پختونخوا: 41 ہزار بلدیاتی نمائندوں کی حلف برداری
پشاور: خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہونے والے 41 ہزار سے زائد عوامی نمائندوں نے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
تحصیل اور ڈسٹرکٹ ناظمین کا چناؤ اتوار کو ہو گا۔
حلف برداری کی تقاریب کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
مزید پڑھیں : کے پی بلدیاتی الیکشن، فائرنگ سے چھ ہلاکتیں
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں 30 مئی اور 30 جولائی کو دو مرحلوں میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہونے والے نمائندوں نے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے 24 اضلاع میں 41 ہزار 762 نیبرہڈز اور ویلج کونسلرز کی حلف برداری ہوئی۔
منتخب ہونے والے کونسلرز سے متعلقہ ریٹرننگ افسران نے حلف لیا۔
صوبے بھر میں 978 ڈسٹرکٹ کونسلرز اور 978 تحصیل و ٹاؤ ن کونسلرز سے بھی حلف لیا گیا۔
ہر ضلع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ اور تحصیل کونسلرز سے حلف لیا۔
انتظامیہ کے مطابق ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں تقریب منعقد کی گئی جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
اسلحہ کی نمائش ، کالے شیشوں سمیت جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا: بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ
پشاورمیں بلدیاتی انتخابات میں منتخب کونسلروں کی حلف برداری کی تقریب ضلع کونسل ہال میں ہوئی۔
ضلع کونسل ہال میں ہونے والی تقریب میں 138 ڈسٹرکٹ کونسلرز نے حلف اٹھایا۔
اے ڈی آر او اسامہ وڑائچ نے نمائندوں سے حلف لیا۔
پشاور میں 92 ڈسٹرکٹ اور 92 ٹاون کونسلرز حلف لینے والوں میں شامل ہیں جبکہ 4 ہزار 428 ویلج اور نیبر ہڈ کونسلرز حلف لیں گے۔
مردان میں بلدیاتی انتخابات میں منتخب ضلع کونسل کے ارکان نے حلف اٹھایا۔
حلف برداری کی تقریب پختونخوا ہاؤس میں ہوئی۔
112ڈسٹرکٹ اور تحصیل کے 2880 کونسلرز نے حلف اٹھایا۔
ڈی آر او شاہد اللہ خان نے منتخب نمائندوں سے حلف لیا۔
دوسری جانب تحصیل و ضلعی ناظمین کا انتخاب 30 اگست (کل بروز اتوار) کو ہوگا۔
منتخب کونسلرز، تحصیل ٹاؤن اور ضلعی ناظمین کا چناؤ کریں گے۔