پاک-چین راہداری منصوبے میں ایران کو شامل کرنے پر اتقاق
اسلام آباد: ایران کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل کرنے پر پاکستان اور ایران نے اتفاق کرلیا ہے۔
ڈان نیوز کو دستیاب سرکاری دستاویز کے مطابق اسلام آباد میں ایرانی تجارتی وفد سے مذاکرات میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں ۔
دستاویز کے مطابق ایران کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے جوڑنے پر دونوں ممالک نے اتفاق کیا ہے۔
اسی طرح دونوں ممالک نےسرحدی مارکیٹس کو وسیع، روڈ اور ریلویز نیٹ ورک کو اپ گریڈ کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
دستاویز کے مطابق دونوں ممالک الیکٹرانک ڈیٹا کے تبادلے پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام اورترجیحی تجارتی معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پرمتفق ہوگئےہیں۔
پانچ سالہ سٹریٹیجک پلان کے تحت دو طرفہ تجارت کو 5ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق پر کیا گیا ہے۔
وزارت تجارت حکام کے مطابق ایران پرعالمی پاپندیاں اٹھنے کے بعد تجارت میں خاطر خواہ اضافے کا امکان ہے اور ایران سے پاپندیاں اٹھتے ہی تجارتی حجم میں 90کروڑ ڈالر اضافہ متوقع ہے۔