'مشرف نے بگٹی کے قتل پر معافی مانگی'
کوئٹہ: نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے ان کے والد کے قتل پرمعافی مانگی جسے قبول نہیں کیاگیا۔
کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت میں نواب اکبر خان بگٹی کے صاحبزادے جمیل بگٹی نے کہا کہ مشرف کے وکیل نے ان سے رابطہ کرکے اکبربگٹی کا قتل معاف کرنے کی درخواست کی۔
جمیل بگٹی کے مطابق وکیل نے تنہائی میں ملاقات کی درخواست کی جسے مسترد کردیا گیا۔
دوسری جانب طرف آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) نے جمیل بگٹی کے بیان کوبے بنیاد قرار دیا ہے۔
اے پی ایم ایل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمدامجد کے مطابق پرویز مشرف نے جمیل بگٹی سے کوئی معافی طلب نہیں کی۔
ڈاکٹر امجد نے واضح کیا کہ پرویز مشرف اکبر بگٹی کے قتل میں ملوث نہیں تھے۔
ادھر کوئٹہ میں اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت ہوئی۔
جمیل اکبربگٹی نے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے اکبر بگٹی کی قبرکشائی کی درخواست دی جسے عدالت نے سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کونوٹس جاری کردیے۔
مقدمہ کی مزید سماعت 13 جنوری کوہوگی جس میں ملزمان کی طرف سے دائر بریت کی درخواست پر فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔
نواب اکبر بگٹی 26 اگست 2006 کو بلوچستان کے ضلع کوہلو میں پرویز مشرف کے دورِ حکومت میں ایک فوجی آپریشن میں ہلاک ہوگئے تھے۔
ان کےبیٹے نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی نے سابق صدر، سابق وزیرِ اعظم شوکت عزیز اور دیگر اعلیٰ حکام کو اس قتل کا ذمے دار ٹھہرایا تھا۔
تبصرے (4) بند ہیں