شاہین ایئر حادثہ: پائلٹ کے نشے میں ہونے کا انکشاف
کراچی: رواں ماہ کے آغاز میں کریش لینڈنگ کرنے والے شاہین ایئر انٹرنیشنل کے پائلٹ کی میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ جہاز کی لینڈنگ کے موقع پر تھکے ہوئے اور نشے کی حالت میں تھے۔
خیال رہے کہ تین نومبر کو پیش آنے والے واقعے کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ طیارے میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے۔
اس سے قبل سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق پائلٹ نے ایئرپورٹ حکام کو لینڈنگ گیئر میں خرابی کی اطلاع دی تھی۔
مزید پڑھیں: لاہور ایئر پورٹ پر طیارے کی کریش لینڈنگ
تاہم میڈیکل رپورٹ میں ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی امجد علی تور کے حوالے سے انکشاف کیا گیا ہے کہ پائلٹ کے خون میں بڑی مقدار میں شراب پائی گئی جبکہ اس بات کے بھی اشارے ملے ہیں کہ پائلٹ تھکے ہوئے تھے۔
انہوں نے ایئرلائنز کو ہدایت دیں کہ وہ ہوا بازی کے معیار کو برقرار رکھیں اور پائلٹس شراب کے نشے میں جہاز اڑانے سے باز رہیں۔
سرپرائز بلڈ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام فضائی کمپنیوں کی پروازوں پر تعینات پائلٹس اور میزبانوں کے 'سرپرائز بلڈ ٹیسٹ' کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرپرائز بلڈ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی زیر صدارت فضائی کمپنیوں کے نمائندوں کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں لاہور میں نجی ایئر لائن کے طیارے پر تعینات پائلٹ کی بلڈ رپورٹ میں الکوحل کی بڑی مقدار اور تھکاوٹ کے اثرات کا بھی سخت نوٹس لیا گیا۔
تمام فضائی کمپنیوں کو اپنی پروزاوں پر تعینات عملے کے بلڈ ٹیسٹ کرانے اور رپورٹس سی اے اے کو بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی اے اے کے ڈاکٹروں کو بھی پائلٹس اور میزبانوں کے سر پرائز بلڈ ٹیسٹ کرنے کا اختیار دیدیا گیا ہے۔
تبصرے (2) بند ہیں