• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ٹوتھ پیسٹ کے 13 انوکھے استعمال

شائع February 27, 2016 اپ ڈیٹ March 12, 2016
— کریٹیو کامنز فوٹو
— کریٹیو کامنز فوٹو

دانتوں کی صفائی اور سفیدی کے لیے ٹوتھ پیسٹ کا استعمال تو بہت عام ہے جو انہیں مضبوط بھی بناتے ہیں مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ پیسٹ آپ کے چہرے کو دانوں سے نجات بھی دلا سکتا ہے؟

اگرچہ سننے میں حیرت انگیز لگے مگر واقعی ٹوتھ پیسٹ بہت کچھ ایسا بھی کرسکتا ہے جس کا تصور بھی کبھی آپ نے نہیں کیا ہوگا اور دانتوں سے ہٹ کر بھی بہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ٹوتھ پیسٹ کے ایسے ہی چند انوکھے طریقہ استعمال ہوسکتا ہے آپ کو حیران کرکے رکھ دیں۔

جوتوں کی خستہ حالی ختم کریں

اگر تو آپ کے لیدر کے جوتوں پر شکنیں پڑ چکی ہیں تو معمولی مقدار میں ٹوتھ پیسٹ زبردست کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ متاثرہ حصے پر ٹوتھ پیسٹ لگائیں اور کسی نرم کپڑے سے اسے رگڑیں، جس کے بعد کسی اور کپڑے سے اسے صاف کردیں۔ جوتے کا چمڑہ نئے کی طرح چمکنے لگے گا۔

اسپورٹس شوز کو صاف کریں

اپنے اسپورٹس کے ربڑ کے حصوں کو صاف کرنا چاہتے ہیں ؟ تو بغیر جیل کے ٹوتھ پیسٹ کو اس پر لگا کر کسی پرانے ٹوتھ برش سے رگڑیں، جس کے بعد اسے کسی کپڑے سے صاف کردیں۔

استری کو جگمگائیں

ٹوتھ پیسٹ کی معمولی مقدار آپ کے کپڑوں کی استری کی نچلی پلیٹ کو جگمگا سکتی ہے۔ ٹھنڈی استری کے نچلے حصے پر ٹوتھ پیسٹ لگائیں کسی موٹے کپڑے سے اسے رگڑیں اور پھر دھو کر صاف کرلیں وہ جگمگانے لگے گی۔

ڈائمنڈ رنگ کی پالش

کسی پرانے ٹوتھ برش پر معمولی مقدار میں پیسٹ لگائیں اور پھر اپنے دانتوں کی بجائے اسے ہیرے کی انگوٹھی کو جگمگانے کے لیے استعمال کریں۔ اچھی طرح صفائی کے بعد اسے کسی کپڑے سے صاف کردیں۔

بچوں کے فیڈر سے بساند دور بھگائیں

بچوں کی بوتلوں میں اکثر دودھ کی بساند پیدا ہوجاتی ہے جس کو دور کرنے میں عام برتن دھونے کے صابن یا کیمیکل وغیرہ زیادہ موثر ثابت نہیں ہوتے، ایسے حالات میں ٹوتھ پیسٹ کا استعمال بہت مفید ثابت ہوتا ہے بس اس کی کچھ مقدار بوتل برش پر لگا کر اسے رگڑیں اور پھر اچھی طرح دھو لیں۔

دھندلے گلاسز کی صفائی

لکڑی کا کام ہو، غوطہ خوری یا کچھ اس وقت بہت الجھن ہوتی ہے جب گلاسز پر دھند سے چھا جاتی ہے، اس مسئلے سے بچنے کے لیے گلاسز پر ٹوتھ پیسٹ کی کوٹنگ کریں اور پھر اسے صاف کردیں، جس کے بعد یہ مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔

باتھ روم میں لگے آئینے کو دھندلا ہونے سے بچائیں

اگر تو آپ کے باتھ روم کا آئینہ دھندلا ہوجائے تو اس میں کچھ صاف نظر ہی نہیں آتا اور شیو کرتے ہوئے کٹ لگنے کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔ ایسا ہونے پر بغیر جیل والے ٹوتھ پیسٹ کی کوٹنگ شیشے پر کریں اور پھر صاف کرلیں۔

