اگر کسی نے حال ہی میں وکی پیڈیا وزٹ کی ہے تو انہوں نے ہر صفحے کے اوپر ایک بینر دیکھا ہوگا کہ دنیا کا سب سے بڑا فوٹوگرافی کا مقابلہ 2015 میں ایک بار پھر ہو رہا ہے۔
"وکی لووز مونیومینٹس" (Wiki Loves Monuments) نامی یہ مقابلہ حال ہی میں اختتام کو پہنچا ہے اور اس کا مقصد دنیا کے ثقافتی ورثے کی مفت دستیاب (فری لائسنس) فوٹوگرافی تھا۔
یہ مقابلہ سال 2010 سے منعقد کیا جا رہا ہے اور اسے باقاعدہ طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے دنیا کا سب سے بڑا فوٹوگرافی مقابلہ قرار دیا گیا ہے۔
گذشتہ سال پاکستان پہلی بار اس مقابلے کا حصہ بنا تھا۔ 2015 کے عالمی مقابلے میں 33 ممالک سے 6,200 سے زیادہ افراد نے حصہ لیا جبکہ ستمبر کے مہینے میں 2 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ تصاویر مقابلے میں جمع کروائی گئیں۔
پاکستان سے 325 کے قریب لوگوں نے حصہ لیا اور 2,200 تصاویر جمع کروائیں جس سے پاکستان مقابلے میں حصہ لینے والوں کی تعداد کے لحاظ سے چھٹے نمبر پر رہا۔
اس پورے مقابلے کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ تمام تصاویر کا لائسنس مفت ہے، یعنی انہیں کسی بھی مقصد کے لیے (کمرشل مقاصد بھی) استعمال کیا جا سکتا ہے، جب تک کہ استعمال کرنے والا فوٹوگرافر کا حوالہ بھی دے۔
وکی لووز مونیومینٹس 2015 کا عالمی مقابلہ جیتنے والوں کا اعلان ہو چکا ہے، اور 2015 کے مقابلے میں جیت کا اعزاز کا پاکستان کے حصے میں آیا ہے. پاکستان کی جیوری کی جانب سے پاکستان کی نمائندگی کرنے والی سرِفہرست 10 تصاویر ذیل میں ہیں:
تبصرے (4) بند ہیں