• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

پاکستان رینجرز- بی ایس ایف مذاکرات آج سے شروع

شائع September 9, 2015

لاہور: پاکستان رینجرز اور ہندوستانی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے مابین آج سے نئی دہلی میں مذاکرات کا آغاز ہورہا ہے، جن میں لائن آف کنڑول پر سیز فائر کی خلاف ورزی سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔

نئی دہلی کے لیے روانہ ہونے والے پاکستانی کے 16 رکنی وفد کی قیادت پاکستان رینجرز (پنجاب) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل عمر فاروق برکی کررہے ہیں، جبکہ ہندوستان کی نمائندگی بی ایس ایف کے ڈائریکٹرجنرل (ڈی جی) دیویندرا کمار پاٹھک کریں گے.

پاکستان رینجرز اور ہندوستان بارڈر سیکیورٹی فورس کا سالانہ اجلاس 13 ستمبر تک جاری رہے گا۔

پاکستان رینجرز (پنجاب) کے ترجمان میجر وحید برکی نے ڈان کو بتایا کہ یہ سالانہ ملاقات معمول کا حصہ ہے، تاہم ہندوستان کی جانب سے حالیہ دنوں میں سیز فائر کی خلاف ورزی کے واقعات کے باعث اس کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے.

مبصرین کی جانب سے پاکستان اور ہندوستان کے مابین حالیہ سرحدی کشیدگی کے تناظر میں ان مذاکرات کو انتہائی اہم تصور کیا جارہا ہے.

مزید پڑھیں:پاک-ہند بارڈر سیکیورٹی افسران کی ملاقات طے

اس سے قبل ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو میں رینجرز کے ترجمان نے بتایا تھا کہ یہ ملاقات 1961 کے طے کردہ اصولوں کے مطابق ہوگی.

پاکستان ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ سے شہریوں کی ہلاکت کا معاملہ اٹھائے گا۔

ملاقات میں سرحد پر ہونے والی اسمگلنگ اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں وکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دونوں جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔

پاکستان نے حالیہ ہفتوں میں 2 بار ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج کے لیے طلب کیا.

17 اگست کو ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بی ایس ایف کی ایل او سی پر کوٹلی کے مقام پر بلا اشتعال شیلنگ سے ایک خاتون سمیت 3 شہریوں کی ہلاکت اور 15 کے زخمی ہونے پر طلب کیا گیا تھا، بعد ازاں 19اگست جندکروٹ، نکھیال اور کریلا سیکٹرز میں بھی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری کی ہلاکت جبکہ چار دیگر کے زخمی ہونے پر ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا.

دی ہندو کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس کے حکام کا دعویٰ ہے کہ مئی 2014 سے مئی 2015 کے دوران پاکستان کی جانب سے 46 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی جبکہ گزشتہ 3 ماہ میں 49 بار خلاف ورزی سامنے آئی ہے.

یاد رہے کہ دونوں ممالک کے بارڈر سیکیورٹی پر مامور فورسز کے سربراہان میں آخری ملاقات دسمبر 2013 میں ہوئی تھی جس کے بعد کوئی ملاقات نہ ہو سکی، البتہ روس کے شہر اوفا میں پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم کے ملاقات میں افسران کی ملاقات طے کی گئی تھی.

واضح رہے کہ 23 اور 24 اگست کو پاکستان اور ہندوستان کے داخلی سیکیورٹی کے مشیروں کی ملاقات بھی طے تھی مگر یہ ملاقات عین وقت پر اُس وقت منسوخ ہو گئی تھی، جب ہندوستان نے شرط عائد کی کہ پاکستانی کے سیکیورٹی مشیر سرتاج عزیز مذاکرات سے قبل کشمیر کے حریت پسند رہنماؤں سے ملاقات نہ کریں جبکہ پاکستان نے زور دیا تھا کہ ہندوستان مذاکرات سے قبل پیشگی شرائط عائد نہ کرے.

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024