مرسڈیز کی شکل بدل لینے والی گاڑی متعارف
گاڑیوں کی معروف کمپنی مرسڈیز بینز نے اپنی ' کانسیپٹ انٹیلی جنٹ ایروڈائنامک آٹوموبائل' نامی گاڑی لاس ویگاس میں جاری سی ای ایس ٹیکنالوجی نمائش کے دوران متعارف کرادی۔
کمپنی نے اس کے انٹرفیس میں اضافہ کیا ہے اور گاڑی کے اندر صارفین کے لیے ایسی سہولیات دی گئی ہیں جو اس سے پہلے دیکھنے میں نہیں آئیں۔
مرسڈیز نے مستقبل کی اس گاڑی کے لیے چپ میکر نیویڈیا اور دی فاﺅنڈری سے اشتراک کیا ہے جو گاڑی میں رئیل ٹائم میں تھری ڈی رینڈرنگ ظاہر کرنے میں مدد دیں گے۔
اس گاڑی میں نیویڈا ڈرائیو نامی نیا آرٹی فیشل انٹیلی جنس کمپیوٹر بھی موجود ہے۔
اس گاڑی کی ایک جھلک گزشتہ سال فرینکفرٹ میں ہونے والے آٹو شو کے دوران متعارف کرائی گئی تھی۔
یہ مرسڈیز کی پہلی گاری ہے جو رفتار پکڑنے پر اپنا ڈیزائن تک بدل سکتی ہے تاکہ ڈرائیونگ زیادہ موثر طریقے سے کی جاسکے۔
مثال کے طور پر جب گاڑی کی رفتار 50 میل فی گھنٹہ ہوتی ہے تو اس کے اگلے اور پچھلے حصے کا ڈیزائن بدل جاتا ہے اور اس کی ساخت زیادہ ایرو ڈائنامک ہوجاتی ہے۔
اس مرسڈیز میں وائرلیس نیٹ ورکنگ سسٹم بھی نصب ہیں تاکہ یہ دیگر گاڑیوں سے رابطہ کرکے ٹریفک حادثات سے بچ سکے۔
تاہم یہ گاڑی ابھی آزمائشی مراحل میں ہے اور اس کو سڑکوں پر آنے کے لیے مزید 4 سے 5 سال کا عرصہ درکار ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