گوادر: دستی بم حملے میں دو ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان کے شہر گوادر میں عسکریت پسندوں کی جانب سے ایک دکان پر دستی بم کے ذریعے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ یہ حملہ گوادر کے علاقے ملا فضل چوک پر کیا گیا۔
ان کے مطابق دو افراد موقع پر ہی ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ حملے کے بعد قریبی دکانیں بند ہوگئیں۔
عسکریت پسند حملے کے بعد موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب رہے جبکہ تاحال کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