ثناءاللہ زہری کی خان آف قلات سے ملاقات
کوئٹہ : چیف آف جھالاوان اور بلوچستان کے سنیئر وزیر نواب ثناءاللہ زہرہ نے جلا وطن بلوچ رہنماءخان آف قلات میر احمد سلیمان داﺅد خان سے ہفتہ کو لندن میں ملاقات کی۔
حکومت کی مصالحتی پالیسی کے تحت ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے خان آف قلات کی واپسی اور بلوچستان کے دیگر اہم مسائل پر بات چیت کی۔
مسلم لیگ نواز کے ایک عہدیدار نے بتایا " نواب زہری نے خان آف قلات سے لندن میں ملاقات کی اور ان کی وطن واپسی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا"۔
اس سے قبل خان آف قلات نے گزشتہ دنوں ایک بلوچ وفد سے ملاقات کے دوران یہ واضح کیا تھا کہ وہ گرینڈ بلوچ قومی جرگے کی درخواست پر لندن گئے تھے اور جرگے کی درخواست پر ہی وطن واپس آسکتے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ خان آف قلات کی واپسی کے حوالے سے ان کی حکومت گرینڈ بلوچ جرگہ کے اراکین سے درخواست کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا " ہم بات چیت پر یقین رکھتے ہیں اور صوبے کو درپیش مسائل کا مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے"۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ متعدد عسکریت پسند اپنے ہتھیار رکھ کر سیاسی عمل کا حصہ بن رہے ہیں جو کہ صوبے کے لیے ایک حوصلہ افزاءامر ہے۔