پاکستان فوج کی سیاچن میں لاپتہ انڈین سپاہیوں کیلئے مدد کی پیشکش
راولپنڈی: پاکستان فوج نے سیاچن میں برفانی تودے تلے دب کر لاپتہ ہونے والے 10ہندوستانی فوجیوں کے ریسکیو کیلئے نئی دہلی کو معاونت کی پیشکش کی ہے۔
پاکستان فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس آپریشنز (ڈی جی ایم او ) نے جمعرات کو اپنے ہندوستانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور معاونت کی پیشکش کی۔
ہندوستان فوج کے ترجمان کرنل ایس ڈی گوسوامی نے بتایا کہ بدھ کو 10 فوجی اہلکار 19 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع گلیشیئر کی جنوبی پوسٹ پر ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے برفانی تودے تلے دب گئے۔
انہوں نے بتایا کہ اہلکاروں کی تلاش کے لیے فوج اور فضائیہ کی خصوصی ٹیموں نے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ سیاچن گلیشیئر کو دنیا کا بلند ترین میدان جنگ کہا جاتا ہے، جہاں موسم سرما کے دوران برفانی تودے گرنے کے واقعات عام ہیں اور درجہ حرارت منفی 60 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے۔
گزشتہ ماہ بھی اس پہاڑی سلسلے میں برفانی تودہ گرنے سے 4 ہندوستانی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 2015 میں 4 فوجی اہلکار اُس وقت ہلاک ہوئے جب ان کی گاڑی لیھ کے مقام پر برفانی تودے تلے دب گئی تھی۔
سیاچن گلیشیئر پر 1984 سے اب تک تقریباً 8 ہزار فوجی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔ ان میں سے بیشتر ہلاکتیں برفانی تودہ گرنے، جما دینے والی سردی اور حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئیں.
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