• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

کپل شرما کا نیا کامیڈی شو اب 'سونی' پر؟

شائع February 4, 2016
کپل شرما—۔
کپل شرما—۔

ہندوستانی ٹی وی 'کلرز' کے مقبول شو 'کامیڈی نائٹس ود کپل' کی بندش کے بعد کپل شرما کے فینز ان کی واپسی کے لیے بے تاب تھے اور اب اُن کے لیے خوشخبری ہے کہ کپل بہت جلد اپنی ٹیم کے ساتھ 'کامیڈی اسٹائل' کے نام سے ایک نئے شو کا آغاز کرنے والے ہیں۔

کپل شرما کا شو 'کامیڈی نائٹس ود کپل' 2013 میں شروع ہوا، جس نے انھیں شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچا دیا، لیکن چینل انتظامیہ کے ساتھ کچھ اختلافات کے بعد گذشتہ ماہ جنوری میں یہ شو بند کردیا گیا اور اب اسے ابھیشیک کرشنا 'کامیڈی نائٹس لائیو' کے نام سے چلا رہے ہیں.

مزید پڑھیں:کپل-کرشنا اختلاف کامیڈی نائٹس کے اختتام کی وجہ؟

تاہم کپل کے مداح شو سے ان کی غیر موجودگی پر خوش نہیں اور انھوں نے اس حوالے سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی ناراضگی کا اظہار بھی کیا، جس میں کپل کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا.

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق کپل اب ایک نئے کامیڈی شو کے ساتھ 'سونی' ٹی وی پر نظر آئیں گے اور امکان ہے کہ یہ شو رواں برس کے وسط میں شروع کیا جائے گا.

کپل کے شو سے 'گتھی' کے نام سے شہرت حاصل کرنے والے سنیل گروور بھی اس نئے شو کا حصہ ہوں گے، جنھوں نے ٹوئٹر پر اپنی تصویر کے ساتھ اس بات کا اشارہ دیا ہے.

دوسری جانب شو میں 'دادی' کے کردار کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار علی اصغر نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ وہ اب دوبارہ کبھی ’دادی‘ نہیں بنیں گے.

علی اصغر کا کہنا تھا کہ وہ 3 سال سے 'دادی' کا کردار ادا کرتے آرہے ہیں اور اب شو بند ہونے کے ساتھ ہی وہ بھی اس کردار کو دوبارہ ادا نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:’اب کبھی دادی نہیں بنوں گا'

شو کے دوسرے اداکاروں کے حوالے سے علی کا کہنا تھا ’باقی اداکار اس شو میں مختلف کردار ادا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں البتہ میں 3 سال سے 'دادی' کا کردار ہی کررہا ہوں۔ اب شو کسی اور چینل پر نشر کیا جائے گا اور اگر میری جگہ کوئی اور 'دادی' کا کردار ادا کرے تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں‘۔

کپل شرما کی میزبانی میں 'کامیڈی نائٹس ود کپل' ہندوستان کا مقبول ترین شو تھا، جسے پاکستان میں بھی یکساں مقبولیت حاصل تھی، اب دیکھنا یہ ہے کہ ان کا نیا شو کتنی مقبولیت حاصل کرپاتا ہے اور یہ بھی کہ کپل کی ٹیم میں سے کون کون نئے شو کا حصہ بنے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024