• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

اردو قومی وحدت کے لیے کتنی ضروری؟

شائع October 4, 2015
جو لوگ سمجھتے ہیں کہ اردو کو سرکاری زبان کا درجہ دینے سے ہماری قومی وحدت مضبوط ہوگی، وہ غلطی پر ہیں۔ - خاکہ خدا بخش ابڑو/ڈان ڈاٹ کام
جو لوگ سمجھتے ہیں کہ اردو کو سرکاری زبان کا درجہ دینے سے ہماری قومی وحدت مضبوط ہوگی، وہ غلطی پر ہیں۔ - خاکہ خدا بخش ابڑو/ڈان ڈاٹ کام

یہ حسنِ اتفاق تھا کہ پچھلے سال مجھے ایک ٹریننگ پروگرام میں پاکستان بھر سے آئے ہوئے لوگوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا۔

ہم میں سے زیادہ تر لوگ اپنی مادری زبانوں میں گفتگو کر رہے تھے جنہیں دوسرے لوگ نہیں سمجھ پا رہے تھے، مگر اردو ہم سب ہی سمجھ لیتے تھے۔ دوسری زبانوں کے الفاظ سمجھنا اور ملک کے دیگر حصوں کی ثقافت اور روایات کے بارے میں سیکھنا ایک زبردست تجربہ تھا۔

ہمارے درمیان جو چیزیں مختلف تھیں، ان سے زیادہ چیزیں ایسی بھی تھیں جنہوں نے ہمارا تعلق مضبوط کیا۔

اکیسویں صدی کی ہماری نسل انٹرنیٹ کے ساتھ بڑی ہوئی ہے۔ پاپ کلچر کی زیادہ تر چیزیں ہم میں مشترک ہیں۔ ہماری یونیورسٹیاں ایک ہی طرح کا تدریسی اور مارکس کا نظام اپنائے ہوئے ہیں اور ہم سب کو ہی بیرونی ثقافتی اثرات کو ہماری اپنی ثقافتی اقدار کے ساتھ ہم آہنگ کرنے میں مشکل ہو رہی ہے۔

پڑھیے: میری اردو بہت خراب ہے!

مجموعی طور پر دیکھا جائے تو مختلف قومیتوں کے لوگوں کا ایک ساتھ جمع ہونا پاکستانی معاشرے کا چھوٹا روپ محسوس ہو رہا تھا، اور سب کچھ ٹھیک رہا۔

کہنے کا مقصد یہ ہے کہ ساتھ چلنے کے لیے بالکل ایک جیسا ہونا ضروری نہیں ہے۔ جب ہم پاکستان کی سرکاری، قومی اور علاقائی زبانوں اور ان کے ہماری شخصی اور معاشرتی شناختوں پر اثرات کے بارے میں بات کریں، تو ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اردو کو سرکاری زبان کے طور پر نافذ کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم نے ایک بار پھر اس بحث کو جنم دیا ہے کہ پاکستان کی سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان کون سی ہے اور کیا اردو کو سرکاری زبان قرار دینا ایک منطقی اقدام ہے یا نہیں۔

اگر آپ اس کے پیچھے موجود وجہ دیکھیں، تو ہاں یہ ایک منطقی اقدام ہے۔

چاہے اردو زیادہ تر پاکستانیوں کی مادری زبان ہو یا نہیں، اردو ہی وہ زبان ہے جو پاکستان بھر میں سمجھی جاتی ہے۔

عوامی اعلانات اور سرکاری خط و کتابت کو آسانی کی غرض سے اردو میں کرنے میں کچھ غلط نہیں اور نہ ہی قومی قیادت کو بیرونِ ملک تقریریں اردو میں کرنے کے حکم میں کچھ غلط ہے۔ زیادہ تر ممالک کے سربراہان ایسا ہی کرتے ہیں۔

