15 تبدیلیاں جو زندگی بھر کی کامیابی کا باعث بن جائیں
آپ اپنی زندگی خاص طور پر جوانی کا وقت کیسے گزرتا ہے وہ مستقبل میں ذاتی طور پیشہ وارانہ شخصیت کے طور پر کامیابی کا تعین کرنے لیے اہم ہوتا ہے۔
ماہرین نفسیات کے مطابق جوانی کا دور ایسا فیصلہ کن وقت ہوتا ہے جو آپ کی باقی زندگی کے لیے ایک راہ ہموار کردیتا ہے۔
سننے میں چاہے مشکل لگتا ہو مگر اس دور میں کچھ چیزیں، عادتیں یا تبدیلیاں ایسی ہوتی ہیں جن کو اپنا کر آپ آگے کی زندگی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔
اپنے مقاصد کو تحریر کرلیں

اپنے مقاصد اور خوابوں کو تحریر کرلینے سے آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ ذہن میں کیا کچھ چل رہا ہے اور یہ ایسا رکارڈ ثابت ہوتا ہے جو وقت گزرنے کے بعد حوالہ بن سکتا ہے۔ ایک تحقیق کے دوران کالج کے طالبعلموں کو اپنے مستقبل کے مقاصد تحریر کرنے کا کہا گیا اور نتائج سے معلوم ہوا جنھوں نے اس تحریری مشق کو مکمل کیا انہوں نے تعلیم مکمل کی تاکہ وہ مستقبل کے خوابوں کی تعبیر پاسکیں۔
اپنی انا کو کچل دیں

یہ سیکھیں کہ کس طرح انا کو ختم کیا جاسکتا ہے، یہ وہ چیز ہے جو مثبت پیشرفت اور مواقعوں کو دیکھنے کا موقع ہی نہیں دیتی۔ یہ جانے کہ کس طرح سادہ سوالوں کی مدد سے انا کے غبارے کو پھاڑا جاسکتا ہے جیسے حالات ویسے نہ ہوئے جیسے نظر آرہے ہے تو ؟ اور یہ خاص طور پر اور اس وقت کیا ہوگا جب میں غلط ہوگا؟
زیادہ مطالعہ شروع کردیں

ایسا نہیں کہ رسمی تعلیم پر مطالعے کو ترجیح دی جانی چاہئے مگر پڑھنا ایسے موضوعات کے بارے میں سیکھنے کے لیے زیادہ بہتر ذریعہ ثابت ہوتا ہے جو کالج یا یونیورسٹی کے کلاس کا حصہ نہیں ہوتے۔ ایک کے بعد ایک کتاب کے مطالعے سے آپ اپنے کالج یا یونیورسٹی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ علم حاصل کرچکے ہوں گے جو آگے کی زندگی میں یقیناً کام آئے گا۔
کسی اور کی توقعات کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش ترک کردیں

دیگر افراد کی توقعات اور اقدار کو استعمال کرنا ہوسکتا ہے آسان لگتا ہو مگر ایسا کرنے سے آپ خود کو زندگی میں کبھی بھی مطمئن نہیں پاتے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ایک چیز جو آپ کرکے دیگر افراد کی مدد کرسکتے ہیں وہ یہ ہے کہ اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق گزاریں۔ وہ کام نہ کریں جو دیگر افراد کہیں کہ کرنا چاہئے اور دوسروں کی توقعات کا خیال رکھنے کی کوشش نہ کریں، عمر گزرنے کے بعد آپ کو ہاتھ سے نکل جانے والا موقع واپس نہیں ملے گا۔
اپنے پیاروں کا خیال رکھنا

اگر آپ کسی کے بارے میں اچھے خیالات رکھتے ہیں تو ان کے اظہار کو عادت بنالیں۔ چھوٹی چھوٹی چیزیں، اچھے الفاظ نہ صرف تعلق کو بہتر بناتے ہیں بلکہ اس سے باہمی تعلق کے نئے راستے بھی کھلتے ہیں۔ اپنے والدین، شریک حیات یا دیگر کے سامنے اپنی محبت کو ظاہر کریں گے اور مستقبل میں اپنی زندگی کو اچھا بنالیں۔
اپنی صحت کا خیال رکھنا

سب سے آسان اور اہم ترین اقدام جو آپ کرسکتے ہیں وہ اپنی صحت کا تحفظ ہے۔ ایک بار صحت خراب ہوجائے تو تندرستی کا حصول بہت مشکل ہوتا ہے اور درمیانی عمر میں اکثر افراد دولت کے بدلے اچھی صحت کا تبادلہ کرنے کے لیے بھی تیار ہوتے ہیں۔ جوانی میں ورزش کو عادت بنالینا سب سے زیادہ اہم ہے۔ اگر آپ اس اوائل عمری میں کو اپنالیں تو یہ دہائیوں بعد عادت بن جاتی ہے جو کہ درمیانی عمر میں خاص طور پر فائدہ مند ثابت ہوتی ہے جب پٹھوں کا پھیلنا ختم ہونے لگتا ہے۔
ریٹائرمنٹ کے لیے بچت کرنا

اپنی آمدنی سے کم خرچ کریں اور بچ جانے والے پیسوں کا تعمیراتی استعمال کریں۔ آپ کی بچت کی عادت ایسی حیرت انگیز حکمت عملی ہے جو آپ کو اپنی مرضی کے مطابق ریٹائر ہونے کا موقع دیتی ہے ایسا نہ کرنے پر ہوسکتا ہے کہ ساری عمر آپ کو کام کرنا پڑے۔ ماہرین کے مطابق عمر کے سنہری برسوں میں بچت کا آغاز آپ کو ریٹائرمنٹ تک زیادہ سے زیادہ بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
سوالات پوچھنا شروع کریں

