خیبر ایجنسی:فضائی کارروائی میں 15 'دہشت گرد' ہلاک
پشاور: پاک فوج کی خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں نے فضائی کارروائی کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے وادی تیراہ کے علاقے کوکی خیل میں کالعدم لشکراسلام اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا.
ذرائع کا کہنا تھا کہ بمباری میں دہشت گردوں کے 4 ٹھکانے تباہ ہوئے جس سے 15 دہشت گردوں کی ہلاکت ہوئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان میں فوج کی کارروائی میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے.
خیال رہے کہ خیبر ایجنسی میں اکتوبر 2014 میں آپریشن خیبر-ون شروع کیا گیا جبکہ مارچ 2015 میں آپریشن خبیر-ٹو شروع کیا گیا جبکہ اس سے قبل جون 2014 میں شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا۔
دسمبر 2014 میں پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے بعد ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں جبکہ 18 ستمبر کو پشاور کے قریب بڈھ بیر میں پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے کیمپ پر حملے کے بعد دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے حتمی کارروائی کی جا رہی ہے۔
پولیو ٹیم پر حملہ
خیبر ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز نے پولیو ٹیم پرحملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود علی مسجد کے قریب حملہ آور پولیو ٹیم پر حملے کے لیے تاک میں بیٹھے ہوئے تھے۔
ڈان نیوز کے مطابق حملہ آوروں کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو اسلحہ سمیت گرفتارکرلیا۔
ملزم کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام منتقل کر دیا گیا ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں