• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:27pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:27pm
شائع August 17, 2015

دور حاضر کے 9 بہترین موسیقار

علی زیدی


اگر آپ اس توقع کے ساتھ اس بلاگ میں آئے ہیں کہ شاید یہاں "منی بدنام ہوئی" اور "شیلا کی جوانی" کے موسیقاروں کے بارے میں کچھ معلومات ملے گی تو براے کرم واپس چلے جایئے۔

اسی طرح اگر آپ کو گمان ہے کہ شاید یہاں "جسٹن بیبیر" اور "یو یو ہنی سنگھ" کے مختلف گانوں کے موسیقاروں کا تعارف کرایا جائے گا تو آپ غلط جگہ تشریف لائے ہیں۔

اگر آپ یہ اطمینان کرنے آئے ہیں کہ کیا اس فہرست میں اے آر رحمان، عاطف اسلم اور ویل آیی ایم کا نام شامل ہے کہ نہیں تو تسلی کر لیجیے۔ یہاں ان بزرگ حستیوں کے نام شامل نہیں۔

تاہم اگر آپ یہ سوچ کر آئے ہیں کہ اس بلاگ کو پڑھنے کے بعد آپ ایک نئی دنیا سے متعارف ہونگے تو پڑھتے رہے۔ آپ صحیح جگہ آئے ہیں۔

اس کم فہم کے مطابق، یہ فہرست دور حاضر کے ان عظیم موسیقاروں کی ہے جنہیں سننے ، سمجھنے اور محسوس کرنے کی ضرورت ہے-

اس حقیر کے مطابق اس فہرست میں شامل تمام موسیقار اپنے آپ میں ایک عجیب انفرادیت رکھتے ہیں۔ یہ بلاگ آپ کسی بھی وقت پڑھ سکتے ہیں مگر اس ناچیز بندے کی ایک گزارش سن لیجیے۔ نیچے دیے گیے ساونڈ ٹریکس آپ اس وقت سننے کی کوشش کریں جب آپ بالکل تنہا ہو تاکہ آپ کو یہ فکر نہ ہو آ پ کیا کر رہے ہیں اور کون آپ کو دیکھ رہا ہے-

یہ موسیقی شب کی تاریکی میں سنیں گے تو سونے پہ سہاگا ہوگا۔ لاؤڈ سپیکر کی بجائے یہ سازینہ (گیت) ہیڈ فون پر زیادہ اثر رکھتے ہیں، مگر آواز دھیمی ہونی چاہیے۔

آئیے اب یہ خاکسار آپ کو اپنی دنیا سے ملواتا ہے۔

کلاینٹ مینسیل (Clint Mansel)

کلاینٹ مینسیل کا تعلق برطانیہ سے ہے۔ وہ عموماً فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دیتے ہیں۔ ان کا سب سے مشہور گیت فلم Requiem for a Dream کا حصہ تھا جس کا نام "Lux Aeterna" ہے۔

ان کا یہ ٹریک بے شمار فلمی ٹریلرز، اشتہارات اور دیگر ویڈیوز میں استعمال کیا جا چکا ہے۔ تاہم اگر مجھ سے پوچھیں تو میں یہی کہوں گا کہ ان کا سب سے عمدہ البم The Fountain نامی فلم کی موسیقی ہے جس میں انہوں نے death is the road to awe کو نہایت عمدگی سے ترتیب دیا ہے۔ آپ خود سماعت فرمائیں۔

Lux Aeterna

Death is the road to awe

Dead Reckoning

یان ٹیرسن (Yaan Tiersen)

یان ٹیرسن میرے ان پسندیدہ موسیقاروں میں سے ایک ہیں جن کی موسیقی میں ایک عجیب سادگی اور خلوص پایا جاتا ہے۔ ان کا تعلق فرانس سے ہے اور وہ پیانو سے لے کر گیٹار، ہارمونیم اور متعدد آلات موسیقی بجانے کے ماہر ہیں۔ اکثر لوگ یان کو فرانسیسی فلم Amelie کے حوالے سے جانتے ہیں اور بلا شبہ یہ ان کے بہترین المبوں میں سے ایک ہے۔

