• KHI: Fajr 5:26am Sunrise 6:44am
  • LHR: Fajr 5:02am Sunrise 6:25am
  • ISB: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • KHI: Fajr 5:26am Sunrise 6:44am
  • LHR: Fajr 5:02am Sunrise 6:25am
  • ISB: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am

ہندوستان: داعش میں شمولیت کےخواہشمند 3نوجوان گرفتار

شائع December 26, 2015
نوجوانوں کو ناگ پور ایئر پورٹ پر جہاز میں سوار ہونے کے بعد گرفتار کیا—۔ فوٹو/ بشکریہ انڈین ایکسپریس
نوجوانوں کو ناگ پور ایئر پورٹ پر جہاز میں سوار ہونے کے بعد گرفتار کیا—۔ فوٹو/ بشکریہ انڈین ایکسپریس

ناگ پور : ہندوستان سے داعش میں شمولیت کے لیے جانے والے 3 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

ہندوستانی خبر رساں ادارے انڈیا ٹوڈے نے رپورٹ کیا ہے کہ مہاراشٹرا کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) اور تلنگانہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ناگ پور کے بابا صاحب امبیکر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تینوں نوجوانوں کو گرفتار کیا.

میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار کیے گئے تینوں نوجوان طالبعلم ہیں جبکہ ان کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں.

تینوں نوجوان حیدر آباد کے رہائشی ہیں جو بس کے ذریعے ناگ پور آئے تھے اور ہندوستان کی نجی ایئر لائن انڈیگو کے ذریعے سری نگر جانا چاہتے تھے۔

یہ نوجوان 2 روز قبل گھر سے روانہ ہوئے تھے جس کے بعد ان کے خاندانوں نے تلنگانہ پولیس کے پاس رپورٹ درج کروا دی تھی، جس پر پولیس نے اے ٹی ایس کو مطلع کیا اور اے ٹی ایس نے جلد ہی نشاندہی کر لی کہ یہ تینوں جہاز سے سری نگر جانے والے ہیں۔

واضح رہے کہ شام اور عراق کی شدت پسند تنظیم داعش میں ہندوستان سے نوجوانوں کی شمولیت میں تیزی آتی جا رہی ہے.

قبل ازیں ہندوستانی سیکیورٹی اداروں نے دو افراد کو گرفتار کیا تھا، ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یہ افراد افغانستان جانا چاہتے تھے۔

گزشتہ ہفتے پونے کالج کی ایک 16 سالہ طالبہ کو حراست میں لیا گیا تھا جو راجستان سے گرفتار ہونے والے داعش کے ایک مبینہ رابطہ کار سے رابطے میں تھی۔

ہندوستان ٹائمز نے ایک اور رپورٹ میں بتایا تھا کہ یہ لڑکی مبینہ طور پر داعش میں شمولیت کے لیے شام جانا چاہتی تھی۔

خیال رہے کہ داعش میں یورپ سے نوجوانوں کی بڑی تعداد کی شمولیت کی رپورٹس سامنے آتی رہی ہیں، تاہم اب داعش ایشیائی ممالک کی جانب توجہ دے رہی ہے۔

4 ماہ قبل ہندوستان کے ایک ہزار سے زائد علماء نے ایک فتویٰ جاری کیا تھا جس میں داعش کو غیر اسلامی قرار دیا گیا تھا.

واضح رہے کہ ہندوستان نے گزشتہ سال دسمبر 2014 میں شدت پسند تنظیم پر پابندی عائد کر کے داعش کو کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا تھا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

کارٹون

کارٹون : 8 نومبر 2024
کارٹون : 7 نومبر 2024