’2016 دہشت گردی کے خاتمے کا سال ہوگا‘
گوادر: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ انہیں پورا یقین ہے کہ سال 2016 دہشت گردی کے خاتمے اور یکجہتی کا سال ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف گوادر پہنچے، انہوں نے تلار اور تربت کا دورہ بھی کیا۔
اپنے دورے کے دوران جنرل راحیل شریف نے بلوچ عمائدین سے ملاقات کی، جس دوران ان کا کہنا تھا کہ انہیں پورا یقین ہے سال 2016 دہشت گردی کے خاتمے اور یکجہتی کا سال ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : آرمی چیف نے 9 دہشت گردوں کی پھانسی کی توثیق کردی
انہوں نے کہا کہ انشا اللہ قوم کے تعاون سے ساتھ دہشت گردی، جرائم اور کرپشن کے گٹھ جوڑ کو توڑ کر انصاف اور امن کی راہ ہموار کریں گے۔
قبل ازیں آرمی چیف نے ملٹری کورٹس سے سزائے موت پانے والے 9 خطرناک دہشت گردوں کی پھانسی کی توثیق کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ فوجی عدالتوں نے ان دہشت گردوں کو راولپنڈی پریڈ لین مسجد، آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر ملتان، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، شہریوں کے اغواء اور قتل کے جرم ثابت ہونے پر پھانسی کی سزا سنائی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.