• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالا جائے، ایان علی

شائع December 15, 2015
ماڈل ایان علی—۔فائل فوٹو/ اے پی
ماڈل ایان علی—۔فائل فوٹو/ اے پی

کراچی: سپر ماڈل ایان علی نے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی.

ایڈووکیٹ سردار لطیف کھوسہ کے توسط سے دائر کی گئی پٹیشن میں ایان علی نے موقف اختیار کیا کہ حکام کی جانب سے ان کا پاسپورٹ واپس کردینے کے بعد ای سی ایل میں اُن کے نام کی شمولیت غیر قانونی ہے.

ماڈل کا درخواست میں مزید کہنا تھا کہ وہ طبی علاج اور پیشہ ورانہ کاموں کے سلسلے میں ملک سے باہر جانا چاہتی ہیں اور چونکہ وہ ضمانت پر ہیں، لہذا اُن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالا جانا چاہیے.

ایان کا مزید کہنا تھا کہ انھیں بیرون ملک سفر سے روکنا اُن کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جو انھیں آئین کے آرٹیکل 18 کے تحت حاصل ہیں.

سپر ماڈل کا کہنا تھا کہ عدالت کی تمام پیشیوں پر حاضر ہونے اور ان کے وکیل کی جانب سے تمام عدالتی تقاضے پورے کیے جانے کے باوجود بھی انھیں ملک سے باہر سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی.

مزید پڑھیں:ایان علی کی پاسپورٹ حوالگی کی درخواست منظور

اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں ایان علی کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کے ساتھ اُن کا پاسپورٹ واپس کردیا گیا تھا.

جس کے بعد کسٹم حکام نے خصوصی کسٹم عدالت کی جانب سے ایان کو پاسپورٹ واپس دیئے جانے کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی.

اپنی درخواست میں کسٹم حکام نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اگر ایان علی کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی گئی تو وہ مفرور ہوجائیں گی.

دوسری جانب سپر ماڈل ایان علی نے گذشتہ ماہ اپنے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس سے بریت کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی.

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ ایان علی پر کرنسی اسمگلنگ کیس میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی.

یہ بھی پڑھیں:کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی پر فرد جرم عائد

ماڈل ایان علی کو رواں برس 14 مارچ کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ چیکنگ ان کے سامان میں سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

ملزمہ کی گرفتاری کے وقت ان کے 3 پاسپورٹ بھی ضبط کیے گئے تھے جن میں سے ایک کارآمد جبکہ دو منسوخ شدہ ہیں جن پر ویزے لگے ہوئے ہیں۔

ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد انھیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا جس کے بعد ان کے خلاف کسٹم کی عدالت میں سماعت شروع ہوئی اور کسٹم کے عبوری چالان میں انہیں قصوروار ٹھہرایا گیا۔

بعد ازاں ایان علی نے راولپنڈی کی کسٹم عدالت اور لاہور ہائی کورٹ میں اپنی ضمانت کی درخواست دائر کی جسے مسترد کردیا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی دوسری درخواست کا فیصلہ ماڈل کے حق میں آیا جس کے بعد انہیں عدالت کے حکم پر جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024