دنیا کے 12 حیرت انگیز ہوٹل جو کردیں دنگ
سفر کرنا کس کو پسند نہیں، نت نئے مقامات کو کھوجنا ایک نیا اور منفرد تجربہ ثابت ہوتا ہے مگر کسی ملک یا شہر میں رہائش کا انتخاب بھی اکثر مسئلہ بن جاتا ہے۔
مگر کئی بار جہاں آپ قیام کرتے ہیں وہ بھی زندگی کا یادگار تجربہ بن جاتا ہے۔
ہوٹل تو آپ نے بہت دیکھیں ہوں گے مگر یہ دنیا کے ایسے غیرمعمولی اور حیرت انگیز ہوٹل ہیں جن میں رہائش کو تو چھوڑے صرف دیکھنا بھی ناقابل فراموش ثابت ہوتا ہے۔
تو ایسے ہی دنیا کے حیرت انگیز ہوٹلوں کی سیر کریں جن کا ڈیزائن انہیں سب سے انوکھا بناتا ہے۔
شیرٹن ہوژاﺅ ہاٹ اسپرنگ ریزورٹ، چین
یہ 27 منزلہ ہوٹل تائیہو نامی جھیل کے کنارے پر نانجنگ اور شنگھائی کے درمیان واقع ہے۔ اس ریزورٹ میں 319 کمرے ہیں مگر یہ تو کوئی خاص بات نہیں درحقیقت اس کا ڈیزائن ہی اسے سب سے الگ بناتا ہے جو کہ گھوڑے کے نعل کی طرح پانی سے اٹھ آسمان اور پھر پانی کی جانب جارہا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی دو منزلیں زیرزمین ہیں جو زمین پر ہوتی تو یہ بالکل 0 کی طرح نظر آتا۔
سپیٹ بینک فورٹ، انگلینڈ
پورٹس ماﺅتھ اور آئل آف ویٹ کے درمیان واقع یہ نجی جزیرہ درحقیقت ایک ہوٹل ہے جو لندن سے دو گھنٹے کے فاصلے پر ہے۔ اس کو نیپولین کے حملے سے پورٹس ماﺅتھ کی بندرگاہ کو بچانے کے لیے تعمیر کیا گیا تھا مگر اب یہ ہوٹل کا روپ اختیار کرچکا ہے جہاں رہائش کرنا عام افراد کے بس کی بات نہیں بلکہ کروڑ پتی حضرات ہی اس کا خرچہ اٹھا سکتے ہیں۔
فری اسپرٹ شیپریز، کینیڈا
کینیڈا کے شہر برٹش کولمبیا کے مضافات میں واقع یہ ہوٹل درحقیقت درختوں کے اوپر ٹکا ہوا ہے، برساتی جنگل میں واقع اس ہوٹل کا گوگل گیند نما ڈیزائن ہاتھوں سے تیار کردہ ہے جسے رسیوں کے جال کی مدد سے درختوں پر ٹکایا گیا ہے۔ یہاں تک پہنچنے کے لیے درختوں پر چڑھائی کی مہم جوئی کرنا پڑتی ہے تاہم خواتین کی آسانی کے لیے سیڑھی بھی ہے جس پر چڑھنا بھی کوئی بچوں کا کھیل نہیں۔
مارکیوئس ڈی ریسکل ہوٹل، اسپین
کینیڈا سے تعلق رکھنے والے آرکیٹیکٹ فرینک گیری اس انوکھے ڈیزائن کے ہوٹل کے ماسٹر مائنڈ ہے اور اس کی ٹیڑھی دیواریں، زگ زیگ کھڑکیاں اور انوکھی چھتیں دیکھنے والوں کو دنگ کردیتی ہیں۔ 43 کمروں پر مشتمل اس ہوٹل میں رہنے سے زیادہ اس کے ارگرد گھومنے کا تجربہ زیدہ ناقابل فراموش ثابت ہوتا ہے۔
اننٹیل ہوٹل ایمسٹرڈیم زان ڈیم، نیدرلینڈ
دیکھنے میں کسی لیگو پیس جیسا یہ ہوٹل نیدرلینڈ کا مقبول ترین بھی سمجھا جاتا ہے۔ یہ ایمسٹرڈیم سے بارہ منٹ کی دوری پر واقع ہے اور یہاں کے رواتی گھروں اور جدید طرز تعمیر کا امتزاج ہے۔ اس کو دور سے دیکھنے سے ایسا لگتا ہے کہ کئی گھروں کو کسی طرح ایک دوسرے پر بٹھا کر فٹ کردیا گیا ہے۔
سون کروز ریزورٹ ایند یاٹ، جنوبی کوریا
جنوبی کوریا جائیں تو سون کروز ریزورٹ اینڈ یاٹ کو دیکھنا نہ بھولیں۔ تمام تر رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس ریزورٹ میں متعدد زبردست چیزیں بھی موجود ہیں جو اس بحری جہاز نما ہوٹل کو منفرد بناتے ہیں، اسی طرح ایک نجی ساحل پر واقع اس کا گھومنے والا اسپیس اوپیرا اسکائی لاﺅنج لوگوں میں بہت زیادہ مقبول ہے۔
جیسٹیڈ ہوٹل، چیک ریپبلک
سطح سمندر سے تین ہزار فٹ سے زائد بلندی پر واقع یہ حیرت انگیز ڈیزائن والا ہوٹل صرف رہائشی مقاصد کے لیے نہیں بلکہ ایک ٹی وی ٹرانسمیٹر ٹاور کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔اسے چیک ریپبلک کی قومی یادگار کی حیثیت بھی حاصل ہے جو کہ موسم سرما میں اسکائنگ کے شوقین افراد کے لیے بھی پسندیدہ مقام بن جاتا ہے۔
مونٹانا میجکا لاج، چلی
اس ہوٹل کو دیکھنا بہت مشکل ہے کیونکہ یہ سرسبز جنگل میں چھپا ہوا ہے، یہ ہویلو ہویلو بائیولوجیکل ریزرو کے چار لاجز میں سے ایک ہوٹل ہے جس کے در و دیوار پر سبزہ و درکت اگے ہوئے ہیں مگر پرعزم ہو تو یہ قدرتی خوبصورتی آپ کو وہاں تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوتی۔ یہاں آس پاس جنگلی حیات کی موجودگی بھی اس کی کشش بڑھا دیتی ہے۔
ڈیزرٹ لوٹس ہوٹل، چین
چین کے صحرائے ژیانگ سوانا میں سیاح یہاں وہاں گھومتے ہوئے جب اس تعمیراتی عجوبے کی جھلک دیکھتے ہوئے تو انہیں یقین ہی نہیں آیا۔ بیجنگ سے ساڑھے تین سو میل کے فاصلے پر واقع یہ منگول طرز تعمیر کا یہ ہوٹل اونٹوں کی سواری اور صحرا میں سرفنگ جیسے انوکھے کھیل کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے مگر یہاں تک پہنچنا بھی آسان کام نہیں۔
ٹری ہوٹل، سوئیڈن
یہ دنیا کا ایسا انوکھا ہوٹل ہے جو پہلی نظر میں نظر ہی نہیں آتا جس کی وجہ اس کا شیشے سے بنا چوکور ڈبہ جو ہے جو ارگرد کے مناظر کا عکس آنکھوں کے سامنے پیش کردیتا ہے اور یہ بظاہر غائب ہوجاتا ہے۔ یہ ماحول دوست ہوٹل کئی ٹری ہاﺅس کمروں پر مشتمل ہے جس میں مررر روم، برڈز نیسٹ، یو ایف او، ڈریگن فلائی وغیرہ جیسے ڈیزائن کے کمرے بھی موجود ہیں۔
نیمرانا فورٹ پیلس، راجھستان
پندرہویں صدی کا یہ قلعہ اب ہوٹل کا روپ اختیار کرچکا ہے۔ اسے ایک پہاڑی پر تعمیر کیا گیا اور اس کے طرز تعمیر میں شاہی جھلک یہاں آنے والے مہمانوں کو مرعوب کردیتی ہے، جبکہ اس کا چھ ایکڑ پر پھیلا باغ بھی لوگوں کو دنگ کرنے کے لیے کافی ثابت ہوتا ہے۔
پوسیڈون انڈر سی ریزورٹ، فجی
فجی جائیں اور اس زیرسمندر ریزورٹ کا رخ نہ کریں اسیا ممکن ہی نہیں جو کہ دنیا کا پہلا زیرآب ریزورٹ ہے۔ ایک پرائیویٹ جزیرے پر بنے اس ریزورٹ کے اوپری حصے پر 48 بنگلوز ہیں جبکہ زیرآب 24، جہاں سے سمندری حیات کا تجربہ نیند اڑانے کے لیے کافی ثابت ہوتا ہے جبکہ سمندر کے اندر رہنے کا تصور ہی سنسنی دوڑا دیتا ہے۔
تبصرے (16) بند ہیں