کپل شرما کا ’خاندان‘ نئے شو کاحصہ نہیں ہوگا
ممبئی: تقریباً ڈھائی سال تک شائقین کو اپنے مزاحیہ شو ' کامیڈی نائٹس ود کپل' سے محظوظ کرنے کے بعد اب کپل شرما اپنے نئے شو کے ساتھ واپس آرہے ہیں تاہم ان کا 'خاندان' اس شو کا حصہ نہیں ہوگا۔
آئی بی این لائیو کی ایک رپورٹ کے مطابق 'کامیڈی نائٹس ود کپل' میں ’پلک‘ کا کردار کرنے والے کامیڈین کیکو شردھا کے مطابق سونی چینل پر نشر ہونے والا نیا شو فیملی سیٹ اپ پر مبنی نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں: 'کامیڈی نائٹس وِد کپل' کی 'پلک' گرفتار
کیکو کا کہنا تھا ’اس بار شو میں فیملی سیٹ اپ نہیں ہوگا بلکہ سڑک پر لوگوں کی زندگی دکھائی جائے گی‘۔
کیکو نے آنے والے شو کے حوالے سے زیادہ کچھ تو نہیں بتایا تاہم ان کا اپنے 'پلک' کے کردار کے حوالے سے کہنا تھا ’مجھے شائقین سے اس کردار پر بے حد داد وصول ہوئی، میں ہر طرح کا کردار کرنے کو تیار ہوں اور اسی حوالے سے متعدد لوگوں سے رابطے میں ہوں‘۔
یہ بھی پڑھیں: کپل-کرشنا اختلاف کامیڈی نائٹس کے اختتام کی وجہ؟
واضح رہے کہ کپل شرما کے شو 'کامیڈی نائٹس ود کپل' کو شائقین نے بے حد پسند کیا تھا تاہم کپل اور کلرز چینل کی انتظامیہ کے درمیان جھگڑے کے باعث جنوری میں اس شو کا اختتام کرنا پڑا۔
'کلرز' کے بعد کپل شرما سونی چینل پر اپنے نئے شو 'دی کپل شرما' شو کے ساتھ ٹی وی پر واپسی اختیار کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کپل شرما کی شاندار انداز سے واپسی
رپورٹس کے مطابق کپل شرما کے نئے شو کا آغاز رواں سال 23 اپریل کو ہوگا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