پاکستان کوآئی سی سی وارننگ کی خبریں بے بنیاد
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے حوالے سے وارننگ دیے جانے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
ایک برطانوی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا آئی سی سی نے اپنے بیان میں پاکستان کے ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سیکیورٹی خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ہندوستانی بورڈ کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔
خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی نے وارننگ دی کہ اگر پاکستان نے ہندوستان میں نہ کھیلنے کی کوئی ٹھوس وجہ پیش نہ کی تو اسے سخت قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے.
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر حکومت پاکستان سیکیورٹی خدشات کے سبب ٹیم کو ہندوستان میں کھیلنے کی کلیئرنس نہیں دیتی تو ہم آئی سی سی سے پاکستان کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میچز نیوٹرل مقام پر کرانے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کےچیئرمین نجم سیٹھی نے اس خبر کو یکسر رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کو کسی بھی قسم کی وارننگ جاری نہیں کی۔
ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم کی شرکت کے حوالے سے آئی سی سی نے ہم سے پوچھا ہے جس کے جواب میں واضح کیا جا چکا ہے کہ عالمی ایونٹ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے حکومت کو خط لکھا ہوا اور بورڈ اس کے جواب کا منتظر ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوئی، نہ آئی سی سی نے ہم سے زیادہ پوچھا ہے اور نہ ہم نے کوئی رابطہ کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ سیریز کے حوالے سے معاملات طے کرنے کیلئے ہندوستان گئے تھے جہاں انہوں نے ہندوستانی کرکٹ کے سربراہ ششانک منوہر سے ملاقات کرنی تھی۔
تاہم انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی کے منصوبوں کو سبوتاژ کرتے ہوئے ہندوستان کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے دفتر پر دھاوا بول دیا.
شیو سینا کے کارکنوں نے ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں واقع بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کے ہیڈکوارٹر پر دھاوا بول دیا، جن کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان سے وطن واپسی کا مطالبہ کیا جارہا تھا.
انتہا پسند تنظیم کے کارکنوں نے بی سی سی آئی کے چیئرمین ششانک منوہر کے دفتر میں داخل ہو کر پی سی بی چیئرمین شہریار خان سے ملاقات سے روکنے کی غرض سے ان کی میز کا گھیراؤ کر لیا.
صرف یہ ہی نہیں بلکہ شیو سینا نے ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کی امپائرنگ کیلئے موجود پاکستانی امپائر علیم ڈار کو امپائرنگ نہ کرنے کی دھمکی دی تھی جبکہ ہندوستان میں موجود پاکستانی فنکاروں کو بھی ملک چھوڑنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