• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

ہندوستان انتہاپسند ریاست بننے کے قریب؟

شائع October 23, 2015 اپ ڈیٹ September 7, 2021
ریاستی سطح پر انتہاپسندوں کی حمایت کر کے بی جے پی ہندوستان کو ایک ایسی آگ میں جھونک رہی ہے جسے بجھانا ناممکن ہوگا۔ — رائٹرز
ریاستی سطح پر انتہاپسندوں کی حمایت کر کے بی جے پی ہندوستان کو ایک ایسی آگ میں جھونک رہی ہے جسے بجھانا ناممکن ہوگا۔ — رائٹرز

یوں تو اشوک کا نشان ہندوستان کی ریاست کا نشان ہے، اسی اشوک نے 2300 سال پہلے ہندوستان میں مذہبی رواداری کا درس دیا تھا اور کہا تھا کہ "وہ جو صرف اپنے مذہب کی تعظیم کرتا ہے جبکہ دوسرے مذاہب پر ملامت کرتا ہے، اصل میں اپنے ہی عقیدے کو نقصان پہنچا رہا ہوتا ہے"۔ مگر اب ہندوستان میں آئے دن مذہبی انتہا پسندی کے گھناؤنے واقعات پیش آ رہے ہیں۔

جبکہ اس سے بھی کئی سال پہلے مذاہب کی ہم آہنگی کا بیان ہندوؤں کی پاک کتاب رگوید میں بھی ملتا ہے جس میں لکھا ہے کہ "معقول لوگ ایک ہی سچ کو الگ طریقوں سے سمجھاتے ہیں۔"

اس کے علاوہ ہندوستان کی تاریخی بھگتی تحریک اور صوفیوں کا ایک بڑا مقصد مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔ ہندوستان میں آنے والے مسلمان صوفیوں نے بھی اپنے کلام کے ذریعے مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگوں تک امن، بھائی چارے کا درس دیا۔

لیکن ہندوستان میں کچھ ایسے حکمران بھی گزرے ہیں جنہوں نے مذہبی ہم آہنگی کو اپنے عزائم کے لیے مسخ کیا، خصوصاً جو بیرونی ریاستوں سے وہاں حملہ آور ہوئے، جبکہ دوسری طرف ایسے حکمران بھی آئے جنہوں نے مذہبی ہم آہنگی کی مثالیں قائم کی۔

پڑھیے: خوف پھر جیت گیا

لیکن آج اسی سرزمینِ ہندوستان سے ہمیں مذہبی رواداری دھندلی اور انتہاپسندی و عدم برداشت واضح ہوتی دکھائی دیتی ہے، جہاں کا آئین بھی سیکیولر ہے اور جس کے تحت تمام مذاہب کے لوگ اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا پورا حق رکھتے ہیں۔

ہندوستان کی آزادی سے لے کر اب تک ہندو بنیاد پرستوں کی جانب سے فسادات، خوف اور عدم برداشت کے طویل باب تاریخ کی کتاب میں محفوظ ہیں، جن سے ہندوستان کی سیکیولر پہچان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کبھی اچھوتوں کی بستیوں کو جلانا ہو، یا کبھی سکھوں کی عبادت گاہوں پر مسلح آپریشن کرنا ہو، اندرا گاندھی کے قتل کے بعد سکھوں کے خلاف انسانیت سوز فسادات ہوں، یا کبھی موجودہ ہندوستانی وزیراعظم کی آبائی صوبے گجرات میں ہندو مسلم فسادات ہوں، بنیاد پرستوں کی پوری کوشش رہی ہے کہ ہندوستان میں ہندو مذہب کے ماننے والوں کے علاوہ ہر کسی پر عرصہء حیات تنگ کر دیا جائے۔

موہن داس گاندھی کے قتل کو بھی ایک طبقہ مذہبی بنیاد پرستی کا سبب سمجھتا ہے۔ کانگریس جماعت سیکیولر ازم کو اہمیت دیتی ہے، اور شاید اس لیے ہی اقلیتوں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ بی جے پی اس سے بلکل مختلف ہے، کیونکہ بی جے پی کی بنیاد ہی بنیاد پرستی نظریات پر ہے۔

