وی آئی پی کلچر پر طنز ایک نئے انداز میں
ہم میں سے ہر ایک کبھی نہ کبھی وی آئی پی پروٹوکول کلچر کی وجہ سے ٹریفک جام کا شکار ضرور ہوا ہے یا کسی تقریب میں وی آئی پی کی آمد پر 'عام عوام' کو 'پیچھے دھکیلنے' یا 'سائیڈ پر لگانے' کے مناظر بھی سب نے ہی دیکھ رکھے ہوں گے.
حال ہی میں کراچی کے سول ہسپتال میں ٹراما سینٹر کے افتتاح کے لیے آنے والے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے پروٹوکول کے باعث ایک بچی کی ہلاکت بھی سب کو ہی یاد ہوگی، جس نے لوگوں کو وی آئی پی کلچر کے خلاف احتجاج پر مجبور کردیا تھا.
وی آئی پی کلچر کے خلاف احتجاج کے لیے آپ دھرنا بھی دے سکتے ہیں، کوئی چھوٹی موٹی ریلی بھی نکال سکتے ہیں لیکن کامیڈین دانش علی نے وی آئی پی کلچر کے خاتمے کے لیے ایک ویڈیو بنا ڈالی، جو مزاح سے بھرپور ہونے کی وجہ سے آپ کو ہنسنے پر مجبور کردے گی.
ویڈیو یہاں دیکھیں:
ویڈیو میں دانش علی نے ایک 'وی آئی پی ہیلمٹ' فروخت کرنے کی کوشش کی ہے، جس پہن کر آپ کو بالکل وی آئی پی شخصیات جیسے ہی فوائد اور مراعات حاصل ہوجائیں گی اور اس کی جلتی بھجتی سرخ اور نیلی لائٹوں اور مخصوص سائرن کی وجہ سے آپ سے بالکل پاکستان کی وی آئی پی شخصیات جیسا برتاؤ کیا جائے گا.
دانش علی کے مطاق، یہ ہیلمٹ آپ کے لیے ہی ہے، اگر آپ کی دفتر میں پروموشن نہیں ہورہی، کیونکہ آپ کے کوئی 'چاچا' وزیر نہیں ہیں، یا آپ ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے ہیں، یا آپ کو پولیس کی جانب سے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا ہے یا آپ ڈبل ماسٹرز ہیں لیکن پھر بھی آپ کو وی آئی پی کے 'انکل کے بیٹے' سے بھی کم عزت ملتی ہے.
اور تو اور یہ 'وی آئی پی ہیلمٹ' بینک فراڈ کرنے اور قطار توڑنے میں بھی مدد دے گا اور بیوی، بچوں کو بھی تمام مراعات دلانے میں اس کا اہم کردار ہوسکتا ہے.
خیر اس خیال سے تو سب ہی متفق ہیں کہ وی آئی پی کلچر کو اب ختم ہو جانا چاہیے، لیکن اس وی آئی پی ہیلمٹ کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