• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

احتجاجی ملازمین کا عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

شائع February 3, 2016
چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی سہیل بلوچ — ڈان نیوز فوٹو
چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی سہیل بلوچ — ڈان نیوز فوٹو

کراچی: چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی سہیل بلوچ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کے احتجاج کا دائرہ بڑھانے اور مظاہرین کی ہلاکت پر سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ احتجاج سے متعلق نئے لائحہ عمل کا اعلان کل صبح کیا جائے گا جبکہ جمعرات کو ہی ظہر کے بعد ہلاک ہونے والے ملازمین کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ مسئلہ جلد حل ہوجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کل صبح 8 بجے سے ایئر پورٹ پر موجود ہوں گے اور دھرنا جاری رہے گا، توقع ہے کہ مظاہرین پر فائرنگ کا مقدمہ کل تک درج ہوجائے گا۔

سہیل بلوچ نے کہا کہ فلائٹ آپریشن بند ہونے سے لوگوں کو تکلیف ہوئی اس کیلیے معذرت خواہ ہیں، تاہم مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا اور کل بھی فضائی آپریشن بند رکھا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ سے ہونے والی ہلاکتوں کے شواہد مٹانے کیلیے جائے وقوعہ کو دھو دیا گیا، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے 4 رہنما لاپتہ ہیں، جن کے بارے میں چیف سیکریٹری سندھ اور صوبائی وزیر داخلہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

سہیل بلوچ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماء نجمی عالم نے یقین دلایا ہے کہ لاپتہ رہنماء پولیس کی حراست میں نہیں تاہم چیف سیکرٹری سندھ اور کمشنر کراچی نے کہا کہ اگر یہ لوگ کسی ایجنسی کی تحویل میں ہیں تو وہ کوشش کریں گے کہ آج شام تک انہیں رہا کردیا جائے۔

خیال رہے کہ نجکاری کے خلاف پی آئی اے میں مزدور تنظیموں کے اتحاد جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں قومی ایئر لائن کا فضائی آپریشن بدستور معطل ہے۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ، اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ، پشاور کے باچاخان انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کوئٹہ ایئر پورٹ، ملتان ایئر پورٹ اور فیصل آباد ایئر پورٹ سے سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق پی آئی اے کی 100 کے قریب بین الاقوامی اور قومی پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق منسوخ ہونے والی پروازوں میں دبئی، چین، جدہ اور دوحہ سے اسلام آباد جبکہ کوالالمپور، دبئی اور دوحہ سے پشاور آنے والی انٹرنیشنل پروازیں شامل ہیں.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024