جنوبی وزیرستان: ’عسکریت پسندوں‘ کی درجنوں دکانیں مسمار
پشاور: فوجی قافلے پر حملے کے بعد گن شپ ہیلی کاپٹروں اور بلڈوزوں نے جنوبی وزیرستان کے مرکزی علاقے وانا میں 'عسکریت پسندوں' کی درجنوں دکانیں مسمار کر دیں۔
ایک مقامی سیکیورٹی افسر نے اے ایف پی کو بتایا کہ وانا میں سڑک کنارے نصب بم عین اس وقت پھٹا جب فوجی قافلہ وہاں سے گزر رہا تھا۔
دھماکے کے نتیجے میں پانچ فوجی زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی افسر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے حملے کے فوراً بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرتے ہوئے فضائی مدد طلب کر لی۔
مقامی انتظامیہ، انٹیلی جنس حکام اور مقامی افراد نے بتایا کہ ہیلی کاپٹروں نے وانا بائی پاس پر ایک بازار کو نشانہ بنایا جب کہ بعد میں بلڈوزروں نے مشتبہ عسکریت پسندوں کی درجنوں دکانیں بھی مسمار کیں۔
ذرائع نےبتایا کہ وانا میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ فوجی ہیلی کاپٹر فضائی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال شمالی وزیرستان میں شروع ہونے والے فوجی آپریشن میں 3500 سے زائد مشتبہ جنگجو مارے جا چکے ہیں۔