ثناء اللہ زہری وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد
کوئٹہ: وزیراعظم نواز شریف نے نواب ثناء اللہ زہری کو بلوچستان کا وزیراعلیٰ نامزد کردیا.
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ثناء اللہ زہری کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ مری معاہدے کی روشنی میں کیا گیا.
بیان کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میرے دل کے قریب ہے اور صوبے کی ترقی کے لیے وفاق بھرپور تعاون کرے گا.
وزیراعظم نے امید کا اظہار کیا کہ ثناء اللہ زہری بلوچستان میں قیام امن کو یقینی بنائیں گے.
مزید پڑھیں:بلوچستان کا نیا وزیراعلیٰ کون ہوگا؟
یاد رہے کہ حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے وزیراعظم نواز شریف کی موجودگی میں ’مری معاہدے‘ پر دستخط کیے تھے۔
اس معاہدے کے تحت ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے رواں سال 4 دسمبر کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے دستبردار ہوجانا تھا جس کے بعد آئندہ ڈھائی سال کے لیے مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار کو اس عہدے پر فائز کیا جانا ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ان کی جماعت پہلے ہی یہ اعلان کرچکی تھی کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اُمیدوار کو نامزد کیے جانے کے بعد وہ صوبائی حکومت (ن) لیگ کے حوالے کر دیں گے۔