پنجاب اور آزاد کشمیر میں موسلادھار بارشیں
لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری موسلادھار بارشوں کے باعث مکانات منہدم ہونے کے مختلف واقعات میں ایک خاتون ہلاک اور 29 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پاکستان کے مشرقی حصوں میں موجود دریائی علاقوں میں بھی موسلادھار بارشیں جاری ہیں اور فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں دریائے جہلم اور چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے چیف ریاض خان کا کہنا ہے کہ مون سون کا دباؤں کم ہونے کی وجہ سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز میں تھم جانے کا امکان ہے۔
انھوں ںے بتایا کہ مون سون کا سسٹم پاکستان سے منتقل ہورہا ہے اور اس وقت یہ سسٹم ہندوستانی پنجاب اور لاہور کے مشرقی حصوں پر موجود ہے جس کا دباؤں آج دوپہر میں کم ہونے کا امکان ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق لاہور میں جاری موسلادھار بارشوں کے باعث سبزازار کے علاقے میں ایک گھر کی چھت گرجانے سے 45 سالہ خاتون گل بی بی ہلاک ہوگئی جبکہ اس کے 3 بچے زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے نواب ٹاون میں گھر کی چھت گرنے سے 6 افراد زخمی ہوئے اور شاہدراہ میں گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔
ڈان کے مقامی نمائندوں کے مطابق بارشوں کے باعث گھر کی چھتیں گرنے سے ویہاڑی میں 4 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوئے جبکہ گجرانوالہ میں 4 اور بہاولپور میں بھی 4 افراد زخمی ہوگئے۔
گزشتہ روز لاہور میں شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جس سے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے علاقے ایئر پورٹ میں 145 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث لاہور کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔
ادھر فیصل آباد، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرانوالہ، خانیوال، گجرات، ساہیوال، منڈی بہاوالدین اور ان کے گردونواح میں جاری موسلادھار بارشوں کے باعث سڑکوں پر کئی فٹ تک پانی موجود ہے جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