• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

چیخیں

شائع December 16, 2015

اسکول سے وآپس آتے ہی وہ تقریباً دوڑتا ہوا اسٹور میں جا گھسا اور بار بار کیا ایک بار کی بھی تنبیہ کے بغیر لباس تبدیل کر کے باہر نکلا۔ ماں نے مشکوک انداز اور دبی مسکراہٹ کے ساتھ اسے دیکھا جیسے جان چکی ہو کہ اس عجلت کا سبب کیا ہے مگر وہ نظریں چرا گیا اور بہت بھوک لگی ہے کا نعرہ بلند کرتے ہوئے کھانے کا طلبگار ہوا۔

کھانا کھانے کے بعد کچھ دیر کو لیٹا اور پھر جیسے اسے گھر سے نکلنے کی جلدی ہو بستہ اٹھایا اور "ٹیوشن جا رہا ہوں" کہتے ہوئے ماں سے ماتھے پر بوسہ لیا اور باہر کی جانب دوڑ گیا۔ اس تابع داری اور عجلت کی اس کے سوا کوئی وجہ نہیں تھی کہ آج بھی اسکول میں کھیلتے ہوئے گرنے کے باعث اس کے کپڑے گندے ہوچکے تھے۔ اس پر چھٹی کے قریب ایک ہم جماعت کہ پین چھڑکنے کے باعث سیاہی کے داغوں نے اس کی شرٹ کا بھی ستیا ناس کر ڈالا۔

گھر آنے تک وہ اسی پریشانی میں مبتلا تھا کہ اب ماں کی ڈانٹ ڈپٹ سننا پڑے گی۔ اور شاید ماں ایک آدھ ہاتھ بھی جڑ دے، سو احتیاط کا تقاضہ یہی تھا کہ جہاں تک ہو سکے اس معاملے کو خفیہ رکھا جائے اور پہلوتہی برتی جائے۔ ٹیوشن سے وآپس آکر وہ کنکھیوں سے ماں کو دیکھتا اور ادھر ادھر بے مقصد ٹہلتا رہا کہ کسی طور یہ جان سکے کہ اس کی چوری پکڑی گئی یا نہیں۔ ماں اس کی اس حالت پر دل میں مسکراتی رہی اورجب ان کی نظریں چار ہوتی تو پوچھتی۔

کوئی مسئلہ ہے کیا؟

نہیں، نہیں تو، کوئی نہیں۔۔

پھر؟

کچھ نہیں، ایسے ہی۔۔۔

اور ماں خاموش ہوتے ہوئے شرارت و الفت کے ملے جلے جذبات سے اسے دیکھنے لگتی اور پھر معمول کے کاموں میں مشغول ہو جاتی۔ اس نے اسی طور از خود ہی ہوم ورک کیا، کھانا کھایا اور سونے کو اپنے بستر پر دراز ہو گیا۔ بستر پر لیٹتے ہی وہ سوچنے لگا کہ ماں کو کپڑے خراب ہونے کا تو میں نے بتایا ہی نہیں، اور اب صبح اسکول کیا پہن کر جاؤں گا۔ اس سوچ بچار میں کئی بار اس کا جی چاہا کہ اب ماں کو بتا دے مگر اس ہچکچاہٹ کے باعث کہ اب بتانے پر زیادہ جھاڑ کھانا پڑے گی، بستر میں ہی دبکا رہا اور یونہی لیٹے لیٹے نیند کی وادیوں میں اتر گیا۔

صبح اٹھ کر اور ناشتہ کرنے کے بعد جب اسکول جانے کے لیے تیار ہونے کا مرحلہ آیا تو اس کی بے چینی، بے بسی اور لاچارگی دیدنی تھی۔ وہ جانتا تھا کہ اب اس کا راز افشاء ہوئے بغیر نہ رہے گا۔ نیم دلی اور شکستہ قدموں سے اسٹور کی جانب بڑھنے لگا۔ مگر اسٹور میں داخل ہوتے ہی مارے حیرت کے اس کی سٹی گم ہوگئی، اور وہ عجب تذبذب کا شکار ہوگیا کہ وہاں اس کا دھلا اور استری ہوا صاف ستھرا یونیفارم ہینگر پر لٹک رہا تھا۔

