستانی اسٹورز کتنے قابل بھروسہ؟

شائع March 7, 2016

کریانہ کے سامان کی آن لائن خریداری پاکستان کے ای کامرس کے منظر نامے میں ابھرتا ایک پرجوش عنصر ہے جس کے متعدد پہلو ابھی دریافت نہیں کیے جاسکے۔

بذات خود جاکر بڑے اسٹورز پر خریداری کرنا ایک مقبول طریقہ ہے، مگر آن لائن کریانہ اسٹورز میں اضافے سے مارکیٹ میں ان صارفین کی موجودگی کا احساس ہوتا ہے جو جھنجھٹ میں پڑنے کی بجائے ایک بٹن کلک کرکے مصنوعات کا آرڈر دینا چاہتے ہیں۔

کیا یہ رجحان زور پکڑ رہا ہے؟ ہم نے اس حوالے سے چند آن لائن گروسری اسٹورز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

CartPk.com

کارٹ ڈاٹ پی کے دو گھنٹے میں ڈیلیوری کا وعدہ کرتی ہے
کارٹ ڈاٹ پی کے دو گھنٹے میں ڈیلیوری کا وعدہ کرتی ہے

پہلی بار وزٹ کرنے والے اس بہترین ڈیزائن والی ویب سائٹ کو ضرور پسند کریں گے جو مرکزی پیج پر ایک ویڈیو رہنمائی بھی فراہم کرتی ہے تاکہ صارف کو آرڈر کرنے میں مدد مل سکے۔

ہوم پیج پر تمام اشیاءکی فہرستیں ترتیب شدہ کیٹیگریز میں موجود ہیں، اشیائے خورونوش سے ہٹ کر کارٹ پی کے ڈاٹ کام ذاتی نگہداشت کی مصنوعات، تازہ سبزیاں، گوشت، بے بی اور ہوم کیئر سپلائیز، مٹھائی، کیک، پری پیڈ کارڈز اور موبائل فونز بھی فروخت کررہی ہے۔

ایک ہزار روپے اور اس سے زائد کے آرڈرز پر ڈیلیوری مفت کی جاتی ہے، اس سے کم خریداری پر ڈیلیوری کرنے پر کم از کم فیس سو روپے لی جاتی ہے۔

اس میں کیا خاص بات ہے؟ بیکری

یہ مٹھائیوں اور کیکس وغیرہ ڈیلیور کرتے ہیں، تو کسی سالگرہ یا خصوصی موقع پر بیکری کی جانب سے آپ تقریب کے وقت ایک کلک پر کیک کو اپنے دروازے تک منگوا سکتے ہیں۔

فیصلہ

ہم نے دفتر کے لیے 12 برتن دھونے والے صابنوں کا آرڈر دیا، جسے دو گھنٹے کے اندر پہنچا دیا گیا۔ ایک نمائندے نے فون کے ذریعے آرڈر کی تصدیق کی اور ایک ایس ایم ایس بھیج کر بھی اطلاع دی کہ رائیڈر راستے میں ہیں۔

یہ سروس موثر اور بظاہر روانی سے کام کرتی نظر آتی ہے۔ تھوڑی سی مزید مارکیٹنگ اور اشتہارات کے ذریعے یہ سائٹ اپنے کاروبار کو چمکا سکتی ہے۔

ریٹنگ : 4/5

Gomart.pk

۔
۔

اس کا 'About Us' سیکشن مزاج پر ناگوار گزرنے والا ہے (اور اس میں املا کی غلطیاں بھی ہیں)، یہ سائٹ دعویٰ کرتی ہے ' صارفین کو پرہجوم جگہ پر جاکر کریانے اور دیگر اشیاءکی خریداری کی ضرورت نہیں'۔

یہ سروس چھ بجے شام سے پہلے آرڈر کرنے پر اسی روز ڈیلیوری کا وعدہ کرتی ہے، جبکہ ' فوری آرڈر' کا آپشن بھی آپ کو موقع دیتا ہے کہ سرچ کے ذریعے اپنی مطلوبہ چیز کو فہرستوں میں جائے بغیر تلاش کریں۔

اشیائے خورونوش، بے بی کیئر پراڈکٹس، کاسمیٹکس، مشروبات، گھریلو استعمال کی اشیاءجیسی فہرستیں اسکا حصہ ہیں۔ کچھ اشیاءخصوصی آفرز کے ساتھ ہیں اور یہ سروس رمضان پیکجز بھی فراہم کرتی ہے۔

خریداروں کو انتخاب کے لیے کافی کچھ موجود ہے خاص طور پر کریانہ کے سیکشن میں۔ اسپیشل آفر سیکشن میں تاہم مایوسی کا سامنا ہوتا ہے جہاں صرف ٹی وائٹنر اور ملک چاکلیٹ ہی رعایتی داموں میں دستیاب ہیں۔

