• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

منگھو پیر: دیومالائی داستان سے سائنس تک

شائع February 26, 2016
منگھو پیر کے مزار پر ایک عقیدت مند۔ — اے ایف پی۔
منگھو پیر کے مزار پر ایک عقیدت مند۔ — اے ایف پی۔

منگھوپیر کراچی کے قدیم ترین علاقوں میں سے ایک ہے۔ مصروف، بے ترتیب اور تیزی سے پھیلتے ہوئے شہر کے شمالی حصے میں واقع یہ علاقہ ایک صوفی بزرگ منگھو پیر کی مزار کی وجہ سے شہرت کا حامل ہے۔

صدیوں پرانے مزار کی انوکھی بات یہاں پر موجود بہت بڑا تالاب اور گرم پانی کا چشمہ ہے۔ تالاب میں درجنوں مگرمچھ رہتے ہیں جنہیں مزار پر آنے والے عقیدت مند باقاعدگی کے ساتھ کھانا کھلاتے ہیں۔

عقیدت مندوں کا ماننا ہے کہ مگر مچھ صوفی بزرگ سے منسوب ہیں۔

علاقے کی قدیم کتب اور 19ویں صدی کی برٹش راج کی تحریروں میں مزار کا ذکر ملتا ہے۔ کچھ مؤرخین کے مطابق یہ مگرمچھ صدیوں سے یہاں پر موجود ہیں۔

19 ویں صدی کے برطانوی لوگوں کا ایک گروہ مزار پر مگرمچھوں کو کھانا کھلا رہا ہے۔
19 ویں صدی کے برطانوی لوگوں کا ایک گروہ مزار پر مگرمچھوں کو کھانا کھلا رہا ہے۔

کچھ ماہرینِ آثار قدیمہ کا دعویٰ ہے کہ انہیں یہاں مگرمچھوں کی ہزاروں سال پرانی باقیات ملی ہیں اور کالونیل دور کے برطانوی مصنفین کے مطابق بھی مگرمچھ وہاں 'ہزاروں سالوں' سے موجود ہیں۔

منگھوپیر کراچی کی تند و تیز مکرانی/شیدی برادریوں کے روحانی پیشوا ہیں۔

یہ لوگ ان افریقی غلاموں کی اولادیں ہیں جنہیں 10 ویں اور 17 ویں صدی کے دوران عرب، فارسی، ترک اور یورپی حملہ آور یہاں لائے تھے۔ یہ لوگ زیادہ تر بلوچی بولنے والے مسلمان محنت کش مرد و عورت ہیں جن میں فٹ بال، باکسنگ، گدھوں کی ریس اور رقص کا جنون پایا جاتا ہے۔

مزار کے سالانہ میلے کو شیدی اپنی بنیادی افریقی طرز کے ساتھ مناتے ہیں۔

مگر کراچی کے علاقے لیاری (جہاں شیدی اکثریت میں قیام پذیر ہیں) میں گینگ وار، اور انتہا پسند گروپوں اور عسکریت پسندوں کے منگھوپیر میں پناہ لینے کی وجہ سے دو سالوں سے یہاں میلہ منعقد نہیں ہو پایا ہے۔

90 کی دہائی میں منگھوپیر کے میلے میں شریک ایک شیدی لڑکی۔
90 کی دہائی میں منگھوپیر کے میلے میں شریک ایک شیدی لڑکی۔

رینجرز اور پولیس کا جامع آپریشن علاقے کو کافی حد تک عسکری گروہوں سے خالی کروانے میں کامیاب رہا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ سالانہ میلے کا دوبارہ آغاز اس سال ہوگا۔

13 ویں صدی میں جب منگول عراق پر حملہ کر رہے تھے تو اس وقت پیر منگھو عراق سے یہاں تشریف لے آئے۔ منگھو نے جنوبی پنجاب اور صوبہء سندھ سے سفر کرتے ہوئے یہاں (موجودہ کراچی) میں سکونت اختیار کی تھی۔

اس وقت کراچی میں ماہی گیروں کے چھوٹے چھوٹے گاؤں آباد تھے، اور منگھو جس جگہ عبادت کرنے کے لیے ٹھہرے، وہ الگ تھلگ، ایک پہاڑی کے اوپر قائم اور کھجور کے درختوں سے گھری ہوئی تھی۔

جلد ہی ماہی گیروں کے دیہاتوں کے لوگوں نے ان کی پیروی شروع کر دی۔ جب ان کی وفات ہوئی تو مقامی لوگوں نے اسی جگہ پر چھوٹا سا مزار تعمیر کر دیا۔

بزرگ نے ہمیشہ ان مگر مچھوں کے پہلو میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا اور ممکن ہے کہ ان کے ساتھ کھانا بھی بانٹتے ہوں گے، اس لیے ایک دیومالائی کہانی نے جنم لیا کہ مگرمچھ اصل میں جوئیں تھیں جو کہ بزرگ کی معجزانہ طاقتوں سے مگر مچھوں میں تبدیل ہو گئی تھیں۔

15 ویں صدی کا ایک خاکہ جس میں مزار کا متولی مگرمچھ کو کھانا کھلا رہا ہے۔
15 ویں صدی کا ایک خاکہ جس میں مزار کا متولی مگرمچھ کو کھانا کھلا رہا ہے۔

