• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

الطاف کیس:عاصمہ جہانگیرکا تحریری معافی سے انکار

شائع February 27, 2016

لاہور: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کی میڈیا کوریج پر پابندی کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت کیس میں عاصمہ جہانگیر کی جانب سے تحریری معافی سے انکار کے باعث ڈیڈلاک پیدا ہوگیا۔

واضح رہے کہ 7 ستمبر 2015 کو لاہور ہائی کورٹ کے بینچ نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں الطاف حسین کے تقاریر اور خطاب نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کی تھی۔

قائد ایم کیو ایم کی میڈیا پابندی کے خلاف کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکلا نے الزام لگایا کہ ایم کیو ایم کی وکیل ایڈووکیٹ عاصمہ جہانگیر نے ٹی وی پروگرام کے دوران عدالتی فیصلے کے خلاف توہین آمیز بیان دیا۔

ایڈووکیٹ اظہر صدیقی اور آفتاب ورک نے عدالت میں اس ٹی وی پروگرام کی ریکارڈنگ بھی چلائی۔

انہوں نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر آئے روز عدالتی احکامات کے خلاف بات کرتی ہیں۔

عاصمہ جہانگیر نے عدالت کی جانب سے وضاحت طلب کرنے پر اپنے الفاظ پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے زبانی معافی مانگی۔

فل بینچ کی سربراہی کرنے والے جسٹس سید مظہر علی نقوی نے عاصمہ جہانگیر کو تحریری معافی نامہ جمع کرانے کو کہا، جس پر انہوں نے انکار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ عدالتی حکم کو دل سے قبول نہیں کرتیں جبکہ انہوں نے صرف عدالتی وقار قائم رکھنے کے لیے زبانی معافی مانگی، انہوں نے بینچ پر عدم اعتماد کا بھی اظہار کیا۔

آدھے گھنٹے کے وقفے کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو جسٹس مظہر علی نقوی نے عاصمہ جہانگیر سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا معیار دہرا ہے، آپ توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہیں اس لیے آپ کو تحریری معافی مانگنی چاہیے، تاہم عاصمہ جہانگیر نے ایک بار پھر عدالتی حکم ماننے سے انکار کردیا۔

اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر پیر مسعود چشتی نے جسٹس مظہر علی نقوی کو کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی۔

عدالتی کارروائی کے دوران ایک موقع پر جسٹس مظہر علی نقوی نے ایم کیو ایم کے سینیٹر عتیق الرحمٰن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ احتجاج اور بھوک ہڑتالوں سے عدالت پر کوئی اثر پڑے گا۔

عاصمہ جہانگیر کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے یہ کیس کسی دوسرے جج کو منتقل کرنے کی درخواست کریں گی۔

یہ خبر 27 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad khan Feb 28, 2016 03:06am
عاصمہ جھانگیر صاحبہ کو ایک سنئیر وکیل کی خاطر عدالت کا احترام لازمی کرنا چاہئے تاکہ جونئیر وکیل ان سے سیکھ سکیں ھمارے بڑے لوگوں میں انا پرستی بہت زیادہ ھوتی ھے جو کہ ھمارا المیہ ھے بڑے وکیل کمزور کیس کے ساتھ عدالت سے اپنے حق میں فیصلہ چاہتی ھے ناکامی کی صورت میں عدالت پر تنقید کی جاتی ھے جو نامناسب بات ھے عدالت میرٹ قانون اور ائین پر فیصلے کرتی ھے وکیل کو نہیں دیکھتی عاصمہ صاحبہ اور اعتزاز حسن صاحب ایسے ہی وجوہات کی بنیاد پر چودھری افتحار کے حلاف ھوگئے تھے اسلئے جھانگیر صاحبہ سے گزارش ھے کہ اپنے کیس کے حوالے سے ٹی وی پر بات نا کریں تو بہتر ھوگا زیرسماعت کیس پر ٹی وی پر تبصرہ مناسب نہیں اس پر پابندی لگانی چاہئے کیس کے فیصلے کے بعد اس پر رائے دینا جائز ھوتا ھے لیکن وہ بھی فیصلہ ماننے کے ساتھ

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024