اس نے کپڑے تبدیل کیے اور حیرت و شرمندگی کے ملے جلے احساسات کے ساتھ باہر نکلا۔ جب ماں اس کے بال سنوار رہی تھی تو ساتھ ساتھ اس کی اس حالت سے مسلسل لطف اندوز بھی ہوتی رہی اور مسکراتی آنکھوں و زیرِ لب تبسم سے اس سے اٹھکیلیاں کرتی رہی، اور وہ خاموشی و بے بسی سے نظریں چرائے کھڑا رہا۔ اسکول وین آنے پر فوراً دوڑ پڑا جیسے اسے جانے کی جلدی ہو۔

وین میں بیٹھتے ہی وہ سوچنے لگا کہ ماں نے یہ کپڑے کب دھوئے اور استری کب کیے کہ اس نے ماں کو نہ کپڑے دھوتے دیکھا نہ سکھاتے یا استری کرتے اور نہ ہی ماں نے اس کی کوئی سرزنش کی۔ یہ سوچ سوچ کر اسے شرمندگی و پشیمانی ہونے لگی جیسے وہ کسی بہت بڑی خطا کا مرتکب ہوا تھا اور ماں نے خاموشی سے اس کی کوتاہی پر پردہ ڈال دیا ہو۔

انہی خیالات میں اسکول آن پہنچا۔ دوران اسمبلی خیالات کی نئی رو نے اسے بری طرح ہلا کر رکھ دیا وہ سوچنے لگا کہ اس نے پہلی بار ایسا کیوں محسوس کیا۔ جب کہ ماں تو ہمیشہ سے ہی اس کی ضروریات اسی طرح پوری کر رہی ہے۔ چپکے چپکے اسے نہ ہی کبھی کوئی تقاضہ کرنا پڑا اور نہ ہی احساس دلانا۔ وہ سو کر اٹھتا ہے تو ناشتہ تیار ہوتا ہے اور جتنے وقت میں کپڑے تبدیل کرتا ہے لنچ باکس اور اسکول بیگ تیار ہو چکا ہوتا ہے۔

جب کبھی وہ ہوم ورک کرتے ہوئے نیند کے غلبے سے ہار کر وہیں سو جاتا ہے تو اس کی بکھری کاپیاں، کتابیں ماں ہی سمیٹتی ہے۔ اس کی کاپیوں کے کور باقاعدگی سے تبدیل ہوتے ہیں اور یوں وہ ہمیشہ نئی نئی دکھائی دیتی ہیں۔ جب کبھی رات کو وہ ٹی وی دیکھتے یا کھیلتے ہوئے ماں یا باپ کے بستر پر سو جائے تو اماں ہی اسے اٹھا کر اس کے بستر پر چھوڑ کر آتی ہے تبھی وہ صبح اپنے بستر سے بیدار ہوتا ہے۔

وہ جتنا سوچتا گیا اتنا ہی اس نتیجہ پر پہنچتا گیا کہ ماں تو ہمیشہ سے اس کے ہر معاملے کو درست رکھے ہوئے ہے۔ مگر وہ آج ہی ایسا کیوں سوچ رہا ہے اس کی اس کے پاس سوائے اس کے کوئی توجہیہ نہ تھی کہ شاید اب وہ بڑا ہو چکا ہے اور اس احساس کے ساتھ ہی بہت سی ان کہی باتیں اس کے دل میں سر اٹھانے لگیں، جو وہ اب پہلی فرصت میں ماں سے کرنے کا خواہاں تھا۔

وہ ماں کو بتانا چاہتا تھا کہ اسے احساس ہو چکا ہے کہ اس کے باعث ان کے معمولات کس درجہ بے ترتیبی کا شکار ہیں مگر آج کے بعد ایسا نہیں ہوگا۔ وہ اپنی روش میں ضرور تبدیلی لائے گا وہ حتیٰ الامکان کپڑوں کو صاف رکھنے کی سعی کرے گا اور کتابوں و کاپیوں کو بھی پھٹنے اور گندا ہونے سے محفوظ رکھے گا۔

اس کا جی چاہ رہا تھا کہ دن جلد از جلد ختم ہو اور وہ اسکول سے چھٹی پاکر کسی بھی طرح چاہے اڑ کر ہی کیوں ناں پر گھر پہنچے اور ماں کے ساتھ ساری ضروری باتیں کرے. اسے بتائے کہ اس نے تہیہ کر لیا ہے کہ آئندہ وہ ماں کو نہیں ستائے گا۔ وہ اب تبدیل ہو چکا ہے اسے اپنے باعث ماں کو پہنچنے والی مشکلات کا احساس ہو چکا ہے۔ خود سے اس مکالمے میں وہ کبھی ارسلان بن جاتا اور کبھی خود ہی اپنی ماں مگر گفتگو ختم ہونے میں ہی نہیں آرہی تھی۔

اچانک اسے کمرہ جماعت کے باہر بچوں کے رونے، پیٹنے اور دوڑنے کی آوازیں سنائی دینے لگی۔ اور اگلے ہی پل گولیاں برسنے کی آوازیں بھی ان آوازوں میں شامل ہو گئیں۔ اس موقع پر وہ بھی گھبرا کر اور کچھ نہ سمجھتے ہوئے اپنے دیگر ہم جماعتوں کے ساتھ کلاس روم سے نکلا اور جس سمت سب بچے دوڑے جا رہے تھے دوڑنے لگا۔ وہ پریشانی اور خوف کے عالم میں مسلسل ماں کو پکار رہا تھا کہ سامنے سے چند لوگ نمودار ہوئے اور انہوں نے اس پر بھی گولیاں برسانی شروع کر دیں۔

اسی اثناء میں دہکتے ہوئے سیسے نے اس کا وجود داغ ڈالا اور وہ بے توازن ہو کر کئی قدم پیچھے آن گرا۔ درد کی شدت اس کی برداشت سے باہر تھی اور وہ جو ہلکے سے سر درد پر رونے پیٹنے اور ماں کو آوازیں لگانے لگتا تھا، اس اذیت کی حالت میں بھی چلانے اور ماں کو پکارنے لگا۔ اس کی پکار میں یہ یقین شامل تھا کہ اگر ماں آن پہنچی تو یقیناً اس درد کا فوراً کوئی سدباب کر دے گی۔

اس پر غشی و بے ہوشی طاری ہونے لگیں۔ گولیاں برساتے درندے اس کے سر پر آن پہنچے اور ٹھوکر رسید کرنے پر جب جسم میں حرکت دیکھی تو بیک وقت کئی نالیاں دھکیں اور آگ اس کے وجود میں اندر تک اتر گئی۔ وہ بری طرح تڑپا اور ایک چیخ ایک پکار لفظ ماں کی صورت اس کے حلق سے نکلی اور اس کے گرد بکھری سینکڑوں چیخوں میں شامل ہوگئی۔ یہی پکار اس کی آخری ہچکی ثابت ہوئی اور پھر اس کا وجود اس کی ادھ کھلی آنکھوں کی طرح پتھرا گیا۔

مگر اس آخری پکار نے پورے شہر کو ایک مسلسل خوف، کرب و اذیت کے گہرے کہرے میں دھکیل دیا کہ اب شہر میں دن ہو یا رات صبح ہو یا شام اکثر ایسی چیخیں سنائی دینے لگی ہیں، جو کبھی کبھی سسکیوں اور آہوں کی صورت ہوتی ہیں، تو کبھی آہ و بکا اور چیخ و پکار کی شکل میں۔

مگر آج تک نہ تو کوئی یہ تعین کر سکا کہ یہ ہوک دن میں زیادہ بار اٹھتی ہے یا راتوں کو، اور نہ یہ ہی طے ہو سکا کہ یہ رونے کرلانے کی آوازیں آتی کس سمت سے ہیں۔ اور تعین ہو بھی کیسے سکتا ہے کوئی ایک آواز ہو تب ناں۔

ڈان کا اے پی ایس حملے کی پہلی برسی پر شہدا کی یاد میں خصوصی فیچر


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

ارشد علی

ارشد علی افسانہ نگار ہیں، اور ان کے افسانے ہندوستان اور پاکستان کے کئی مؤقر رسائل و جرائد میں شائع ہوچکے ہیں۔

ان سے فیس بک پر رابطہ کریں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (5) بند ہیں

