عینی اور عثمان فلم ‘بالو ماہی’ میں کاسٹ
پاکستانی ڈرامہ سیریل 'داستان' سے شہرت پانے والے ہدایت کار ھیثم حسین ایک فلم 'بالو ماہی' بنا رہے ہیں جس میں اداکارہ عینی جعفری اور عثمان خالد بٹ مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔
عثمان 'ذبح خانہ' اور 'سلاکستان' جیسی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جب کہ ٹی وی اسکرین پر وہ حال ہی میں نشر ہوئے ڈراما 'دیار دل' سے نظر آئے۔
ان کا ڈراما 'عون زارا' پاکستان میں کامیابی کی بلندیوں کو چھونے کے بعد پڑوسی ملک ہندوستان میں بھی کافی پسند کیا گیا۔
اداکارہ عینی جعفری بھی اپنے ڈراما 'اسیر زادی' اور فلم 'میں ہوں شاہد آفریدی' میں کیے گئے کردار سے جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے فلم 'برقعہ ایونجر' میں بھی مرکزی کردار کو اپنی آواز دی تھی۔
فلم 'بالو ماہی' ایک رومانوی مزاحیہ فلم ہو گی تاہم ابھی تک اس کی ریلیز کی تاریخ سامنے نہیں آئی ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.