مگر سائنسدان اور ماہرین آثار قدیمہ مانتے ہیں کہ اس علاقے میں بہت پہلے سے ہی ایک تالاب یا جھیل موجود تھی جس میں سینکڑوں مگر مچھ موجود تھے۔

ان کے مطابق جھیل ایک قدیم سیلاب کی وجہ سے وجود میں آئی اور مگر مچھ بھی سیلاب کے ساتھ بہہ کر یہاں تک آ پہنچے تھے۔

کاربن ڈیٹنگ کے مطابق یہاں ملنے والی ہڈیاں کانسی کے دور (3300-1200 قبلِ مسیح) سے تعلق رکھتی ہیں۔ ماہرین آثار قدیمہ کو یہاں کچھ پیتل کی قدیم اشیا بھی ملی ہیں جن پر موجود نقش و نگار سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں ہزاروں سال پہلے کانسی دور کا ایک قدیم گاؤں رہا ہوگا جہاں لوگ مگرمچھوں کی عبادت کرتے تھے۔

کہا جاتا ہے کہ 13ویں صدی میں جب بزرگ نے یہاں سکونت اختیار کی اور ان کی وفات ہوئی تھی، اس وقت علاقے میں بہت زیادہ سبزہ موجود تھا۔

منگھو پیر کا مزار 1901 میں۔
منگھو پیر کا مزار 1901 میں۔

سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ اس وقت تک مگرمچھ انسانوں سے مانوس ہو چکے تھے اور خوراک کے لیے بزرگ کے پیروکاروں پر انحصار کرنے لگے تھے۔

یہاں کبھی بھی مگرمچھ کے حملے کا واقعہ پیش نہیں آیا ہے، اور مگرمچھ بھی جارح نہیں ہیں، لیکن مزار کے مجاور پھر بھی ہمیشہ خبردار رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

مزار 1910 میں۔
مزار 1910 میں۔

نسل در نسل مگر مچھ یہیں پر جیتے، مرتے، جنم دیتے اور پیدا ہوتے رہے ہیں اور تمام مگرمچھ براہِ راست انہی مگر مچھوں کی نسل سے تعلق سے رکھتے ہیں جو صدیوں پہلے سیلاب کے ساتھ یہاں تک پہنچے تھے۔

دنیا میں دیگر مقامات پر پائے جانے والے مگرمچھوں کے برعکس مزار پر موجود مگرمچھ گوشت سے لے کر مٹھائی تک تقریباً سب کچھ کھا لیتے ہیں۔

سائنسدانوں کے نزدیک اس کی وجہ یہ ہے کہ نسل در نسل پیروکاروں کے ہاتھوں سے طرح طرح کی خوراک کھا کر اب یہ مگرمچھ تمام چیزیں کھانے کے عادی ہوگئے ہیں۔

2015 میں ایک عقیدت مند مگرمچھوں کو کھانا کھلا رہا ہے۔
2015 میں ایک عقیدت مند مگرمچھوں کو کھانا کھلا رہا ہے۔

انگلش میں پڑھیں۔

ندیم ایف پراچہ

ندیم ایف پراچہ ثقافتی تنقید نگار اور ڈان اخبار اور ڈان ڈاٹ کام کے سینئر کالم نگار ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی معاشرتی تاریخ پر اینڈ آف پاسٹ نامی کتاب بھی تحریر کی ہے۔

ٹوئٹر پر فالو کریں:NadeemfParacha@

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

یمین الاسلام زبیری Feb 26, 2016 07:14pm
بہت اچھا مضمون ہے۔ یقینا یہاں جگہ زیادہ نہیں تھی ورنہ تو اس موضوع پر تو کئی صفحے کا مضمون بھی لکھا جا سکتا ہے۔ یہ ضرور ہے کہ ندیم صاحب نے اس مختصر سی تحریر میں بہت زیادہ معلومات جمع کردی ہیں۔ ترجمہ کرنے والے نے پرشین کا ترجمہ فارسی کردیا ہے، جو کہ ایرانی ہونا چاہیے تھا۔ انگریزوں کے زمانے میں اس جگہ کے بارے میں اس دور کے مشہور مصنف اور سندھ میں انگریزوں کے جاسوس رچرڈ برٹن صاحب نے بھی لکھا ہے؛ اوپر ذکر موجود ہے لیکن نام نہیں دیا گیا ہے۔ رچرڈ برٹن صاحب نے ویسے، جہاں تک میں جانتا ہوں، سندھ اور یہاں کے لوگوں کی مدد ہی کی تھی۔ ان کی تحریریں کراچی کے ساحلی علاقوں کے بارے میں بھی ہیں۔
اللہ بخش Feb 27, 2016 01:00pm
یے کراچی کے صدیون پرانے علاقے منگھو پیر کے حوالے سے ڈان نیوز کی جانب سے لکھا گیا مضمون قابل تعریف ہے اور اس مضمون پر دکھائے گئی تصاویر پر لکھا ہوا اسکر پٹ کی تو بات ہی الگ ہے ۔۔ دادو سے اللہ بخش خشک 03103424436

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024