باتھ روم کے سنک کو صاف کریں

باتھ روم کا سنک صاف کرنا چاہتے ہیں تو ٹوتھ پیسٹ کی کچھ مقدار کو میں ڈالیں اور پھر کسی اسفنج سے رگڑ کر دھودیں۔ سنک صاف بھی ہوجائے گا اور ٹوتھ پیسٹ ڈرین پائپ سے آنے والی بو کا بھی خاتمہ کردے گا۔

دیواروں سے رنگوں کے داغ ہٹائیں

تمام بچوں کو دیواروں پر پینٹ کا بہت زیادہ شوق ہوتا ہے جو ماﺅں کے لیے گھروں کی صفائی کے دوران بہت بڑا چیلنج بھی بن جاتا ہے اور اس سلسلے میں بھی ٹوتھ پیسٹ زبردست کمال دکھاتا ہے،ٹوتھ پیسٹ کے ساتھ ایک کپڑے یا صفائی کرنے والا برش لیں، ٹوتھ پیسٹ کو دیوار پر لگائیں اور رگڑنا شروع کردیں، اس کے بعد دیوار کو پانی سے دھو لیں۔

کپڑوں سے سیاہی یا لپ اسٹک کے دھبے دور کریں

کسی قلم نے آپ کی پسندیدہ قمیض کی جیب کو خراب کردیا ہے تو یہ نسخہ آپ کے کام آسکتا ہے تاہم اس کا انحصار کپڑے کی قسم اور سیاہی پر ہوگا تاہم کوشش کرکے ضرور دیکھیں۔ ٹوتھ پیسٹ کو داغ پر لگائیں اور کپڑے کو مضبوطی سے رگڑیں اور پھر پانی سے دھولیں۔ اگر سیاہی کچھ حد تک دور ہوئی ہو تو اس عمل کو چند بار مزید دہرائیں جب تک وہ داغ ختم نہ ہوجائے۔ یہ طریقہ کار لپ اسٹک کے دھبوں پر کارآمد ثابت ہوتا ہے۔

فرنیچر پر موجود پانی کے دھبے صاف کریں

ایک اور وہ چیز جو ٹوتھ پیسٹ بہت موثر طریقے سے کرتا ہے وہ شیشے یا لکڑی کی میزوں پر ٹھنڈے یا چائے وغیرہ کے کپ رکھنے سے بن جانے والے نشانات کو مٹانا ہے، یہ نشانات خشک ہوجائیں تو انہیں صاف کرنا بہت مشکل ہوتا ہے مگر ٹوتھ پیسٹ سے یہ کام بہت آسانی سے ہوجاتا ہے۔ بس ٹوتھ پیسٹ کو لکڑی پر کسی نرم کپڑے کے ساتھ نرمی سے رگڑیں اور پھر دوسرے کپڑے سے صاف کرلیں۔

کیل مہاسوں سے نجات

اگرچہ یہ سننے میں حیران کن لگے مگر حقیقت یہی ہے کہ ٹوتھ پیسٹ کا استعمال چہرے پر ابھر آنے والے دانوں اور مہاسوں سے جلد نجات دلانے کا موثر طریقہ ہے، بس تھوڑی سی مقدار میں ٹوتھ پیسٹ مہاسوں سے متاثرہ حصے پر رات کو لگائیں اور صبح تک کے لیے خشک ہونے دیں۔ ٹوتھ پیسٹ کیل مہاسوں کو خش کرکے ان میں موجود تیل کو جذب کرلے گا۔ تاہم یہ خیال رہے کہ یہ نسخہ حساس جلد کے لیے زیادہ فائدہ مند نہیں۔

ہاتھوں سے بو کو دور بھگائیں

پیاز یا لہسن کو کاٹنے کے بعد ہاتھوں میں بو دھونے کے بعد بھی باقی رہتی ہے اور عام صابن بھی اس سے نجات دلانے میں ناکام رہتے ہیں مگر تھوڑی سی مقدار میں ٹوتھ پیسٹ کو ہتھیلی پر مل لینا اس بو سے مختصر وقت میں موثر طریقے سے جان چھڑانے میں انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024