مزید پڑھیے: اردو میڈیم، انگلش میڈیم

مگر جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اس اقدام سے اردو انگریزی کی جگہ لے لے گی، ان کا یہ خیال سادہ لوحی پر مبنی ہے کیونکہ لوگ انگریزی اس لیے نہیں سیکھتے تاکہ وہ اقوامِ متحدہ میں وزیرِ اعظم کی تقریر سمجھ لیں، بلکہ اس لیے سیکھتے ہیں تاکہ وہ بین الاقوامی پاپ کلچر، خبروں، اور تفریح کے ساتھ جڑ سکیں۔ بغیر انگریزی سیکھے ہم ان بے پناہ معلومات سے کٹ کر رہ جاتے ہیں جو ہماری اپنی زبان میں دستیاب نہیں، اس لیے لوگ انگریزی ضرور سیکھیں گے۔

مگر جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اردو کو سرکاری زبان کا درجہ دینے سے ہماری قومی وحدت مضبوط ہوگی، وہ غلطی پر ہیں۔

پاکستان میں بھانت بھانت کی قومیں بستی ہیں اور لہجے، لباس، کھانے، اور روایات ہر چند سو میل کے بعد مختلف ہو جاتی ہیں، اور اس اختلاف کی مذمت کرنے کے بجائے اس کی تعریف کرنی چاہیے۔ اگر اردو کو رابطے کی زبان بنانے سے علاقائی زبانوں کے وجود اور ترقی کو خطرہ ہو، تو پھر یہ درست قدم نہیں۔

پاکستان میں پہلے ہی اختلافات کو قبول کرنے کے حوالے سے بہت مشکلات درپیش ہیں۔ یہاں پر پہلے ہی خواتین، اور مذہبی و لسانی اقلیتوں کو برابر کے حقوق اور نمائندگی میسر نہیں۔ معاشرتی ناانصافیوں کی فہرست میں اب مزید ایک چیز کا اضافہ نہیں کرنا چاہیے۔

جو کرنا چاہیے، وہ یہ کہ ان اختلافات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بات کی جائے اور مثبت انداز میں کی جائے تاکہ ہم ہمارے آس پاس موجود طرح طرح کی چیزوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ رہنا سیکھیں، کیونکہ فی الوقت ہم لوگ ہر اس چیز کو نظرانداز کر دیتے ہیں جو ہم سے مختلف ہو۔ مثال کے طور پر غیر مسلم سلام کرے تو جواب نہ دینا، صرف اپنی برادری میں شادی کرنا، دوسری قومیتوں کی ذہنی سطح کے بارے میں لطیفے کسنا، اور ملک کے جس حصے میں ہمارا کوئی جاننے والا نہ رہتا ہو، وہاں کی خبریں نظرانداز کر دینا۔

جانیے: قومی زبان صرف ایک کیوں؟

یہ تمام چیزیں ایک بڑے مسئلے کی جانب اشارہ کرتی ہیں، جسے تسلیم کرنے سے ہم انکاری ہیں۔ ہم خود کو چھوٹے چھوٹے گروہوں میں تقسیم کیے جاتے ہیں اور ہر مختلف شخص کو اس گروہ سے باہر نکال دیتے ہیں۔ ہاں ہمیں بحیثیت انسان جانی پہچانی چیزوں کو دیکھ کر سکون و اطمینان ملتا ہے مگر اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ ہم اس میں اتنے انتہاپسند ہوجائیں کہ کسی کے مذہبی عقائد کی بناء پر اس کا قتل کرنے نکل پڑیں یا ان کے بات کرنے کے انداز سے ان کی ذہانت کا فیصلہ کریں۔

یکسانیت اور ہم آہنگی کا مطلب برتری ہونا ضروری نہیں ہے۔ جب ہم ان باتوں سے آگے بڑھیں گے اور یہ دیکھیں گے کہ مختلف النوع چیزوں میں ہمارے لیے کیا کیا موجود ہے، تو ہم جانیں گے کہ اندرونی طور پر ہم ایک دوسرے سے اتنے مختلف نہیں ہیں۔

جلد کی رنگت، لب و لہجہ، عقائد اور زبانیں ہماری شخصیت کا حصہ ہوتی ہیں، ہماری مکمل شخصیت نہیں۔ اور اگر ہم پاکستانی دنیا میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور اپنی قومی شناخت پر فخر کرنا چاہتے یں، تو ہمیں اس کی انفرادیت اور اس کی تاریخوں پر فخر کرنا ہوگا۔ اور اس کے لیے پہلا قدم تمام زبانوں کی اہمیت کو تسلیم کرنا ہے۔

انگلش میں پڑھیں.

