گتے سے بننے والی ورکنگ الیکٹرک کار
دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کا رجحان بڑھ رہا ہے اور ان کے ڈیزائن دیکھنے والوں کو دنگ کردیتے ہیں مگر یہ کار سب سے ہٹ کر ہے۔
جی ہاں ٹویوٹا کمپنی کی لگژری گاڑیاں بنانے والی ذیلی کمپنی لیکسز نے اورگیمی الیکٹرک کار متعارف کرائی ہے، یعنی یہ مکمل طور پر چلنے کے لائق الیکٹرک آئی ایس سیڈان ہے جسے گتے سے بنایا گیا ہے۔
یقین نہیں آتا؟ مگر واقعی ایسا ہے اس کی پوری اوپری باڈی، پہیے اور انٹرئیر سب گتے سے بنایا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے کمپنی کے ڈیزائنرز نے گتے کی 1700 شیٹس کو لیزر سے کاٹ کر کسی گاڑی کے ڈیجیٹل ماڈل کی شکل دی اور پھر انہیں ووڈ گلیو کی مدد سے جوڑ دیا گیا۔
ڈیزائننگ سے لے کر تیاری تک کا کام سننے میں تو آسان لگ رہا ہے مگر اس کے لیے پورے تین ماہ لگے۔
تاہم آپ اس گاڑی کو سڑکوں پر دوڑتے نہیں دیکھ سکیں گے کیونکہ اسے بنیادی طور پر نمائش کے لیے تیار کیا گیا ہے حالانکہ کمپنی کے مطابق اسے چلایا بھی جاسکتا ہے تاہم یہ مسافروں کے لیے آرام دہ ثابت نہیں ہوگی۔
اب اس گاڑی میں سفر کیا جاسکتا ہو یا نہ ہو مگر اس سے ثابت ہوتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے لگ بھگ ماضی میں ناممکن سمجھے جانے والے کاموں کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