طالبان سربراہ ملا اختر کا آڈیو پیغام جاری کرنے کا اعلان
کابل: افغان طالبان کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی گروپ کے سربراہ ملا اختر منصور کا ایک آڈیو پیغام جاری کر دیں گے۔
طالبان ذرائع نے بدھ کو دعوی کیا تھا کہ ملا اختر، گروپ کے اعلی سطحی ارکان کے باہمی تصادم کے دوران فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔ گروپ کے مرکزی ترجمان پہلے ہی اس دعوی کو مسترد کر چکے ہیں۔
طالبان ذرائع کا دعوی تھا کہ فائرنگ کا واقعہ سینئر لیڈر ملا عبداللہ سرحدی کے گھر میں سٹریٹجک معاملات پر بحث کے دوران پیش آیا۔
واقعہ کے بعد ان کے زندہ ہونے کے حوالے سے قیاس آرئیاں ہو تی رہیں، لیکن اب ذبیح اللہ مجاہد نے ہفتہ کو ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’ہمارے پاس ملا اختر محمد منصور کا ایک نیا پیغام پہنچا ہے اور اسے جلد ہی جاری کیا جائے گا‘۔
خیال رہے کہ افغان طالبان کے سربراہ ملا عمر کے انتقال کی خبر کی تصدیق کے بعد ملا منصور کو گروپ کا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔
تاہم، گروپ کے ایک دھڑے نے ملا منصور کی اتھارٹی کو مسترد کرتے ہوئے ان پر ملا عمر کی موت کی خبر چھپانے اور نامناسب طریقے سے گروپ کی بھاگ دوڑ سنبھالنے کا الزام لگایا تھا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