• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

شیو سینا کی دھمکیاں رائیگاں،غلام علی دہلی مدعو

شائع October 8, 2015
پاکستان کے نامور غزل گائیک غلام علی—۔فوٹو/ بشکریہ وکی پیڈیا
پاکستان کے نامور غزل گائیک غلام علی—۔فوٹو/ بشکریہ وکی پیڈیا

نئی دہلی: ہندوستان کی انتہا پسند جماعت شیو سینا کی جانب سے پاکستان کے نامور غزل گائیک غلام علی کا ممبئی میں کنسرٹ منسوخ کیے جانے کے بعد دہلی حکومت نے انھیں وفاقی دارالحکومت میں پرفارمنس کے لیے مدعو کرلیا ہے.

این ڈی ٹی وی کے مطابق نئی دہلی کے وزیر ثقافت کپل مشرا نے غلام حسین کو مدعو کرتے ہوئے کہا ہے کہ "موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی".

ہندوستان کی سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی سے تعلق رکھنے والے کپل مشرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا سہارا لیا اور لکھا، "نہایت افسوس کی بات ہے کہ غلام علی کو ممبئی میں کنسرٹ کی اجازت نہیں دی گئی، میں انھیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ نئی دہلی آئیں اور کنسرٹ کریں کیونکہ موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی".

یاد رہے کہ غلام علی کا جمعہ 9 اکتوبر کو ممبئی میں ہونے والا کنسرٹ شیو سینا کی ان دھمکیوں کے بعد منسوخ کردیا گیا تھا، جن میں شدت پسند ہندو تنظیم کا کہنا تھا کہ "ایسے میں جب ہمارے فوجی مر رہے ہوں، ہم پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات نہیں رکھ سکتے".

بعد ازاں کنسرٹ کے منتظمین نے شیو سینا کے صدر ادھیو ٹھاکر سے ملاقات کے بعد کنسرٹ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا.

آرگنائزر رندھیر روئے کاکہنا تھا، "غلام علی کا پروگرام منسوخ کردیا گیا ہے، اب نہ تو غلام علی اور نہ ہی کوئی پاکستانی فنکار 9 اکتوبر کو یہاں پرفارم کرے گا".

رائے کا مزید کہنا تھا، "جیسا کہ سرحد کی صورتحال بہتر نہیں ہے، ایسے میں یہ ٹھیک نہیں ہے کہ کسی پاکستانی گلوگار کو یہاں بلا کر پروموٹ کیا جائے".

ادھیو ٹھاکرے کے قریبی ذرائع کے مطابق شیو سینا کے صدر نے آرگنائزرز سے کہا کہ وہ اس طرح کے پرگراموں میں پاکستانی فنکاروں کو پرفارم کرنے سے روکیں.

مزید پڑھیں:ہندوستان میں غلام علی کا کنسرٹ منسوخ کرنے کا مطالبہ

دوسری جانب کنسرٹ کی منسوخی سے متعلق غلام علی کا کہنا تھا کہ پروگرام ان کی جانب سے منسوخ نہیں کیا گیا، لیکن حالات ایسے نہیں ہیں کہ وہ پرفارم کریں.

ان کا کہنا تھا، "میں ناراض نہیں ہوں لیکن مجھے دکھ پہنچا ہے".

غلام علی کا مزید کہنا تھا کہ جہاں بھی انھیں محبت سے بلایا جائے گا، وہ ضرور جائیں گے اور پرفارم کریں گے.

خیال رہے کہ اپریل میں لیجنڈری غلام علی نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے حلقے واراناسی کے مشہور سنکت موچن مندر میں موسیقی کی محفل منعقد کی تھی، اس محفل کے لیے مودی کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا تھا لیکن انہوں نے اپنی مصروفیت کی وجہ سے اس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔

تاہم، اُسی مہینے پاکستان کے پاپ گلوکار عاطف اسلم کو شیو سینا کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے بعد انھوں نے پونے میں اپنا کنسرٹ منسوخ کر دیا تھا. اس کنسرٹ کے ہزاروں ٹکٹ فروخت ہو چکے تھے لیکن منتظمین کو پیسے ری فنڈ کرنا پڑے۔

یاد رہے کہ شیو سینا ماضی میں پاکستان کھلاڑیوں کو بھی ہندوستان میں کھیلنے پر دھمکیاں دیتی آئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024