اہم چیز کیا ہے؟ فوری آرڈر کا سیکشن

یہ ممکنہ طور پر گومارٹ ڈاٹ پی کے کا بہترین حصہ ہے۔ ایک صارف بس ٹائپ کرکے اپنی مطلوبہ چیز تلاش کرسکتا ہے چاہے اس کے ذہن میں کوئی خاص برانڈ بھی نہ ہو۔ یہ سائٹ خودکار طور پر تمام دستیاب آپشنز کو پیش کردیتی ہے اور آپ اپنی پسند کی چیز کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

فیصلہ

ہم نے سو ٹی بیگز کے ایک ڈبے کا آرڈر دیا جس کی قیمت 330 روپے تھے جبکہ اس کی ڈیلیوری کے چارجز ڈھائی سو روپے تھے، تو ہمارا ٹوٹل خرچہ 580 روپے ہوا۔

ہمیں رجسٹریشن پر ایک شکر گزاری کی ای میل موصول ہوئی اور دوسری میں آرڈر کی رسید فراہم کی گئی۔ ہم نے اپنا آرڈر شام چھ بجے کے بعد دیا اور اگلے دن ڈیلیوری کی امید رکھی۔

مگر چھ دن بعد بھی ٹی بیگز پہنچ نہیں سکے اور نہ آرڈر کی کوئی اپ ڈیٹ موصول ہوئی۔ خوش قسمتی سے اس آرڈر کے موصول ہونے پر پیسے دینے تھے تو ہمارا کوئی مالی نقصان نہیں ہوا مگر یہ جھنجھلاہٹ کا شکار کردینے کے لیے کافی تھا کہ ہم اب تک ٹی بیگز کا انتظار کررہے ہیں۔

ان کے لیے ہماری تجویز ہے کہ صرف ایک اچھی سائٹ پر انحصار مت کریں بلکہ اپنے وعدوں کو بھی پورا کریں۔

ریٹنگ : 1/5

Quick N Easy

۔
۔

دیگر سروسز کے برعکس کوئیک این ایزی کی سائٹ میں مصنوعات کی فہرستوں کے لیے سرچ فلٹرز بھی موجود ہیں۔ کوئی بھی دستیاب اشیاءکو قیمتوں کی بنیاد تلاش کرسکتا ہے یا کسی خاص برانڈ کو، یہ چیز اس وقت بہت آسانی کا باعث بنتی ہے جب آپ کو معلوم ہو کہ کس چیز کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ مزید برآں یہ سروس ہر چیز پر رعایت بھی فراہم کرتی ہے۔

500 روپے یا اس سے زائد کی خریداری پر ڈیلیوری مفت ہے۔ اس سے کم کے آرڈرز پر ڈیلیوری چارجز علاقے کو مدنظر رکھ کر لیے جاتے ہیں۔

خاص بات کیا ہے ؟ بہتر ڈیلیوری چارجز

بیشتر آن لائن گروسری اسٹورز کے مقابلے میں کوئیک این ایزی علاقے کی بنیادی پر ڈیلیوری چارجز کی پیشکش کرتی ہے اور اس کے کوئی فکس ریٹ نہیں۔ اس سائٹ پر جانوروں کی غذا (اگرچہ محدود برانڈز کی) اور آفرز کا سیکشن ڈیلز سے بھرا ہوا ہے جن میں بیشتر کو مسترد کرنا مشکل ہوتا ہے۔

فیصلہ

ہم نے 135 روپے کے ایک ہینڈ واش کا آرڈر دیا (بشمول ڈیلیوری چارجز)۔ تاہم اس کی تکمیل چار روز بعد ہوئی۔

اس کا رائیڈر معمول کا ڈیلیوری بوائے نہیں تھا بلکہ ایک ملازم تھا جو قریب ہی رہتا تھا۔ اگر اس کی رہائش قریب نہ ہوتی تو ہمیں تو لگتا ہے کہ ہمارا ہینڈ واش کبھی ملتا ہی نہیں۔ اس شخص نے تاخیر پر جواز پیش کیا کہ سروس کو ' بہت زیادہ آرڈرز' کا سامنا ہے۔

اگر آپ بلیوں کی غذا کا آرڈر کریں تو اپنی بلی کو تحمل کا بھی مشورہ دیں۔ یہاں پر اشیاءکو تلاش کرنا تو آسان ہے مگر ان کی جلد ڈیلیوری بہت مشکل نظر آتی ہے۔