میں یہاں ہندو بنیاد پرست قوم پرستی کا ذکر اس لیے کرنا ضروری سمجھوں گا کیونکہ ہندوستان میں ہندو مذہب اکثریت میں ہے، اس لیے ہندوستان میں ہندو بنیاد پرست قوم پرستی سے مذہبی رواداری کا توازن بگڑ سکتا ہے، جس سے نہ صرف ہندوستان کو نقصان ہوگا بلکہ یہ پورے خطے کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا کیونکہ جب پاکستان کی بات کی جائے تو یہاں پر بھی کچھ انتہا پسند مذہب کا لبادہ اوڑھے انتہا پسندی کو فروغ دے رہے ہیں جن سے پاک افواج دلیری کے ساتھ لڑ رہی ہیں۔

ہندو بنیاد پرستی کی بنیاد تقسیمِ ہند سے پہلے ہی تاریخ میں ملتی ہے۔ ہندوتوا نظریہ ایک مذہبی بنیاد پرست نظریہ ہے جس نے ہندو قوم پرستی کو تقویت بخشی۔ 1923 میں ویانک دامودر سورکار نے سب سے پہلے لفظ ہندوتوا اپنے ایک پمفلٹ "ہندوتوا: ایک ہندو کون ہے" میں کیا۔ بعد میں یہ نظریہ 1925 میں بننے والی راشٹریہ سوئیم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے اپنایا جس سے اس نظریہ کو سیاسی صورت ملی۔

ہندوستان میں آج بر سرِ اقتدار جماعت بی جے پی 1980 میں اٹل بہاری واجپائی اور لال کرشن آڈوانی کی قیادت میں وجود میں آئی تھی۔ اس جماعت کا قیام بھارتیہ جن سنگھ سے ہوا جو 1951 میں راشٹریہ سئیم سیوک کی سیاسی ونگ تھی۔

مزید پڑھیے: مودی کے ہندوستان میں خوش آمدید

بی جے پی نے ہندو بنیاد پرستوں کو اپنے قریب لانے کے لیے اپنے منشور میں ایسے نقطے شامل کیے تھے جو ہندوستان کے سیکیولر آئین کے منافی تھے جیسے ملک میں گائے ذبح کرنے پر پابندی ہوگی، تمام مذاہب کے لیے نجی خاندانی تنازعات کے لیے ان کے مذہبی عقائد سے جڑے قانونی کوڈ کے برعکس یکساں قوانین کا اطلاق ہوگا، وغیرہ۔

بی جے پی نے اپنے پہلے دورِ اقتدار میں ہندوتوا نظریے کو مضبوط کیا اور اقلیتوں کے امتزاج سے جڑی ثقافت کو ایک جگہ رکھ دیا گیا جس کا مظاہرہ ہندوستان کی موجودہ بی جے پی سرکار نے ایک بار پھر اپنے یوم جمہور کے دن کی پریڈ پر بھی کیا، جو ہندوستانی میڈیا کے نمائندگان نے بھی محسوس کیا۔

لیکن چونکہ ہندوستان اب ڈیجیٹل ہو رہا ہے اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار بھی ہے، اس لیے پورے خطے پر ایک اہمیت رکھتا ہے۔ مگر آج جس جماعت کو ہندوستانیوں نے موقع دیا ہے، اس کے تانے بانے ایک مخصوص طرز کی سوچ رکھنے والے طبقے سے ہیں، ایسا نہ ہو کہ سیکیولر ہندوستان سیفرون بھارت بن جائے۔

ہمیں اس بات پر بھی اتفاق کرنا ہوگا کہ ہندوستان سیکیولر اس لیے ہی ہے کیونکہ وہاں ہندوؤں کی ایک بڑی تعداد ریاست کی مذہبی معاملات سے علیحدگی اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لیے برابر حقوق کی حمایتی ہے۔ ہندوستانیوں نے گجرات کی صنعتی ترقی سے متاثر ہو کر مودی کو وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ دیا ہے، نہ کہ گجرات کے ہندو مسلم فسادات میں ان کے کارنامے دیکھ کر۔ مگر اب لگتا ہے کہ بی جے پی حکومت اس بڑی تعداد کو ایک طرف رکھ کر چھوٹی تعداد میں موجود ہندو انتہاپسندوں کو طاقتور بنا کر ہندوستان کو ایک انتہاپسند ریاست میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔

ہندوستان کے وزیرِ اعظم کو چاہیے کہ خطے میں امن کے لیے ہر قسم کی دہشت گردی کے ساتھ ہندوستان میں بڑھتی ہندو بنیاد پرستی کے لیے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائیں اور سرحدوں پر بھی جنونیت سے گریز کرتے ہوئے سنجیدہ حکمت عملی سے کام لیں۔ ریاستی سطح پر انتہاپسندی کو فروغ دے کر وہ فی الوقت اپنی حکومت کو مضبوط تو کر لیں گے اور اپنے حمایتیوں اور مخالفین دونوں میں اپنی دھاک بھی بٹھا لیں گے، مگر آنے والے وقت میں ہندو انتہاپسندی کا یہ عفریت ہندوستانی معاشرے کی رگوں میں ایسا سرایت کرے گا کہ اس سے نمٹنا کسی کے بس کی بات نہیں رہے گی۔

ایاز احمد لغاری
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (4) بند ہیں

Avarah Oct 23, 2015 03:59pm
ہندوستان انتہاپسند ریاست بننے کے قریب؟let us wait.. it will become more easy to handle thugs.
Zameer Haider Oct 23, 2015 04:35pm
لکھاری صاحب اپنے بلاگ میں انتہا پسند ہندوں کا دفاع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان میں رہنے والے ہندوں کی کثیر تعداد مسلمانوں اور پاکستان سے نفرت کرتی ہے ، نہ صرف ہندو عوام بلکہ انڈین اسٹیبلیشمنٹ بھی پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کے لیے شروع سے ایڑی چوٹی کا زور لگاتی رہی ہے جسکی واضع مثال بلوچستان میں را کی مداخلت ، کراچی اور قبائلی علاقہ جات میں طالبان کی سپورٹ لکھاری کی طرف سے یہ کہنا کہ ہندوستان میں صرف چند لوگ ہی انتہا پسند ہیں یا پاکستان مخالف جذبات رکھتے ہیں سرا سر جھوٹ اور پاکستانیوں کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ مودی کو سب سے زیادہ ووٹ پاکستان مخالف ہونے کی وجہ سے ہی پڑا ہے نہ کہ اُس کی گجرات میں کارکردگی کی وجہ سے
Athar Massood Wani Oct 23, 2015 07:39pm
یوں بی جے پی حکومت کی طرف سے اقتدار میں آتے ہی اکثریتی انتہا پسند ہندوئوں کے اقلیتوں کے خلاف پرتشدد اور ظالمانہ کاروائیوں کا ایک نیاسلسلہ چل نکلا ہے۔بھارت کے پروفیسر ابی کمار دوبے کے مطابق 'بی جے پی ' اپنے بنیادی عقیدے کو پورے ملک میں یکساں طور پر نافذ کرنے کے بجائے صرف انہی ریاستوں میں آزما رہی ہے جہاں دوسری جماعتوں کی حکومت ہے، اپنی ریاستوں میں نہیں۔بھارت میں چند حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر' بی جے پی 'اور اس کی حامی تنظیموں، جیسے بجرنگ دل، گا رشا دل اور ہندو جاگرن منچ، شیو سینانے اپنے قدم واپس نہیں کھینچے تو یہ ثقافتی سیاست انھیں بہت مہنگی پڑنے والی ہے۔ میرے خیا ل میں بھارتی حلقو ں نے یہ کہتے ہوئے بہت کسر نفسی سے کام لیا ہے کہ'' یہ انتہا پسندی انہیں بہت مہنگی پڑنے والی ہے''،حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان میں اقلیتوں کے خلاف اکثریتی ہندوئوں کے اس مسلسل غیر انسانی طرز عمل سے ہندوستان میں نئی آزاد ریاستوں کے قیام کی ضرورت اور جواز کو تقویت مل رہی ہے۔
راشد Oct 24, 2015 12:00pm
قریب کیا؟ بھارت تو ہمیشہ سے ایک انتہا پسند ریاست ہے۔ جو کہ اپنے ہمسایوں کو غیر مستحکم کرنے کی سعی کرتا رہتا ہے۔ اپنی اس غلیظ فطرت پر بھارت نے سیکولرازم کا نقاب چڑھا رکھا تھا جو کہ مودی کے اقتدار میں آنے سے اتر گیا

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024