'دل والے' کا پہلا ٹریلر جاری
بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’دل والے‘ کا پہلا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔
اس ٹریلر میں کئی باتیں خاصی دلچسپ ہیں لیکن سب سے دلچسپ بات ہے شاہ رخ اور کاجول کا اسکرین پر 5 سال بعد ایک ساتھ کام کرنا۔
فلم ’دل والے‘ میں بولی وڈ کی بڑی کاسٹ شامل ہے جس میں شاہ رخ خان کے ساتھ کاجول، ورن دھون، کریتی سنن، بومن ایرانی، جونی لیور، ونود کھنہ اور سنجے مشرا شامل ہیں۔
اس فلم کی ہدایتکاری روہت شیٹھی نے دی ہے جس سے آپ اس بات کا باخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ فلم میں متعدد ایکشن مناظر فلمائے گئے ہوں گے۔
فلم کے ٹریلر سے یہ کوئی عام رومانوی فلم نہیں لگتی، اس ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان اور ورن دھون بھائیوں کا کردار ادا کر رہے ہیں، ورن اور کریتی ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں، جبکہ شاہ رخ اور کاجول کچھ مشکلات کے باعث ایک ساتھ نہیں ہیں۔
فلم کے ٹریلر میں یہ بھی دکھایا گیا کہ شاہ رخ خان دو طرح کا کردار ادا کریں گے، ایک میں وہ کسی غنڈے کا جبکہ دوسرے میں خاصے شریف نظر آئیں گے۔
اس فلم کی خاص باتوں میں سے ایک شاہ رخ اور کاجول کا آئس لینڈ میں فلمایا گیا رومانوی گانا ہوگا جس میں کاجول نہایت خوبصورت انداز میں نظر آئیں گی۔
فلم کی شوٹنگ کے دوران بہت سے لوگوں کا اندازہ تھا کہ فلم ’دل والے‘ شاہ رخ اور کاجول کی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ جیسی ہی ہوگی، البتہ ٹریلر دیکھ کر اس بات کا یقین ہوگیا ہے کہ یہ اندازے غلط ہیں، دونوں فلموں میں اگر کچھ ملتا جلتا ہے تو وہ صرف ان کے نام ہیں۔
فلم کے ٹریلر کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ کاجول اس میں آج بھی اتنی ہی خوبصورت نظر آرہی ہیں جتنی وہ اپنی ماضی کی فلموں میں نظر آتی تھیں۔
فلم ’دل والے‘ 18 دسمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