سعودیہ-ایران کشیدگی: 'پاکستان’ثالثی کیلئے تیار‘
لاہور: وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان ’مناسب وقت‘ آنے پر سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرے گا۔
لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹ کی تقریب کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اور یہ صوت حال ہم سے سفارتی نقطہ نظر سے متوازن رہنے کا مطالبہ کررہی ہے۔
’جب صحیح وقت آئے گا ، جو کہ ایک ہفتے یا ایک ماہ میں ممکن ہے، پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اپنی سلامتی پر خصوصی توجہ کے ساتھ ساتھ اپنے مفادات کے تحفظ میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ’ہم نہیں چاہتے کہ مسلکی اختلافات کو ہوا ملے، اس لیے، جو کچھ کہا جائے اور کیا جائے وہ سب انتہائی احتیاط کے ساتھ ہو‘۔
’ہم نہیں چاہتے کہ دہشت گرد عناصر سعودیہ-ایران کشیدگی کا فائدہ اٹھائیں‘۔
پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اس کی تحقیقات کررہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں شیخ نمر النمر کو 46 دہشت گردوں کے ساتھ سزائے موت دیئے جانے کے واقعے کے بعد ایران میں مظاہرین نے سعودی سفارت خانے کو جلادیا تھا۔
اس واقعے کے بعد سعودی عرب نے ایرانی سفارتی عملے کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا اور دونوں ممال ککے درمیان سفارتی تعلقات نا صرف ختم بلکہ مزید کشیدہ صورت حال اختیار کر گئے تھے۔
یہ بھی یاد رہے کہ سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد خلیجی ممالک نے ایران سے سفارتی تعلقات ختم کردیئے ہیں۔
دوسری جانب، اس موقع پر موجود وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کی ہے، اور وزیراعظم نواز شریف نے چوہدری نثار سے سندھ حکومت کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کی جانب سے آپٹیکل فائبر کے اٹھائے گئے مسئلے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے پرویز رشید نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ خٹک اس حوالے سے ٹیکنکل چیزوں کے بارے میں نہیں جانتے۔ ’جب میں خٹک سے ملاقات کروں گا وہ سمجھ جائیں گے‘۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے نیشنل کالج آف آرٹس کے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں اس کی اپنی ایک منفرد شناخت ہے۔
یہ خبر 10 جنوری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں