• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

ٹریفک چالان میں چار گنا اضافہ کیوں ضروری؟

شائع December 3, 2015
— السٹریشن بشکریہ پاک ویلز
— السٹریشن بشکریہ پاک ویلز

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے ہونے والے حادثات ترقی پذیر ممالک کے بڑے مسائل میں سے ایک ہیں۔ جنوبی ایشیائی ممالک میں ٹریفک حادثات میں سب سے زیادہ اموات کے حوالے پاکستان کا تیسرا نمبر ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق سالانہ 20 ہزار سے زائد افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ شرح اموات کی اس فہرست میں سر فہرست طویل عرصے سے جنگ زدہ افغانستان اور دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ آبادی والے ملک ہندوستان کا ہے جبکہ بنگلہ دیش میں صورتحال پاکستان کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر ہے۔

سگنل کی خلاف ورزی اور مقررہ رفتار سے زیادہ تیز گاڑی چلانے کے باعث ہونے والے اندوہناک حادثات سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد بہت ضروری ہے اور اسے یقینی بنانے کے لیے متعدد تجاویز اور اصلاحات پر قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ عوامی حلقوں میں بھی بحث ہوتی رہی ہے۔

اسی سلسلے میں گذشتہ سال سندھ کی صوبائی اسمبلی نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ہونے والے جرمانے میں اضافے کی تجویز منظور کی تھی۔ لیکن صورتحال اس کے بعد بھی جوں کی توں ہے جس کی دو بنیادی وجوہات ہیں۔

اول یہ کہ 49 سال بعد کیا گیا یہ اضافہ بہت معمولی ہے اور دوئم اس میں پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر لی جانے والی رشوت کے معاملے کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔اگر جرمانے کی رقم کم از کم چار گنا بڑھائی جاتی تو اس سے بہت سارے فوائد حاصل کیے جاسکتے تھے۔ وہ کیسے؟ آئیےدیکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: 90 فیصد ٹریفک حادثات ترقی پذیر ممالک میں...

اس وقت گاڑی کے سیاہ شیشوں، سگنل کی خلاف ورزی کرنے اور غلط سمت میں گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے کا جرمانہ محض 500 روپے، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 300 روپے اور تیز رفتاری پر 400 روپے ہے۔ اس کے علاوہ غیر رجسٹرڈ گاڑی چلانے پر ایک ہزار روپے کا جرمانہ ہے لیکن یہ اس وقت کی بات جب آپ پکڑے جائیں۔

انتہائی سنگین نوعیت کے جرائم جن میں شہریوں کو شدید جانی اور مالی خطرات لاحق ہیں پر محض چند سو روپے کا جرمانہ سمجھ سے باہر ہے۔ اور اگر خلاف ورزی کا معاملہ کسی بے ایمان پولیس اہلکار کے ہاتھ لگ جائے تو اور بھی سستے میں جان چھوٹ سکتی ہے چاہے جرم کی نوعیت کتنی ہی سنگین کیوں نہ ہو۔ ان دونوں مسائل کا حل یہ ہے کہ جرمانے کی رقم کو کم از کم ایک ہزار روپے کردیا جائے اور دوبارہ وہی غلطی دہرانے پر جرمانے کی رقم دوگنا بڑھا دی جائے۔ اس سے نہ صرف قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پر زیادہ بوجھ پڑے گا بلکہ اس کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔ اب چاہے وہ اس کا خمیازہ بھگتنے کے لیے قانونی طریقہ اپنائے یا غیر قانونی راستہ منتخب کرے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس یا 'قتل کا لائسنس'؟

گذشتہ سال ہونے والے اضافے سے قبل 1965ء کے قوانین لاگو تھے جس میں جرمانے کی رقم کم از کم 50 روپے اور زیادہ سے زیادہ 300 روپے تھی۔ یہ پچاس سال پرانے زمانے کے اعتبار سے بہت زیادہ اور حق بجانب تھا۔ وقت کے ساتھ لوگوں کی قوت خرید میں اضافہ ہوا، مہنگی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں سڑکوں پر نظر آنے لگیں لیکن قانون کی خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ اب عام شہری جرمانہ بھرنے کے چکروں سے بچنے کے لیے اجلی وردی والوں کو معمولی رشوت دے کر جان چھڑا لیتا ہے۔ یوں قانون کی خلاف ورزی محض چند ہرے اور لال نوٹوں کے عوض جائز قرار پاتی ہے اور تقریباً ہر شخص بلا خوف و خطر اور کچھ لوگ فخریہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ اگر جرمانے کی رقم بڑھا دی جائے اور اس میں سے کچھ مقرر حصہ چالان کرنے والے اہلکار کو دیا جائے تو اس سے رشوت کا نظام ختم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

یہ تجویز اچھوتی یا ناقابل عمل نہیں بلکہ جرمانے میں واضح اضافے کا طریقہ کار دنیا کے دیگر ممالک میں بھی استعمال کیا جاچکا ہے۔ کینیڈا کے صوبے البرٹا سے لے کر کیریبین جزائر کے ملک جمیکا تک میں ٹریفک حادثات کو روکنے کے لیے یہی طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے۔جمیکا میں موٹر سائیکل پر بغیر ہیلمٹ ڈبل سواری کرنے پر 5 ہزار ڈالر جرمانہ کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی دیگر ممالک کی مثال ملاحظہ کریں تو وہاں پہلے ہی ٹریفک قوانین بہت سخت اور جرمانے کہیں زیادہ ہیں۔ جرمنی میں صرف تیز رفتاری پر 10 یورو (1100روپے) سے 680 یورو (80 ہزار روپے) تک کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔

قطر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 500 درہم (14 ہزار روپے سے زائد) جرمانہ ہوسکتا ہے جبکہ دبئی میں سگنل کی خلاف ورزی کرنے پر تین سال جیل بھیجنے کے علاوہ 1500 درہم کا جرمانہ کیا جاسکتا ہے ، یہ رقم 40 ہزار پاکستانی روپے سے بھی زیادہ بنتی ہے۔

مزید پڑھیں: ہم کس حادثے کے منتظر ہیں؟

اضافی جرمانے سے حاصل ہونے والی رقم کو ٹریفک کے شعبے میں بہتر اور جدید نظام لاگو کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ان میں عوام کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنے، سرکاری سطح پر گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے کی تعلیمی دینے، ٹریفک پولیس کو تیز رفتار موٹر سائیکلیں فراہم کرنے، شاہراہوں پر سیکورٹی کیمرے اور ٹریفک پولیس کی گاڑیوں و موٹر سائیکلوں پر ڈیش کیمز لگانے، سڑکوں پر موجود ٹریفک نشانات کو مزید واضح کرنے جیسے معاملات شامل ہیں۔ اس سے نہ صرف ٹریفک پولیس کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والے لوگوں کی حفاظت بھی ممکن بنائی جاسکے گی۔علاوہ ازیں جرمانے کی رقم جمع کرنے کے نظام کو بھی بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے اور اسے بھی حاصل ہونے والے اضافی سرمائے سے پورا کیا جاسکے گا۔


نوٹ: یہ آرٹیکل ابتدائی طور پر پاک ویلز ڈاٹ کام پر شائع ہوا جسے ان کی اجازت سے یہاں دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔

اسد اسلم

اسد اسلم پاک ویلز سے منسلک ہیں ۔ وہ گاڑیوں اور کرکٹ سے خاصا لگاؤ رکھتے ہیں اور 2009 سے بلاگز لکھ رہے ہیں ۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (7) بند ہیں

Sharminda Dec 03, 2015 01:42pm
Masla jurmanay ka nahin qanoon kay nifaz (enforcement) ka hai. Rishwat lay kar choar dainay ka maamla itna aam hai keh koi is baat ki parwa nahin karta keh pakra jaay tu koi masla hogaa. Jab tak qanoon ki hukamrani nazar nahin aay gii, yeh mamla hal nahin hoga.
سجاد خالد Dec 03, 2015 03:37pm
جرمانے کی رقم میں اضافے سے رشوت میں اضافہ ہونے کا خدشہ بھی ہے جس کے نتیجے میں جرائم بڑھیں گے اور سرکاری خزانے میں خاص اضافہ بھی نہیں ہو گا۔ قوانین پر عمل درآمد کروانے میں اشرافیہ اور مراعات یافتہ طبقے کی جانب سے قانون کا احترام ضروری ہے۔ یہی وہ لوگ ہیں جن کے نقشِ قدم پر چلنا عام آدمی اپنے لئے باعثِ عزت سمجھتا ہے۔
محمد ارشد قریشی ( ارشی) Dec 03, 2015 07:17pm
چالان کا تو ایک ہدف دے دیا جاتا جسے پورا کرنا ہوتا ، معذرت کے ساتھ ایک حقیقت بیان کررہا ہوں ہمارے ہاں کئی ایسے سلیمانی ٹریفک سگنل لگے ہیں جس کا پتہ ہی نہیں چلتا کہ وہ کہاں نصب ہیں آپ کو اس وقت پتہ چلتا ہے جب آپ کو کونے میں چھپے کھڑے ٹریفک پولیس اہلکا ایک دم سامنے آکر روکتے ہیں اور آپ کو کہتے ہیں آپ نے سگنل توڑا ہے پھر وہ اشارے سے بتاتے ہیں کہ وہ دیکھیں سگنل لگا ہے ۔ حلانکہ جب آپ پریشانی کے عالم میں روڈ پر یہ سوچ رہے ہوتے ہیں کہ مجھے یہاں رکنا ہے یا مڑنا ہے تو یہ اہلکار دیکھ رہے ہوتے ہیں اگر چاہیں تو وہ آپ کی دور سے اشارے سے رہنمائی کرسکتے ہیں لیکن پھر اس طرح وہ آپ کا چالان کیسے کرینگے ۔ اس طرح کے سگنل ٹریفک پولیس کے پسندیدہ سنگنل ہوتے ہیں
انوارالحق Dec 03, 2015 07:45pm
تجویز تو بالکل مناسب ہے لیکن بہت زیادہ نوجوان ایسے بھی ہیں جنہوں نے دوردراز کام پر جانا ہوتا ہے اور ملازمت بھی عارضی قسم کی ہے کرایہ بہت زیادہ ہونے کی صورت میں بے چاروں نے کیسے تیسے قسطوں پر موٹر سائیکل لی ہوتی ہے اور ماہانہ تنخواہ ۱۳۰۰۰ ہزار روپیہ ہے ،چھٹی کرنے پر اجرت کاٹ لی جاتی ہے اسلیے وہ لائیسنس بھی نہیں بنواسکتے اگر انھیں اتنا خطیر جرمانہ بھگتنا پڑا تو وہ کیا کریں گے؟
انوارالحق Dec 03, 2015 07:48pm
@سجاد خالد بالکل بجا کہا ۔
Zain Dec 03, 2015 07:59pm
Stupid Reasons..... Instead improving roads and Police System.... He asked to increase burden of poor ppl......
سجاد خالد Dec 04, 2015 11:59am
@انوارالحق صاحب شکریہ

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024