دنیا بھر کے 20 روایتی عروسی ملبوسات
دنیا کے ہر علاقے کی دلہن جانتی ہے کہ شادی کا دن عروسی لباس کا ہی ہوتا ہے۔
بیشتر ممالک میں دلہن کا لباس وہاں کی ثقافت کا اظہار ہوتا ہے، اس کا رنگ، ساخت اور دیگر تفصیلات اس جگہ، مذہب وغیرہ کی روایات کی عکاسی کرتے ہیں۔
جیسے ترکی میں دلہن ایک سرخ 'دوشیزگی' کی بیلٹ خوش قسمتی کی علامت کے طور پر پہنتی ہے، اریٹیریا میں دلہن گہرے رنگ کے ریشمی تاج اور جامنی و گولڈ عبادے کو زیب تن کرتی ہیں۔
تو دنیا بھر کی خواتین کے عروسی ملبوسات کو دیکھ کر وہاں کی ثقافتی روایات کا اندازہ کریں۔
ترکی
ترکی میں شادی کے دن دلہن کے اپنے باپ کے گھر سے رخصتی سے قبل کوئی بھائی یا انکل ایک سرخ رنگ کی دوشیزگی بیلٹ اس کی کمر کے گرد باندھ دیتا ہے۔ یہ رنگ خوش قسمتی اور خوشی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
بلغاریہ
بلغاریہ کے علاقے ریبنوو میں دلہن اپنے چہرے پر سفید رنگ مل لیتی ہے اور رنگا رنگ لبادے میں ملبوس ہوتی ہے۔ یہ روایت صدیوں پرانی ہے اور دو روزہ تقریب کی سب سے نمایاں چیز سمجھی جاتی ہے۔
سری لنکا
سری لنکن دلہنیں مشرقی اور مغربی روایات کے امتزاج سے سجی نظر آتی ہیں یعنی بہت زیادہ کڑائی والی ریشمی ساڑھی اور یورپی طرز کا نقاب۔ دلہن کا زیور مفرد عدد پر مشتمل قیمتی پتھروں پر مشتمل ہوتا ہے۔
تاجکستان
تاجکستان میں ایک دلہن روایتی سفید لباس زیب تن کرتی ہے اور کئی روزہ تقریب کے دوران وہ لبادے کو تبدیل کرتی رہتی ہے۔
انڈونیشیا
انڈونیشن خواتین شادی سے تین دن قبل اپنے ناخنوں، ہاتھوں اور پیروں کو مہندی سے سجاتی ہیں۔
پاکستان
شوخ سرخ، گلاب اور جامنی رنگ عام طور پر پاکستانی دلہنوں کی شادی کے دن کا انتخاب ہوتے ہیں۔
ہندوستان
سولہ سنگھار کے ساتھ ساتھ ہندوستانی دلہنیں سرخ ساڑھی یا لہنگے کا انتخاب کرتی ہیں۔ سولہ سنگھار کی روایت کے دورنا سر سے پاﺅں تک خود کو سجایا جاتا ہے۔
کینیا
کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں دلہن تین نقاب لیتی ہے، ایک سر کے اوپر ہوتا ہے، ایک سے چہرہ ڈھانپا جاتا ہے اور ایک موٹا سفید کپڑا جسے سر کے گرد لپیٹ لیا جاتا ہے۔
اریٹیریا
روایتی اریٹیرین شادی میں سیاہ رنگ کا ریشمی تاج اور جامنی و گولڈ چوغہ دلہا دلہن کے لباس کا حصہ ہوتا ہے۔
تبت
تبت میں شادی سے ایک دن قبل دلہا اپنی دلہن کو عروسی لباس اور زیورات کا تحفہ دیتا ہے جس میں سر پر پہننے کے لیے چوٹیاں بھی شامل ہوتی ہیں۔
فلسطین
فلسطین میں دلہنیں بے داغ سفید لباس کا انتخاب کرتی ہیں، اس لباس کو شادی سے ایک رات قبل پہن لیا جاتا ہے جبکہ دلہن کی ماں اس پر اپنے ہاتھ سے کڑھائی کرتی ہے۔
پیرو
پیرو کے شہر لیما میں عام طور دلہنیں سرخ اور سیاہ لبادے کو پسند کرتی ہیں جس پر کاٹن کی کئی تہیں ہوتی ہیں جبکہ کڑھائی بھی کی جاتی ہے۔
اردن
اردن میں بھی دلہنیں روایتی طور پر سفید ملبوسات جبکہ سونے یا چاندی کے زیورات کا استعمال کرتی ہیں۔ اکثر ایک سبز ریشمی کپڑا سر پر باندھا جاتا ہے جو تحفظ اور ہم آہنگی کی علامت مانا جاتا ہے۔
مالی
مالی میں جو چوغہ استعمال کرتی ہیں اسے کفتان کہا جاتا ہے جو کہ دلہا کے لباس کے رنگ جیسا ہوتا ہے۔ اگرچہ سفیدرنگ کافی عام ہے مگر کچھ شادیوں میں جامنی رنگ کو بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
کوریا
روایتی کورین روایات کے مطابق دلہنیں جو لباس شادی کے دن پہنتی ہیں وہ ہزاروں سال سے چلا آرہا ہے اور اسے ہانبوک کہا جاتا ہے۔
جاپان
برف جیسے سفید رنگ کے کمیونو روایتی طور پر دلہن کا لباس مانا جاتا ہے، جبکہ سر پر ریشمی چوٹیاں ہوتی ہیں جو اس بات کا اشارہ ہوتی ہے کہ یہ دلہن اطاعت شعار بیوی بننے کے لیے تیار ہے۔
مراکش
مراکشی دلہن شادی کی تقریبات کے لیے سفید رنگ کے تین ملبوسات کو استعمال کرتی ہے، رخصتی کے دن وہ سفید چوغہ کا استعمال کرتی ہے جو کہ اس کے خاندان کے علاقے کی عکاسی کرتا ہے۔
نائیجریا
ایک نائیجریا دلہن اپنی زندگی کے اہم دن پر شوخ رنگ کے لبادے کو پہننا پسند کرتی ہے جو کہ عام طور پر درآمدی کپڑے سے تیار کیا جاتا ہے۔
چیچنیا
اس مسلم خطے میں دلہن سفید گاﺅن سے سجی ہوتی ہیں جبکہ ایک سلور بیلٹ کمر پر ہوتی ہے جو کہ ماں کی جانب سے بیٹی کو دی جاتی ہے۔
اٹلی
ایک اطالوی دلہن نیلے یا سبز لباس یا تاج کو پہنتی ہے، یہ رنگ خوش قسمتی کی علامت سمجھے جاتے ہیں تاہم کچھ دلہنیں رواتی سفید گاﺅن کا انتخاب بھی کرتی ہیں۔
تبصرے (19) بند ہیں