نوشہرہ: طالبات کے اسکول پر نامعلوم افراد کی فائرنگ
پشاور: خیبر پختونخوا کے علاقے نوشہرہ میں دہشت گرد طالبات کے اسکول پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔
تھانہ اکوڑہ خٹک کی پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے مصری بانڈی کےعلاقے میں گورنمنٹ مڈل گرلز اسکول پر فائرنگ کی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی تعداد 3 تھی، جنہوں نے اسکول کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اور فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے اردگرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
خیال رہے کہ 5 روز قبل خیبر پختونخوا میں ہی چار سدہ میں 2 اسکولوں کے باہر مبینہ طور پر دہشت گردوں نے ہوائی فائرنگ کی۔
یہ بھی پڑھیں : چارسدہ میں اسکولوں کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ
چارسدہ میں شبقدر کے علاقے میں ایک نجی اور ایک سرکاری اسکول کے باہر تین افراد نے فائرنگ کی تھی۔
علاقہ مکینوں نے جب فائرنگ کی آواز سنی تھی تو انہوں نے بھی جوابی طور پر ہوائی فائرنگ کی جس کی وجہ سے حملہ آور فرار ہوئے تھے۔
اس حملے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا البتہ حملہ آروروں کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
مزید پڑھیں : پشاور میں اسکول پر حملے میں 132 بچے ہلاک
خیال رہے کہ گزشتہ برس 16 دسمبر کو خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے میں 132 بچوں سمیت 150 افراد کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں اسکولوں کے حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں بعض نجی اسکولوں میں حفاظتی اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں