ودیا، امیتابھ اور نوازالدین ایک فلم میں
بولی وڈ کے تین بڑے اداکار امیتابھ بچن، ودیا بالن اور نوازالدین صدیقی ایک ساتھ تھرلر فلم TE3N میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے.
فلم فئیر کی ایک خبر کے مطابق ہدایت کار ربھو داس گپتا کی فلم 2016 کے وسط میں ریلیز ہو گی۔
خبر کے مطابق امیتابھ نے فلم کی اسکرپٹ پڑھے بغیر اس میں اداکاری کی حامی بھر دی۔
فلم کے تخلیقی پروڈیوسر سجائے گھوش کا کہنا تھا کہ امیتابھ بچن کو اس فلم کا صرف خیال ہی بے حد پسند آیا جس کے بعد انہوں نے کہانی لکھنے پر زور دیا اور اداکاری کے لیے فوری حامی بھردی۔
ان کے مطابق نوازالدین نے بھی اس فلم کے خیال کو پسند کرکے حامی بھردی تاہم پروڈیوسر کو اداکارہ ودیا بالن کی فلم میں رضامندی کے حوالے سے فکر تھی جس کی وجہ ودیا کا گزشتہ دنوں متعدد فلموں میں اداکاری سے انکار تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ودیا بالن اس فلم میں ایک خاص کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم کی شوٹنگ اگلے ماہ شروع کی جائے گی۔