سوالات پوچھ کر آپ کو مختلف افراد کے مختلف مقاصد جاننے کا موقع ملتا ہے۔ کم یا زیادہ مگر ہم سب کی زندگیوں میں دیگر افراد کے خیالات اور آئیڈیاز شیئر کرنے کا عنصر موجود ہوتا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق سوالات کے جوابات کا تجسس اور معلومات کی کھوج سے آپ دیگر افراد سے اپنے ذاتی تعلقات بھی مضبوط کرسکتے ہیں کیونکہ آپ اپنا وقت ان کی بات سننے میں گزارتے ہیں اور دفاتر میں کارکردگی بہتر ہوتی ہے کیونکہ آپ ہمیشہ سیکھنے اور بہتری کے خواہشمند ہوتے ہیں۔
دانتوں کا خلال

آپ نے کبھی غور کیا کہ درمیانی عمر میں کتنے لوگ اپنے زندگی کے متعدد قیمتی گھنٹے ڈینٹل کرسیوں پر بیٹھ کر گزار دیتے ہیں جبکہ مالی خرچہ الگ ہوتا ہے۔ امریکن ڈینٹل ایسوسی ایشن کے مطابق دن میں کم از کم ایک دانتوں کا خلال کرنے سے دانتوں کے اس درمیانی خلاءمیں بیکٹریا کو ہٹانے میں مدد ملتی ہے جہاں ٹوتھ برش پہنچ نہیں پاتا۔ دوسری صورت میں مسوڑوں کے امراض اور کیڑے لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
کھانا پکانا سیکھنا شروع کریں

ماہرین کے مطابق یہ سیکھیں کہ کیسے اپنے اور دیگر کے لیے کھانا پکایا جاتا ہے۔ خواتین کے ساتھ مردوں کے لیے بھ یہ ضروری ہے کیونکہ ایسے امکانات ہوتے ہیں کہ عمر کے کسی حصے میں آپ کو یہ کام کرنا ہو مگر مہارت ہی نہ ہو۔ گھر کے بنے ہوئے کھانے پیسوں کی بچت بھی کرتے ہیں اور باہر کے کھانوں کے مقابلے میں صحت بخش بھی ہوتے ہیں۔
حالات حاضرہ سے واقفیت

اس بات کے امکانات ہیں کہ اگر آپ تازہ ترین خبروں یا حالات سے واقف ہیں تو آپ اپنے اندر وہ جذبہ تلاش کرسکیں جو اس مقصد کے لیے کام آسکے جس میں آپ دلچسپی رکھتے ہو یا یہ یقین دلاسکے کہ آپ یہ کام کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں تازہ ترین حالات سے واقفیت سے آپ کو ارگرد کے لوگوں سے بات چیت میں مدد مل سکتی ہے۔
سفر کریں

سیاح نہیں بلکہ مسافر کی حیثیت سے سفر کریں، اس سے آپ کو اپنے ویژن کو بڑھانے اور یہ احساس دلانے میں مدد ملے گی یہ دنیا بیک وقت کتنی بڑی اور کتنی چھوٹی ہے۔ ماہرین کے مطابق دنیا کے اہم مقامات کو دیکھنے اور ہوٹلوں، اسٹورز اور باغات کو دریافت کرنے سے آپ کو زندگی کے مختلف رنگ دیکھنے کا موقع ملے گا اور یہ تجربات مستقبل میں بہت کام آئیں گے۔
کچھ وقت تنہا گزارنا بھی شروع کریں

ماہرین تو روزانہ آدھا گھنٹہ تنہائی میں گزارنے کا مشورہ دیتے ہیں، جس دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کا موبائل فون ساتھ نہ ہو۔ محققین کے مطابق انسانوں کو حقیقی تنہائی کی ضرورت ہوتی ہے، جہاں وہ ایس ایم ایس اور فیس بک وغیرہ سے دور ہو تاکہ وہ اپنے رویوں اور تجربات کے بارے میں سمجھ سکیں۔
ہفتہ وار جائزہ لینا

ایک اچھی عادت اپنے گزرے ہوئے ہفتے کا جائزہ لینا اور آنے والے ہفتے کے لیے حکمت عملی بنانا ہے۔ اس کے لیے یہ سوالات استعمال کیے جاسکتے ہیں، جیسے گزشتہ ہفتے کیا کچھ اچھا رہا؟ کیا کچھ اچھا نہیں رہا ؟ (ان کو روکنے، قابو پانے یا زندگی سے نکالنے کی کوشش کریں)، ان سوالات کے جوابات کی بنیاد پر آنے والے ہفتے کے لیے تبدیلیوں لانے پر غور کریں۔
ناکامیوں کو سراہنا شروع کریں

زندگی میں ناکامی کا سامنا کس کو نہیں ہوتا خاص طور پر نوجوانی کے دور میں، مگر یہی وہ وقت ہوتا ہے جب ہم ناکامیوں سے سیکھ کر کامیابی کی جانب گامزن ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق نت نئی کوششوں میں ناکامی سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے اور اسی سے نئے راہیں بھی کھلتی ہیں کیونکہ کوشش کیے بغیر ہار ماننے سے اچھا کوشش کرنا ہے۔
تبصرے (28) بند ہیں