مسجد الحرام کرین حادثہ: 47 پاکستانی زخمی
جدہ: سعودی عرب میں مسجد الحرام میں کرین حادثے میں 47 پاکستانی زخمی ہوئے جس کی تصدیق دفتر خارجہ نے بھی کر دی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کی گئی زخمیوں کی فہرست |
پاکستانی وزارت خارجہ نے اسپتالوں میں زیر علاج 26 افراد کی فہرست بھی جاری کی ہے، جن میں 7 مکہ کے النور ہسپتال، 5 کنگ فیصل الشفاء ہسپتال، 4 الاظہر ہسپتال، 8 کنگ عبد العزیز اسپتال جبکہ ایک پاکستان حج میڈیکل مشن میں زیر علاج ہیں
یاد رہے کہ گزشتہ روز مسجد الحرام میں تعمیراتی کام میں کے دوران ایک کرین گر گئی جس سے 107 عازمین حج جاں بحق اور 238 زخمی ہوئے تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے بتایا ہے کہ ریاض میں پاکستانی سفیر اور جدہ میں قونصل جنرل کو فوری طور پر مکہ پہنچنے کی ہدایات جاری کی گئیں جبکہ انہیں زخمی پاکستانیوں کی ہرممکن مدد کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
جدہ میں پاکستانی قونصل خانہ کی میڈیکل ٹیم پہلے ہی مکہ پہنچ چکی ہے۔
مزید پڑھیں : مسجد الحرام کرین حادثہ، 107 افراد جاں بحق
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ سانحہ مکہ میں 47 پاکستانی عازمین حج زخمی ہوئے جبکہ کوئی جاں بحق نہیں ہوا۔
قاضی خلیل اللہ کے مطابق متعدد پاکستانی زخمیوں کو گزشتہ روز ہی ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا تھا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے حجاج کی معلومات کے لیے ایمرجنسی نمبر جاری کیے ہیں، پاکستان میں 9242111725425+ اور سعودی عرب میں 8001166622 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق کہ پاکستانیوں کی خیریت معلوم کرنے کے لیے ان نمبرز 00966580734001 ، 00966504517632 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ بیت اللہ میں توسیع کا کام کئی سال سے جاری ہے ، توسیع کے کام کی وجہ سے سعودی عرب نے عازمین حج کی تعداد بھی محدود کی ہے۔
جمعہ کو گرنے والی کرین مشرق وسطٰی میں استعمال ہونے والی سب سے بڑی کرین تھی۔
حج بیت اللہ کے خواہشمندوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کی وجہ سے سعودی عرب نے مکہ مکرمہ میں بیت اللہ میں توسیع کا کا کام شروع کیا۔
توسیع کا کام کئی سال سے جاری ہے اور آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔
تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد مسجد کے علاقے میں چار لاکھ مربعہ میٹر اضافہ ہوجائے گا۔
طواف کا مکمل ہونے والا حصہ جمعہ کی نماز کے لئے کھول دیا گیا تھا۔
حرم کے توسیعی منصوبے پر کام کرنے والی تعمیراتی کمپنی نے بتایا کہ حج کی تیاریوں کے باعث جمعہ کو منصوبے پر کام روک دیا گیا تھا، صرف حفاظتی نوعیت کے اہم امور نمٹائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ملبہ ہٹانے اور صفائی ستھرائی کا کام جاری رہے گا۔
علاوہ ازیں سعودی حکومت نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ کے وقت موسم بہت خراب تھا اور ہوا کی رفتار 83 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔
علاوہ ازیں بنگلہ دیش کے قونصل جنرل اے کے ایم شاہد الکریم نے 25 عازمین حج کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
25 ایرانی عازمین حج بھی زخمی ہوئے جب کہ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے دو اموات کی تصدیق کی۔
حادثے میں ہندوستان کے 2 عازمیں حج جاں بحق ہوئے ہیں۔