Ashian Ali Malik Dec 16, 2015 04:56pm
جس مزہب کی بنیاد پر دہشت گردوں نے یہ اقدام کیا ہے وہ مذہب کبھی بھی مقدس محترم نہیں ہو سکتا ۔
نجیب احمد سنگھیڑہ Dec 16, 2015 08:50pm
آرمی پبلک سکول، پشاور میں مورخہ سولہ دسمبر سن بیس سو چودہ کو دہشتگردوں نے حملہ کیا اور کم از کم ڈیڑھ سو بچوں کو بےدردی سے مار دیا۔ ان بچوں میں بعض کی عمر چھ سال سے بھی کم تھی۔ پاکستانی تاریخ کا یہ اندوہناک سانحہ تھا جسے بلا امتیاز سیاست، مذہب و فرقہ، سیاسی نظریہ کے ملک کی تمام عوام نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا اور دہشتگردی کا ناسور جلد سے جلد ختم کرنے کا تہیہ کیا یا دعا کی۔ اس سانحہ کے فوری بعد اپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا اور افواج پاکستان نے بھرپور کاروائیاں کرتے ہوئے درجنوں شدت پسندوں، دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ اپریشن ضرب عضب کے بعد ملک میں دہشتگردی کا تناسب دھڑام سے نیچے گرا۔ دریں اثناء نیشنل ایکشن پلان شروع کیا گیا جس میں ملک بھر کی مساجد میں لاؤڈ سپیکرز اور اس کے غلط استعمال پر قانون حرکت میں آیا اور نفرت انگیز مواد کے خلاف کاروائیاں کی گئیں۔ ۔۔۔۔۔
نجیب احمد سنگھیڑہ Dec 16, 2015 08:51pm
۔۔۔۔۔ آج سولہ دسمبر سن بیس سو پندرہ بروز بدھ کو آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کی پہلی برسی ملک بھر میں سرکاری اور غیرسرکاری سطح پر بھرپور طریقے سے منائی گئی اور میڈیا نے سارا دن بھرپور طریقے سے کوریج کی، سانحہ کے متاثرین کے انٹرویوز، شہدا بارے والدین کے تاثرات اور یادیں ۔۔۔۔۔ سارا دن ہر چینل پر چلتے رہے۔ ملک کے لگ بھگ تمام سکولز ، کالجز اور یونیورسٹیز آج بند رہیں اور امتحانات ملتوی کیے گئے۔ سکولوں میں چھٹی کا اعلان علی الصبح بذریعہ ٹی وی والدین کو پتہ لگا۔ گویا چھٹی ہنگامی طور پر دی گئی ہے، باضابطہ طور پر نہیں دی گئی۔ سکولوں کے گیٹس کے باہر پولیس کی نفری اور گاڑیاں کھڑی کی گئیں، مورچہ بندی بھی کئی سکولوں کے باہر کی گئی۔ ان امور کا تعلق سیکورٹی صورتحال تھی۔ بعض بچوں کو حیرانگی ہوئی کہ انہیں اچانک چھٹی کیوں ہو گئی؟ میرے مُنڈے نے پوچھا تو میں نے یہ کہہ کر مطمئین کیا کہ آج ٹھںڈ زیادہ ہے اس لیے سکول نے چھٹی کر دی ہے۔ بڑے بچوں کو تو چھٹی کی وجہ معلوم ہو ہی جاتی ہے کہ سانحہ اے پی ایس کی وجہ سے چھٹی کی گئی ہے۔ مگر چھوٹے بچوں کو براہ راست سانحہ کا بتانا ان میں خوف کی فضا قائم کرتا ہے۔۔۔۔
نجیب احمد سنگھیڑہ Dec 16, 2015 08:51pm
۔۔۔۔۔ جس طرز پر حکومت نے سانحہ اے پی ایس کی برسی منائی ہے، جس طریقے سے جیو ٹی وی کے اینکر پرسنز نے اے پی ایس کی یونیفارم زیب تن کی، جس طریقے سے شہدا کے وارثین کو ٹی وی پر طلب کیا، ان کے گھروں میں کیمرے لیجائے گئے، جذباتی مناظر دکھائے گئے ۔۔۔۔۔ اس کا نتیجہ بچوں اور والدین میں خوف و ہراس کی فضا میں نکلتا ہے۔ بچے حساس ہوتے ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ ان پر خوف کے سائے مرتب کرنے کی دیدہ اور نادیدہ عمل سے خبردار رہا جائے۔ سوال یہ ہے کہ اے پی ایس کی برسی کو منانے، اسے کوریج دینے، سکولوں میں چھٹی کر کے، ٹی وی پر شہدا کے والدین اور عزیز و اقارب کے رقت آمیز فوٹا شاٹ دکھانے سے حکومت کیا واضح کرنا چاہتی ہے؟
مزمل احمد فیروزی Dec 17, 2015 02:52pm
سوال یہ ہے کہ اے پی ایس کی برسی کو منانے، اسے کوریج دینے، سکولوں میں چھٹی کر کے، ٹی وی پر شہدا کے والدین اور عزیز و اقارب کے رقت آمیز فوٹا شاٹ دکھانے سے حکومت کیا واضح کرنا چاہتی ہے؟

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024