ریٹنگ : 2/5

Tazamart

۔
۔

اس سائٹ کو کسی حقیقی سپرمارکیٹ کی نقل پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ان کے ہوم پیچ پر مقبول برانڈز کی ایک فہرست، ڈیلز، اینڈرائیڈ ایپ کا لنک اور ہاﺅ ٹو آرڈر سیکشن وغیرہ پہلی بار آنے والوں کے لیے ہے۔ اس سائٹ نے دوپہر بارہ بجے سے قبل آرڈر کرنے پر چوبیس گھنٹے میں ڈیلیوری کا وعدہ کررکھا ہے۔

تمام مصنوعات کی درجہ بندی میں ذیلی کیٹیگریز بھی موجود ہیں جس سے صارفین کے لیے سرچ کرنا اچھا تجربہ ہوتا ہے۔ اس میں جو واحد فلٹر دستیاب ہے وہ 'پرائس' ہے۔

اس سائٹ پر پالتو جانوروں کی غذا کا سیکشن بھی موجود ہے مگر وہاں صرف بلی اور مچھلیوں کا فوڈ ہی دستیاب ہے۔

خاص کیا ہے ؟ تازہ پھل و سبزیاں

تازہ مارٹ تازہ پھلوں اور سبزیوں کو ڈیلیور کرنے کا وعدہ کرتی ہے۔

فیصلہ

ہم نے ہینڈ واش کا آرڈر کیا مگر ' پہلے آرڈر کی مفت ڈیلیوری' کے دعویٰ کے برعکس ہمارے بل میں ڈیلیوری چارجز کے بھی ڈیڑھ سو روپے شامل تھے۔

ہمیں آرڈر کی رسید ای میل کے ذریعے موصول ہوئی مگر اس رات رات گیارہ بجے تک مزید کوئی اپ ڈیٹ نہیں مل سکی، اس وقت سائٹ کے کسی نمائندے نے فون کرکے بتایا ' جو ہینڈ واش آپ نے آرڈر کیا ہے وہ اسٹاک میں موجود نہیں'۔

اس سروس کا دعویٰ ہے کہ وہ اپنے آرڈرز کو بروقت پہنچاتی ہے تاہم ہمارے تجربے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس کی انتظامیہ اپنی سائٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کے حوالے سے لاپرواہ ہے کیونکہ وہاں اسٹاک میں موجود نہ ہونے والی اشیاءبھی موجود رہتی ہیں۔ آرڈر کے بعد اس کی تکمیل کا عمل بھی سست رفتار او ربرا ہے۔ رات گیارہ بجے فون کرنا غیرمنطقی ہے کیونکہ کوئی بھی رات ایک بجے اپنے سامان کو موصول کرنے کی توقع نہیں کرتا۔

ریٹنگ : 2/5

Aaraam Shop اور DoorStep

۔
۔

دیگر اسٹورز کی طرح ہم نے پاکستان کے چند پرانے آن لائن گروسری اسٹورز میں سے ایک ڈور اسٹیپ اور آرام شاپ پر بھی آرڈرز کا تجربہ کیا۔

ڈور اسٹیپ نے ہمارے آرڈر پر سو روپے کے ڈیلیوری چارجز لیے (جس کا اطلاق ایک ہزار روپے کے کم کے آرڈرز پر ہوتا ہے) اور ایک رسید بھی ارسال کی۔ ہم نے اپنا آرڈر جمعہ کو دیا اور ایسا نظر آیا کہ یہ وہ دن ہے جب وہ آرڈرز ڈیلیور نہیں کرتے۔

ای گروسری نے ہمارے آرڈر کو منسوخ کرتے ہوئے ایک ای میل ارسال کی جس میں وضاحت کی گئی تھی کہ وہ صرف لاہور میں اشیاءکو ڈیلیور کرتے ہیں۔ ہمارا مشورہ ہے کہ انہیں کراچی اور دیگر شہروں کے صارفین کو ان کے آرڈرز کنفرم کرنے سے پہلے اس بات سے آگاہ کرنا چاہئے۔

آرام شاپ صارف کے علاقے کی دکان سے ڈیلیوری کے ماڈل پر کام کرتی ہے اور آرڈر کے موصول ہونے ک انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کے کتنے قریب اسٹور ہے۔ انہوں نے ہمارا آرڈر تو لے لیا مگر ہمارے علاقے میں کسی گروسری اسٹور کو تلاش کرنے میں ناکام رہے تو وہ اشیاءڈیلیور نہیں کرسکے۔

فیصلہ

آن لائن پاکستانی اداروں کو بذات خود خریداری کے متبادل کے لیے کافی کچھ کرنا ہوگا۔ یہ صرف چمک دمک کی بات نہیں بلکہ انہیں واضح متبادل کے طور پر نظر آنا چاہئے، آن لائن ریٹیلرز کو صارف کے تجربے کو ترجیح دینا چاہئے۔

انگلش میں پڑھیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024