اثناء علی

اثناء علی کتابوں سے محبت کرتی ہیں، اور فری لانس کالم نگار ہیں۔

ان سے [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (7) بند ہیں

نجیب احمد سنگھیڑہ Oct 04, 2015 06:52pm
اردو ہی وہ زبان ہے جو پاکستان بھر میں سمجھی جاتی ہے، سراسر خودساختہ اور تاریخی حقائق اور سائنسی طرز فکر کے الٹ ہے۔ کسی بھی زبان کو سمجھنے سمجھانےکے لیےاسے سیکھنا ضروری نہیں بلکہ میڈیا کےتحت اس زبان کا متواتر ڈھول بجایا جاتا ہےاور یہ ڈھول ہر کان میں غیرارادی طور پر اپنا کام دکھا جاتا ہے۔ میڈیا کا بھوت پرویز مشرف کے دور میں پیدا ہوا اور راتوں رات میڈیا کی ڈویژن ٹی وی چینلوں پر آنے لگی۔ اس سے اسی اور نوے کی دہائی میں پی ٹی وی ہی ہوتا تھا اور کیبل سسٹم ناپید تھا۔ یہی وجہ تھی کہ اردو زبان کسی کسی کے پلے پڑتی تھی باوجود اس کے کہ اس کو پاکستان کے بنتے ہی ھیڈ آف دی زبانیں بنا دیا گیا تھا۔ گویا کہ پینتالیس سال تک سرکاری زبان رہنے کے باوجود اردو زبان عام نہ ہو سکی کیونکہ میڈیا موجود نہ تھا۔ اب چونکہ میڈیا موجود ہے تو اردو تو کیا فارسی کو بھی قومی زبان بنا دیں تو چند سالوں میں بچے بچے کی سمجھ میں آ جائے گی۔جب یہ ہےتو پھر پاکستان کی علاقائی زبانوں میں سے قومی زبان چننے میں کیا قیامت ٹوٹ پڑنی تھی؟ اردو زبان کو ٹھونسنا بذات خود علاقائی زبانوں کے وجود اور ترقی کو نیشنلزازم کے تحت روکنے کی ایک کڑی ہے۔
نجیب احمد سنگھیڑہ Oct 04, 2015 06:52pm
جسطرح جلد کی رنگت، لب و لہجہ، عقائد اور زبانیں ہماری شخصیت کا حصہ ہوتی ہیں، ہماری مکمل شخصیت نہیں، بالکل اسی طرح مذہب بھی کسی قوم کا ایک حصہ ہوتی ہے مکمل قوم نہیں تو پھر کیا وجہ ہے کہ پاکستانی ثقافت کو اسلامی ثقافت کہہ کر پڑھایا جاتا ہے؟۔ دراصل ملک پر نامحسوس طریقے سے غیرملکی قومیں قبضہ کرنا چاہتی ہیں.ایسی سازشوں کو سمجھنا ہو گا اور دھرتی پر غیردھرتی کے لہو کو حکومت کرنے کی سازشوں کو توڑنا ہو گا۔
Akhtar Hafeez Oct 04, 2015 07:10pm
میں اس خیال سے اتفاق کرتا ہوں کہ ہمیں تمام زبانوں کی اہمیت کو تسلیم کرنا ہوگا کیونکہ کوئی بھی زبان غیر اہم نہیں ہے۔ اردو رابطے کی زبان ہونی چاہیے اور جو تاریخی قومیتیں یہاں پہ آباد ہیں ان کو ان کی زبان کے حق سے محروم کرنا کون سی دانشمندی ہے۔
noonnemce Oct 04, 2015 09:10pm
@Akhtar Hafeez کسی کو بھی مادری زبان سے کوئی جدا نہیں کر سکتا مگر افسوس اس وقت ہوتا ہے، جب احساسِ کمتری کے مارے لوگوں کے یہاں "منجھی" کے بعد "بیڈ" آجاتا ہے، اور "چارپائی"، "پلنگ" اور"مسہری" کہیں غائب ہو جاتی ہے؟
