• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کراچی میں پھر گرمی کی لہر، ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم

شائع September 19, 2015
دارجہ حرارت 3 روز میں معمول پر آ جائے گا ... فائل فوٹو: رائٹرز
دارجہ حرارت 3 روز میں معمول پر آ جائے گا ... فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی: ملک کے سب سے بڑے ساحلی شہر کراچی کو ایک مرتبہ پھر گرمی کی شدید لہر کا سامنا ہے.

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہنا تھا کہ چونکہ ہوا میں نمی کا تناسب کم ہے اس لیے ہیٹ اسٹروک کا خطرہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں اتنی شدید گرمی کیوں

عبدالرشید کا کہنا تھا کہ کراچی میں پیر تک شدید گرمی رہے گی اور اس دوران درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی یہ لہر 3 روز تک برقرار رہے گی، جبکہ پیر کے بعد موسم دوبارہ معمول پر آنا شروع ہو جائے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حالیہ گرم لہر کی وجہ شمال مغربی علاقوں میں چلنے والی گرم ہوائیں ہیں۔

ویڈیو دیکھیں : کراچی میں شدید گرمی کی وجہ کیا ہے؟

کراچی میں درجہ حرارت میں اضافے کے خدشے کے بعد ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کیے جاچکے ہیں جبکہ ایمرجنسی کے پیش نظر تمام میڈیکل اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئیں۔

سخت گرمی میں ہیٹ اسٹروک کے اندیشے کی وجہ سے سندھ حکومت نے بھی شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔

کراچی میٹر پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) میں بھی ایمرجنسی نافذ کرکے طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ کے ایم سی کے سابقہ 42 میڈیکل سینٹرز میں ہیٹ اسٹروک سینٹرز بھی بحال کر دیئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں : ہیٹ اسٹروک سے بچاﺅ کی تدابیر

دوسری جانب طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تیز سورج کی گرمی سے بچنے کے لیے پانی زیادہ سے زیادہ پینا چاہیئے۔

ماہرین کے مطابق شہری جب گھر سے نکلیں تو گیلا رومال ساتھ رکھیں جس سے سر کو ڈھانپ لیا جائے۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرمی میں زیادہ سے زیادہ پانی پیا جائے تاکہ زیادہ پسینہ آنے کی صورت میں جسم میں پانی کی کمی کو پورا کیا جاسکے.

تصاویر دیکھیں : کراچی کے شہری گرمی سے پریشان

شہریوں کو یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ گرمی کے موسم میں ہلکی، متوازن اور ٹھنڈی غذا کا انتخاب کیا جائے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی سے بچنے کے لیے اگر ذرا سی احتیاط کی جائے تو ہیٹ اسٹروک اور اس جیسی دیگر مشکلات سے بچا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس جون میں بھی گرمی کی ایک شدید لہر کراچی میں آئی تھی، جس کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ بھر میں 1250 سے زائد افراد کی ہلاکت ہوئی تھی.

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے 1264افراد ہلاک

محکمہ صحت کے اعداد وشمار کے مطابق جون کے ایک ہفتے کے دوران ہیٹ اسٹروک اور ڈی ہائی ڈریشن (پانی کی کمی) کے مرض میں مبتلا 80 ہزار مریضوں کو کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں لایا گیا تھا۔

جون میں آنے والی گرمی کی لہر پر ماہرِ آب و ہوا قمر الزمان چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ شدید گرمی urban heat island effect کی وجہ سے تھی، جس میں درجہ حرارت ہوتا تو 45 ڈگری ہے، لیکن محسوس 50 ڈگری ہوتا ہے، کیونکہ شہر میں پھنس چکی گرم ہوا باہر نہیں نکل پاتی۔

ان کے مطابق شہر ایک بھٹی کی طرح ہے، جو گرمی کو روک لیتا ہے اور اسے باہر نکلنے نہیں دیتا۔

قمر الزمان چوہدری کا کہنا تھا کہ یہی درجہ حرارت، بلکہ اس سے بھی زیادہ سندھ کے دوسرے شہروں سے بھی رپورٹ ہوا ہے، لیکن اس نے لوگوں کی جانیں اس طرح نہیں لیں جس طرح کراچی میں، کیونکہ وہاں پر گرم ہوا کے پھیلنے اور باہر نکلنے کے لیے جگہ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ میں 2ماہ میں 30لاکھ پودے لگانے کا اعلان

بعد ازاں سندھ کے وزیر بلدیات شرجیل میمن نے 2 ماہ میں کراچی میں 10 لاکھ اور صوبے بھر میں 30 لاکھ پودے لگانے کا اعلان کیا تاہم اس اعلان کے بعد اس پر عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آی، دوسری جانب شرجیل انعام میمن سے وزیر بلدیات کا قلم دان بھی واپس لیا جاچکا ہے.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024