مگر اس کے علاوہ بھی وہ اور اچھی موسیقی ترتیب دے چکے ہیں جن میں سے ایک جرمن فلم Good Bye Lenin کی البم ہے۔ انہی البموں میں سے کچھ آپ کے خدمت میں پیش کیے دیتا ہوں۔

Comptine d'un autre été : L'Après-Midi

Summer 78

Father and Mother

Le Moulin

لوٹو ویکو اناوڈی (Luduvico Enaudi)

جس دنیا سے میں آپ کی تعارف کروا رہا ہوں،یہ سب جناب لوڈو ویکو اناوڈی کی بدولت ہے۔ موسیقی کے اس دنیا سے میرا تعارف اس وقت ہوا جب نادانستہ طور پر میں نے یوٹیوب میں ان کی ایک دھن پر کلک کیا اور ہماری قسمت کہ وہ ان کی بہترین دھنوں میں سے ایک تھی جس کا نام ہےprimavera۔

یہ دھن سننے کے بعد میں اس جستجو میں لگ گیا کہ یہ کس قسم کی موسیقی ہے اور یہ حضرت کون ہیں اور کیا کرتے ہیں۔ بس کیا، دیکھتے ہی دیکھتے ہم اس قسم کے موسیقی کے شیدائی ہوگئے۔

Memoir of Geisha جیسے ضخیم ناول کو ہم نے ان کے البم Divenire کی بدولت اس طرح پایہ تکمیل تک پہنچایا کہ آج بھی یاد کرتے ہوے ایک عجیب کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ ان کے کچھ بہترین دھنیں آپ کے پیش خدمت ہے۔

Primavera

I giorni

Eden Roc

ییروما (Yirume)

ییروما خالصتاٌ ایک پیانو نواز ہیں۔ انکا تعلق جنوبی کوریا سے ہے۔ وہ 5 سال کی عمر سے پیانو بجاتے ریے ہیں۔ ان کی پہلی البم First Love نے ان کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔

ان کے اکثر ٹریک آ پ کو تسکین فراہم کرتے ہیں جسے سن کے ماں کی لوری کی یاد آتی ہے۔ آپ خود سماعت فرمایئے اور فیصلہ کیجیے۔

River Flows in You

It's your Day

Love hurts

شہرداد روحانی (Shardad Rohani)

شہرداد روحانی کا تعلق کلاسیکی موسیقی سے ہے مگر ان کو دور جدید کی بہترین موسیقاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ مشہور زمانہ موسیقار Yanni کے کئی کنسرٹس میں پیانو اور وائلن بجا چکے ہیں مگر وہ بذات خود ایک سنجیدہ اور منجھے ہوئے موسیقار ہیں۔

شہرداد ایرانی نژاد امریکی شہری ہیں اور ایران کے فرہنگ کے طرز پر ترتیب دی کئی خوبصورت دھنوں کے خالق ہیں۔ مجھے تو ان کی یہ دھنیں سن کر ایران کے شوخ اور رنگین قالینوں کی یاد آتی ہے۔

Dance of Spring

Sweet dreams

Thoughts of the past

Ozra's dance

لورینا میککیننٹ (ؒLoreena Mckennit)

اگر یہ کہا جائے کہ محترمہ لورینا صاحبہ آلات موسیقی کے استعمال میں ہر فن مولا ہیں تو غلط نہیں ہوگا۔ ان کا تعلق کینیڈا سے ہے مگر نہ جانے کیوں ان کی دھنیں ہمیشہ مجھے مصر، یونان اور مشرقی وسطی کی ملکوں کی یاد دلاتی ہیں (حالانکہ ہم کبھی بھی ان جگہوں پہ نہیں گئے)۔

لورینا سے میرا تعارف اس وقت ہوا جب میں پاؤیلو کویلو کی ناول الکیمسٹ کی موسیقی یوٹیوب پر تلاش کررہا تھا۔اور یہ بات معجزہ سے کم نہیں کے انکا البم Ancient muse بھی یونان، ترکی اور مشرقی وسطیٰ کے سفر سے متاثر ہو کر ترتیب دی گیا جو کہ ناول الکیمسٹ سے مطابقت رکھتا تھا۔ الکمسٹ کے بارے میں جتنا سنا تھا اس سے کم متاثرکن پایا مگر لورینا کے باقی البموں نے مجھے اپنی طلسم میں لیے رکھا۔

Gates of Istanbul

Kecheritomene

CaravanSerai

ہانس زیمر (Hans Zimmer)

ہانس زیمر صاحب کسی تعaرف کے محتاج نہیں۔ آج کے دور میں کون انہیں نہیں جانتا، اگر کوئی ان کو جانتا بھی نہیں تب بھی میرا دعویٰ ہے کہ ہر وہ شخص جو فلم بینی سے شغف رکھتا ہے اس نے کہیں نہ کہیں ہانس زیمر کی دھنیں سن رکھی ہوگی۔

The Lion King, Gladiator, Pirates of Caribbean, Batman the Dark knight, Inception, Interstellar جیسی مشہور فلموں کی موسیقی اس عظیم موسیقار ہی کا شاہکار ہے۔

انکا تعلق جرمنی سے ہے اور میرے نزدیک انکا بہترین ترتیب دیا ہوا ساونڈ ٹریک Time ہے جو کے فلم Inception کی البم میں سے ہے۔ خاص اس دھن کے لیے ہانس نے برطانیہ سے معروف گیٹارسٹ جونی مار کو مدعو کیا۔ نتیجہ آپ خود سماعت فرمائیں۔

Time

Dust

Now we are free

ڈسٹن او ہالرون (Dustin O’Hallron)

آغائے ڈسٹن زیادہ تر فلموں کے لئے دھن نہیں بناتے مگر جب کام کرتے ہیں تو کمال کرتے ہیں۔ ان کے البموں میں پیانو اور وائلن کا امتزاج عمدہ ہے۔ ان کے دھنوں میں ایک عجیب آشوب اور تذبذب پایا جاتا ہے۔ ان کے البم An American Affair میں ایسی عظیم دھنیں موجود جن کو سن کر جسم ہلکا ہو جاتا ہے۔

میں تو انکی دھنوں کو Nostalgia سے تشبیہ دونگا یا پھرایسی کیفیت جیسے کوئی پرانا زخم جو کسی وجہ سے ایک بار پھر ہرا ہوجائے۔

We Move lightly

Lumiere

Death of a President

قدرت

جی ہاں، میرے نزدیک دنیا کا سب سے عظیم موسیقار قدرت ہے۔ قدرت نے ایسی ایسی دھنیں ترتیب دی ہیں جن کی بلندیوں کو کوئی چھو بھی نہیں سکتا۔

بارش کی آواز سنتے ہی انسان کے طبیعت میں ایک عجیب ٹھراؤ آجاتا ہے۔ سمندر کی لہروں کی ساحل پر مسلسل سر پٹخنے کی آوازیں ہمیں جوانی کی تند و تیز تشنگی ، بے چینی اور حسرت کی یاد دلاتی ہے۔

پتوں کو چھوتے ہوئے ہوا کی سرسراہٹ ہمیں زندگی کی مسلسل اور نہ رکنے والی خوبصورت رفتار سے ملواتی ہے۔

آگ جلنے کی آواز ہمارے سانسوں میں ایسی گرمی پھونک دیتی ہے کہ از سر نو جینے کی تمنا دل میں تازہ ہوجاتی ہے۔

اور اسی طرح اس خاکسار کے مطابق دنیا کی خوبصورت ترین دھن خاموشی کی ہے۔ اگر خدا خاموشی جیسی خوبصورت اور پرسکون دھن تخیلق نہیں کرتا تو دنیا نامکمل ہوتی۔

