جنوبی وزیرستان: 'دہشتگردوں' کا حملہ، 3 اہلکار ہلاک
پشاور: وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی ایجنسی جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں مبینہ شدت پسندوں نے سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شدت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی شناخت جعفر حسین، محمد علی اور ارسلان خان کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کاروائی پر شدت پسند فرار ہوگئے جن کی تلاش کے لیے فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا.
شمالی وزیرستان میں فضائی کارروائی، اسلحہ ڈپو تباہ
دوسری جانب پاک فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کرکے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ اسلحہ ڈپو کو تباہ کردیا.
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق گذشتہ روز دہشت گردوں اور پاک فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے بعد آج شوال میں فضائی کارروائی کی گئی.
فضائی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹریننگ کیمپ اور اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا گیا جبکہ متعدد دہشت گردوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