• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:10pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:29pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:10pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:29pm

آٹھویں سُر کی جستجو اور جمیل الدین عالی

شائع November 24, 2015 اپ ڈیٹ November 23, 2021
جمیل الدین عالی 1983 میں ریڈیو پاکستان سے اپنا پروگرام ادبی مجلہ پیش کرتے ہوئے۔ فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان۔
جمیل الدین عالی 1983 میں ریڈیو پاکستان سے اپنا پروگرام ادبی مجلہ پیش کرتے ہوئے۔ فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان۔

حروف سب کے تابع نہیں ہوتے، مگر جس کی بات مان لیں، اس کا پھر بہت مان رکھتے ہیں۔ یہ تب ہی تخلیق ہوتے ہیں جب ان کے پیچھے متحرک سوچ اور سچی فکر موجود ہو، ان کی پاسداری کی جائے اور دل سے اپنایا جائے۔ حروف کی حرمت اور عظمت کا فہم رکھنے والے شاید ہی کچھ لوگ باقی ہیں، جن کو یہ پتہ ہے کہ لکھے ہوئے لفظ کی قیمت کیا ہوتی ہے اور یہ لفظ کس طرح آپ کی نمائندگی کرتے ہیں۔

جمیل الدین عالی بھی ایسی ہی ایک تخلیقی شخصیت تھے، حروف جن کے تابع تھے۔ انہوں نے تمام زندگی حروف کو اپنی مرضی سے برتا، جس صنف سخن میں چاہا، وہاں پرو دیا۔ یہ ان کی خداداد صلاحیت تھی، جس میں ان کا کوئی ثانی نہیں تھا۔

جمیل الدین عالی پاکستان کے عظیم شاعر ثابت ہوئے۔ انہوں نے مختلف صنف سخن اور ان کی جہتوں میں کام کیا، جن میں غزلیں، نظمیں، دوہے، گیت، ملی ترانے اور کالم نویسی شامل ہیں۔ پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان سے بھی وابستگی رہی۔ انہیں دوہوں اور ملی ترانوں کی بدولت زیادہ شہرت ملی۔ اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے ساتھ ساتھ تخلیقی طور پر بھی بے حد متحرک رہے۔ انہوں نے معروف ادیب اور بیوروکریٹ قدرت اللہ شہاب کے ساتھ کام کیا، رائٹرز گلڈ کی بنیاد رکھی، ادیبوں اور شعراء کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا، اور تقریباً 6 دہائیوں تک انجمن ترقی اردو کے صدر رہے۔

جمیل الدین عالی صرف ایک ادبی شخصیت ہی نہیں، بلکہ اردو شعر و ادب کا ایک پوراعہد تھے، وہ اپنی نسل کے ان آخری لوگوں میں سے ایک تھے جنہوں نے اپنی آنکھوں سے قیامِ پاکستان کے لیے مسلمانوں کی جدوجہد دیکھی، مسلم لیگ کا زمانہ دیکھا، پاکستان بن جانے کے بعد سے لے کر رواں دہائی تک سیاسی اتار چڑھاؤ دیکھے، آمریت اور جمہوریت کے ادوار کو پرکھا، پاکستان کو درپیش جنگوں کا درد محسوس کرکے ملی نغمے لکھے، اپنے سامنے تین نسلیں جوان ہوتے دیکھیں، پاکستان کو ترقی کرتے دیکھا، یہ کیا کم اعزاز ہے کہ ان کی آنکھوں نے اتنا کچھ دیکھا اور صرف دیکھا نہیں بلکہ اس کو قلم بند بھی کیا؟

جمیل الدین عالی کے فنی مرتبے پر تو بہت کچھ لکھا جائے گا لیکن کچھ پہلو تو بالکل سامنے کے ہیں جن پر بات ہوسکتی ہے۔ ان کے ہاں غزل کی روایت بے پناہ مضبوط تھی۔ انہوں نے غزل کی بنیاد کو مجروح کیے بنا لکھا اور اس میں نت نئے موضوعات کا احاطہ کیا۔ خارجی اور داخلی احساسات کی زبان نے ان کی شاعری کو دلگداز اور پُر اثر بنا دیا۔ ان کے ہاں انتظار، گھر، در و دیوار، روپ، رفاقت، محبت، اداسی اور امید سمیت متنوع رنگ بکھرے ہوئے ہیں، جن سے انہوں نے غزل کو مالا مال کیا۔ انہوں نے غزل کے لہجے میں کہیں اپنے آپ سے بات کی تو کسی موڑ پر زمانے کو بھی مخاطب کیا۔ ان کی غزل کے یہ چند اشعار ملاحظہ کیجیے۔

