• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی آئی اے ملازمین قتل: 'مشکوک' شخص سامنے آ گیا

شائع February 6, 2016
مشکوک قرار دیا گیا شخص احتجاج میں شریک ملازم میر واثق علی تھا —۔ فوٹو/ ڈان نیوز
مشکوک قرار دیا گیا شخص احتجاج میں شریک ملازم میر واثق علی تھا —۔ فوٹو/ ڈان نیوز

کراچی : پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے ملازمین کے قتل میں ملوث ہونے کے شبہ میں رینجرز کی جانب سے مشکوک قرار دیا گیا شخص ادارے کا ہی ملازم نکلا۔

واضح رہے کہ 2 جنوری کو کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ملازمین کی ریلی میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر سہیل بلوچ نے دعویٰ کیا تھا کہ ملازمین رینجرز کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے جبکہ رینجرز کے ساتھ ساتھ پولیس نے فائرنگ کی تردید کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : پی آئی اے ملازمین کا قتل: مشکوک شخص کی تلاش
رینجرز نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں نقاب پوش شخص کو مشکوک قرار دیا گیا تھا، تاہم اس شخص کو مسلح یا کسی پر حملہ کرتے ہوئے نہیں دیکھا گیا

بعد ازاں رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) بلال اکبر نے بریگیڈیئر کی قیادت میں ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کی، جس نے دو روز قبل ایک ویڈیو جاری کی، اس ویڈیو میں ایک نقاب پوش شخص کو مشکوک ظاہر کیا گیا تھا۔

پی آئی اے کے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کراچی میں واقع ہیڈ آفس میں آج ایک شخص کو کمیٹی کے سربراہ سہیل بلوچ نے میڈیا کے سامنے پیش کیا۔

سہیل بلوچ نے مذکورہ شخص سے اُسی طرح دوبارہ نقاب پہننے کا بھی کہا جس طرح اُس نے ریلی کے دوران آنسو گیس سے بچنے کے لیے پہنا تھا.

مزید پڑھیں : پی آئی اے کے ملازمین کا احتجاج، 2 افراد قتل

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ رینجرز کی جانب سے مشکوک قرار دیا گیا شخص پی آئی اے کے فائر ڈپارٹمنٹ کا ملازم ہے اور اس کا نام میر واثق علی ہے۔

سہیل بلوچ کے مطابق جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اس حوالے سے رینجرز کو بھی آگاہ کر دیا ہے کہ مذکورہ شخص مشکوک نہیں ہے بلکہ وہ پی آئی کا ملازم ہے، جس کے بعد اس کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا.

واضح رہے کہ رینجرز کی جانب سے مشکوک قرار دیئے گئے شخص کی شناخت تو سامنے آ گئی ہے لیکن ہلاک ہونے والے 2 افراد کے قتل کا معمہ اب تک حل نہ ہوسکا.

دوسری جانب ملازمین کے قتل کے بعد 5 روز سے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بند ہے اور 200 سے زائد فلائٹس منسوخ ہو چکی ہیں، جبکہ پی آئی اے چیئرمین ناصر جعفر بھی واقعے کے بعد استعفیٰ دے چکے ہیں.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai of Shewa Feb 07, 2016 01:20am
پی ائی اے احتجاجی لیڈر نے مشکوک ادمی کو پیش کرکے اپنا کیس مظبوط کردیا ھے اس معاملے میں رینجرز والے بیک فٹ پر ھیں

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024