حافظ Oct 05, 2015 01:53am
اردو اور تمام علاقائی زبانوں کے ترقی کے عمل کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے۔ اردو ایک اپاہج زبان ہو چکی ہے۔ جس میں قریب تمام اصطلاحات فارسی یا عربی سے مستعار لینی پڑتی ہیں۔ اردو کے اپنے الفاظ قلیل ہیں ۔ اور جو ہیں وہ پینجابی پشتو سندھی بلوچی سرائیکی شینا چترالی بولنے والوں کو بالکل بھی نہیں آتے۔ باقی علاقائی زبانوں کے سکرپٹ ہی ناپید ہیں۔ نئی نسل کو ان کا نہیں پتہ۔ ایسے میں انگریزی کو ہی اپنا لیا جائے تو کوئی حرج نہیں۔
یمین الاسلام زبیری Oct 05, 2015 06:50am
اگر ہم پتا کریں کہ انگلستان میں اچھی انگرہزی کتنے لوگ بول سکتے ہیں یا پارلیمنٹ میں استعمال ہونے والی زبان کتنو ں کے پلے پڑتی ہے تو مجھے یقین ہے کہ پتا چلے گا کہ سارے انگریز اتنے قابل نہیں۔ اسی طرح بھارت میں رہنے والے، خاص کر جنوب والے ہندی نہیں سمجھتے۔ پھر بھی بھارت کی زبان ہندی ہی ہے۔ مقامی لوگوں کے مسائل مقامی زبانوں میں ہی حل ہونے چاہیے ہیں، اور بھارت میں بھی ایسا ہی ہے۔ سرکاری سطح پر استعمال ہونے والی زبان کے لیے ضروری نہیں کہ وہ مقامی طور پر بھی استعمال ہو۔ اب رہا اردو کو کیوں اور زبانوں پر ترجیح دی جائے تو اس کا جواب یہ ہی ہے کہ اردو میں استعمال ہونے والے قانونی الفاظ جن میں بہت سے عربی فارسی سے مستعار لیے گئے ہیں تمام مقامی عدالتوں میں سمجھے جاتے ہیں۔ اردو کو ۱۸۵۷ کے بعد سے ہی سرکاری درجہ حاصل تھا اس وجہ سے اس نے اور زبانوں کے مقابلے میں ترقی پائی۔ بھارت نے ہندی اپنا تو لی لیکن ان کی تمام فلمیں دراصل اردو میں ہیں ، اور اردو کی بڑھوتری کی ایک وجہ بھی ہیں کیوں کے فلم زبانی زیادہ ہوتی ہے۔ مقامی زبانوں والوں کی تشویش بجا لیکن انہوں نے کوئی منٹو نہیں پیدا کیا، نہ غالب۔ اب کریں۔
حسن امتیاز Oct 05, 2015 01:38pm
متحرمہ اثناء علی صاحبہ کا مضمون اچھا ہے ۔ لیکن میری رائے میں سرکاری زبان اردو یا انگریزی ایک الگ مسئلہ ہے ۔ جب کہ پاکستان کی علاقائی زبانوں کی ترقی ایک الگ مسئلہ ہے ان دونوں مشکلات کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔ بلکہ ان دونوں کے مسائل اور حل الگ الگ ہیں۔ اگر اردو کے بطور سرکاری زبان حیثیت سے قومی وحدت حاصل نہیں ہوسکتی تو کیا انگریزی زبان کے بطور سرکاری زبان قومی وحدت حاصل ہوجائے گی ؟؟

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024