خاموشی، اور بس خاموشی۔ ایسی خاموشی جس میں سڑکوں پر گاڑی کی انجن کی آواز تنگ نہ کرے، جس میں ٹی وی یا موبائل کی آوازیں نہ ستائیں۔

ایسی خاموشی آپ کو بلوچستان کے سرد اور خشک پہاڑوں میں ملے گی، گلگت بلتستان کے برفیلے کوہستانوں میں ملے گی، دیوسائی کے سر سبز وادیوں میں ملے گی، سندھ کے بےکراں صحراؤں میں ملے گی، سوات کے رنگین باغات اور جنگلات میں ملے گی۔

آپ کے پیش خدمت قدرت کے کچھ دھنیں پیش کرتا ہوں۔ خاموشی آپ خود تلاش کیجیے۔

میری دنیا میں خوش آمدید۔

Rain

Fire

Ocean

بونس ٹریکس

Two steps from Hell - Heart of courage

The way by zack hamsey

Babel Theme by Gustavo Santaolalla

Ezio's Family by Kasper Kyd

تبصرے (10) بند ہیں

محمد صدیق ملک Aug 17, 2015 08:52pm
بے شک یہ سب ایک سے بؑڑھ کر ایک موسیقار ہیں آپ کی تحقیق بہت خوب ہے اور قدرت کو بہترین موسیقار قرار دے کر آپ نے دل کو چھو لیا ہے اگر آپ دور حاضر کے موسیقاروں کا ذکر کر رہے ہیں تو بالکل یہی لوگ اس قابل ہیں لیکن اگر کسی برصغیر کے نام کو شامل کر لیتے تو بہت اچھا ہوتا کیونکہ کلاسیکی موسیقی کا جنم تو یہیں سے ہوا ہے بہر حال اپنا اپنا خیال ہے ہو سکتا ہے میں غلط ہو ں گڈ لک اسی طرح معلومات میں اضافہ کرتے رہیں میں ڈان نیوز بڑے شوق سے پڑھتا ہوں
Raza Shabbir Aug 17, 2015 09:01pm
James Horner should be on this list
اسد خان Aug 17, 2015 10:06pm
کیسی بات ہے میں نے یہ سوچ کر بلاگ اوپن کیا تھا کہ اگر مجھے اے آر رحمان کا نام نظر آیا تو میں اسے وہیں بند کر دوں گا. بہت لطف آیا اسے پڑھ کر.
Imran Aug 18, 2015 05:51am
بھایئ بس ایک دفعہ استاد پٹھانے خان کی موسیقی سن لو!!!!!!1
عدنان ملک Aug 18, 2015 12:58pm
علی زیدی صاحب : خواجہ خورشید انور اور آر ڈی برمن برصغیر کی موسیقی کے دو درخشندہ باب ہیں - آپ کے ممدوح بھی اچھے ہونگے مگر یہ کیا کہ گھر کی چکی کوئی نہ پوجے جس کا پیسہ کھائے
Sharminda Aug 18, 2015 01:43pm
It is not fair, not to consider any sub-continent musician in the list. Unless writer is fond of western classical music.
خرم سہیل Aug 18, 2015 05:47pm
شاندار تحریر
طاہر رفیق Aug 19, 2015 02:27am
واہ مزا آ گیا. ایک مدت بعد موسیقی کو واقعتا" روح کی غذا سمجھنے والے کسی شخص کی تحریر پڑھی اور نہایت اعلی درجہ کی موسیقی ہی نہیں بلکہ قدرت کو بھی گنگناتے سنا. واللہ لطف آ گیا.اللہ آپ کو خوش و آباد رکھے. طاہر رفیق
tariq khan Aug 19, 2015 11:55pm
why AR rehman is not in your list strange
PERVEZ KHAN Aug 20, 2015 08:47pm
excellent