تیرے خیال کے دیوار و در بناتے ہیں

ہم اپنے گھر میں بھی تیرا ہی گھر بناتے ہیں

بجائے یوم ملامت رکھا ہے جشن مرا

مرے بھی دوست مجھے کس قدر بناتے ہیں

جمیل الدین عالی کے ہاں نظم کی بھرپور روایت بھی دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے اردو شاعری میں ایک نئے اور مشکل رجحان کی پیروی کی، وہ طویل نظم کی تخلیق تھی، انہوں نے ”انسان“ کے نام سے پندرہ ہزار اشعار کی طویل نظم لکھی، جس کو وہ اپنا لکھا ہوا منظوم ڈراما بھی کہتے تھے۔ یہ نظم ایک مکمل کتاب ہے، جس میں انہوں نے انسان کے تمام پہلوؤں کی عکاسی کی ہے۔

جب عالی صاحب نے معدوم ہوتی صنف سخن ”دوہے“ کو توجہ دی، تو گویا اس کی قسمت پھر سے جاگ اٹھی۔ انہوں نے اس صنف سخن پر خوب جی لگا کر کام کیا اور اس کی وجہ سے بھی ان کی شہرت میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ انہوں نے دوہے کے موضوعات میں تہذیبی رچاؤ کو مدنظر رکھا۔ ان کا درجِ ذیل دوہا دیکھیے، اس میں وہ تخلیقی سرشاری اور حقیقت پسندی واضح ہے۔

پیارکرے اور سسکی بھرے، اور پھر سسکی بھر کر پیار

کیا جانے کب اک اک کر کے بھاگ گئے سب یار

یہی جاذبیت، سرشاری اور پیا رنگ ان کے گیتوں میں بھی ملتا ہے۔ انہوں نے گیتوں کی زبان سادہ اور مترنم رکھی۔ ان کی لفظیات نے اسی لیے ان کی معنویت کو مزید گہرائی دی کیونکہ وہ حرف کے برتاؤ سے معنی نکالنا جانتے تھے۔ ان کے ہاں گیت صرف داخلی اظہار کی علامت نہیں تھا بلکہ وہ ایسے موضوع اور احساس کو بھی شامل کر لیتے، جن سے ان کی ذات ہی نہ معاشرہ بھی شاملِ گفتگو ہوتا۔ وہ ہر طرح کے احساس کو بیان کرنے میں ملکہ رکھتے تھے۔ اس کی عکاسی یہاں ایک گیت کے اقتباس میں بھی موجود ہے۔

اب تک نہ مجھے کوئی میرا رازداں ملا

جو بھی ملا، اسیرِ زمان و مکاں ملا

کن حوصلوں کے کتنے دیے بجھ کے رہ گئے

اے سوزِ عاشقی! تو بہت ہی گراں ملا

جمیل الدین عالی کی تخلیقی بلندی اور شہرت کا حوالہ ان کے لکھے ہوئے ملی ترانے ہیں جن کو بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔ 1965 میں ”اے وطن کے سجیلے جوانو“ اور 1971 میں ”جیوے جیوے پاکستان“ جیسا نغمہ لکھا۔ اسی طرح جب اظہارِ تشکر کی کیفیت طاری ہوئی تو ”میرا پیغام پاکستان“ جیسا نغمہ تخلیق کیا۔ 1974 میں ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کے لیے ”ہم مصطفوی ہیں“ جیسا کلام تخلیق کیا۔ انہوں نے جو گیت، ملی ترانے اور نغمے لکھے، ان کو کئی معروف گلوکاروں نے اپنی آوازوں میں امر کر دیا۔ ان کے چند ایک مقبول ہونے والے گیتوں اور گلوکاروں کے ناموں کی فہرست درج ذیل ہے۔

اے وطن کے سجیلے جوانو۔ نور جہاں

جیوے جیوے پاکستان۔ شہناز بیگم

میرا پیغام پاکستان۔ استاد نصرت فتح علی خان

اتنے بڑے جیون ساگر میں۔ علن فقیر

میں چھوٹا سا ایک لڑکا ہوں۔ متفرق گلوکار

جمیل الدین عالی تقریباً چار دہائیوں تک کالم نویسی بھی کرتے رہے۔ اس کے ذریعے انہوں نے نہ صرف حالاتِ حاضرہ کو قلم بند کیا، بلکہ ملک کے اہم واقعات پر بھی روشنی ڈالی۔ ادبی و ثقافتی سرگرمیوں اور نئی لکھی جانے والوں کتابوں کا تذکرہ بھی برابر کیا۔ اردو زبان کے فروغ اور اس کا اصل مقام دلانے کے لیے بھی تحریریں لکھیں، اس کے علاوہ پاکستانی معاشرت اور بین الاقوامی امور پر بھی ”نقارخانے“ کے نام سے اظہارِ خیال کرتے رہے۔

ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی پر ایک طائرانہ نظر ڈالی جائے تو اس کا احاطہ کچھ یوں ہوتا ہے۔ جمیل الدین عالی کا مکمل نام ”نواب زادہ مرزا جمیل الدین احمد خاں“ تھا اور ”عالی“ تخلص تھا۔ 20 جنوری 1926 کو غیر منقسم ہندوستان کے شہر دہلی میں ایک متمول اور ادبی خاندان میں پیدا ہوئے۔ ان کے دادا نواب علاؤالدین احمد خان کی مرزا اسد اللہ خان غالب سے وابستگی تھی، جبکہ ان کے والد سر امیرالدین احمد بھی بہت اچھے اور معروف شاعر تھے۔ ان کے ننھیال کی مقبول ترین شخصیت اردو ادب کے معروف شاعر خواجہ میر درد تھے۔ اس طرح دیکھا جائے تو ان کا تعلق تہذیبی و ثقافتی طور پر ایک زرخیز ادبی پس منظر رکھنے والے خاندان سے تھا، پھر جس کی وراثت انہوں نے سنبھالی۔

بابائے اردو مولوی عبدالحق کے ساتھ ایک یادگار اور نایاب تصویر.
بابائے اردو مولوی عبدالحق کے ساتھ ایک یادگار اور نایاب تصویر.

ابتدائی تعلیم سے اعلیٰ تعلیم اسی شہر میں حاصل کی۔ 1945 میں گریجویشن مکمل کی اور تقسیمِ ہند کے موقع پر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ہجرت کر کے پاکستان آئے اور کراچی میں رہائش اختیار کی۔ 1951 کے بعد سی ایس ایس کے امتحان میں کامیابی حاصل کی اور بطور انکم ٹیکس آفیسر تعینات ہوئے۔1963 میں وزارتِ تعلیم اور یونیسیکو میں بھی کام کیا۔ 1967 میں نیشنل بینک آف پاکستان سے وابستہ ہوئے اور ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے سینئر ایگزیکٹیو وائس پریزیڈنٹ کے عہدے تک پہنچے۔ پاکستان بینکنگ کونسل میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ایڈوائزر مقرر ہوئے۔

ان کی شادی طیبہ بانو سے ہوئی، جن سے ان کی دو بیٹیاں اور تین بیٹے ہیں۔ انہوں نے سیاست کے میدان میں بھی قدم رکھا۔ 1977 کے عام انتخابات میں ذوالفقار علی بھٹو کے کہنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کی نشست سے انتخاب میں حصہ لیا اور جماعتِ اسلامی کے مولانا منور حسن سے ہار گئے۔ 1997 میں متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر منتخب ہوئے۔ اس کے علاوہ کئی ادبی و غیر ادبی اداروں کے سرپرست اور معاون رہے۔

زندگی کے آخری برسوں میں وہ گھر تک محدود ہو گئے تھے۔ ناسازیء طبع کے باوجود اکثر وہیل چیئر پر کئی تقریبات میں شرکت کے لیے چلے بھی جاتے تھے۔ انہوں نے ایک بھرپور زندگی گزاری، ادبی دنیا کے تمام اہم اعزازات سے انہیں نوازا گیا اور سرکاری سطح پر بھی ان کی پذیرائی ہوئی۔

مجھے ان سے ایک انٹرویو کرنے کا موقع ملا، جس میں وہ مجھ سے بڑی شفقت سے پیش آئے۔ ان سے ملاقات کر کے بالکل یہ احساس نہیں ہوا کہ ہم کسی بہت بزرگ شاعر سے مل رہے ہیں۔ ان سے میں نے ایک سوال پوچھا کہ ”تخلیق میں کسک، بے چینی اور اس طرح کے احساسات کا کتنا عمل دخل ہے؟“ اس کا بہت خوبصورت جواب انہوں نے دیا کہ جس پر ہم چاہیں تو عملی طور پر کاربند ہوسکتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ”درد، غم، سوز، جستجو، کرب و تلخی جیسی کیفیات انسان کو نکھارنے میں مدد دیتی ہیں۔“

فرہاد زیدی، بانو قدسیہ، اشفاق احمد اور ابنِ انشاء کے ساتھ.
فرہاد زیدی، بانو قدسیہ، اشفاق احمد اور ابنِ انشاء کے ساتھ.

اس طرح کی بہت ساری باتیں ہیں، جن سے ہم اپنی زندگی کے مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔ اس کے باوجود عالی صاحب کے ہاں ایک اداسی تھی، جس میں کئی صدیوں کی ریاضت اور پیچھے رہ جانے والے پڑاؤ کی یاد تھی اور بچھڑ جانے والوں کی پرچھائیاں بھی۔ زندگی کے سات سُر سمجھ لینے کے بعد وہ اب جدائی کا آٹھواں سُر سمجھنے کو ہم سے جدا ہوئے ہیں۔

ان کی ایک غزل کو پڑھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گویا یہی ان کی زندگی کا خلاصہ ہے۔ اقتباس ملاحظہ کیجیے۔

ایک عجیب راگ ہے ایک عجیب گفتگو

سات سروں کی آگ ہے آٹھویں سر کی جستجو

بجھتے ہوئے میرے خیال جن میں ہزارہا سوال

پھر سے بھڑک کے روح میں پھیل گئے ہیں چار سو

ہنستی ہوئی گئی ہے صبح پیار سے آرہی ہے شام

تیری شبیہ بن گئی وقت کی گرد ہوبہو

خون جنوں تو جل گیا شوق کدھر نکل گیا

سست ہیں دل کی دھڑکنیں تیز ہے نبضِ آرزو

جمیل الدین عالی، ایک والی ریاست کے وارث، تقسیم ہند کے شاہد، ارض وطن کے عاشق، میرے شاعر اور بہت سوں کے محبوب، ان کے جانے سے وہ مہک لوٹ آئی ہے جس میں ان کے گیتوں کی کھنک ہے، غزلوں کی رعنائیت، دوہوں کا رچاؤ اور نثر کی لطافت، جس سے ہم ان کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، کیونکہ یہ وہ شخص تھا، حروف جس کے تابع تھے اور حروف سب کے تابع نہیں ہوتے، مگر جس کی بات مان لیں، اس کا پھر بہت مان رکھتے ہیں۔ جمیل الدین عالی اردو شعر و ادب کا مان ہیں۔

خرم سہیل

بلاگر صحافی، محقق، فری لانس کالم نگار اور کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔

ان سے ان کے ای میل ایڈریس [email protected] پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (8) بند ہیں

Ikram Abbasi Nov 24, 2015 08:47pm
Kha gai yeh zameen Aasman kaisay kaisay.
یمین الاسلام زبیری Nov 24, 2015 11:02pm
سب کہاں کچھ لالہ و گل میں نمایاں ہوگئیں ۃ خاک میں کیا صورتیں ہونگی کہ پنہاں ہو گئیں ۔ غالب
Vicky Nov 25, 2015 10:37am
Kia bat hai Aali sahib ki salutes
Muhammad Ashfaq Ayaz Nov 25, 2015 10:39am
خرم صاحب واقوی ایک تخلیقی آدمی ہیں۔ جمیل الدین عالی پر ان کا مضمون بڑا غور طلب ہے اور بڑے محنت کے ساتھ لکھا گیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ ڈان اردو ڈاٹ کام پر شائع ہونے والے سارے مضامین ہی قابل توجہ ہوتے ہیں۔
Khurram Shafique Nov 25, 2015 11:21am
بہت خوب
ابصار احمد Nov 25, 2015 11:56am
زبردست خرم بھائی آپ نے عالی جی پر مختصر اور جامع تحریر لکھی ہے
منصور مانی Nov 25, 2015 01:16pm
خرم صاحب، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ عالی جی پاکستان کا سر مایہ تھے اور رہیں گے، اُن کے دوہئے، گیت پاکستان میں ہمیشہ سُر بکھیرتے رہیں گے، آپ کے کالم سے نوجوانوں کو عالی جی کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور وہ اپنی اقدار سے روشناس ہوں گے، بہت ہی اچھی کاوش۔ سلامت رہیں
Polaris Nov 24, 2021 09:38am
Thanks for a nice article on "The Great Aali Saheb".

کارٹون

کارٹون : 13 نومبر 2024
کارٹون : 12 نومبر 2024