محبت دنیا کا سب سے خوبصورت جذبہ یا؟
محبت زندگی کا وہ جذبہ جسے متعدد افراد سب سے طاقتور جذبہ مانتے ہیں، ہم سب ہی اس کے خواہشمند ہوتے ہیں اور ہر جگہ آپ کو اس کا جلوہ نظر آتا ہے۔
مگر کیا محبت ایک نشہ ہوتی ہے؟ سائنس کے مطابق تو ایسا بالکل ممکن ہے درحقیقت محبت کی آگ سر سے لے کر پیروں تک محسوس ہوتی ہے اور آپ کو زیادہ گرمجوش اور اپنا ارگرد دھندلا دھندلا سا نظر آنے لگتا ہے۔
اور اس سے بھی بڑھ کر یہ آپ کے سوچنے اور اقدام کرنے کا انداز تک بدل کر رکھ سکتا ہے۔
تو محبت کے ایسے ہی انوکھے اثرات جانیے جو آپ کے جسم اور ذہن پر اثر انداز ہوتے ہیں اور جن پر سائنس نے بھی مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔
یہ آپ کو ہوا میں اڑا سکتی ہے

جب کوئی نیا نیا محبت میں گرفتار ہوتا ہے تو انتہائی فرحت اور خوشی محسوس کرنے لگتا ہے اور اس کا تعلق محبوب سے ہونے والی ملاقاتوں سے بالکل بھی نہیں ہوتا، ہے ناں عجیب بات مگر نیویارک کے البرٹ آئن اسٹائن میڈیکل کالج کے سائنسدانوں نے جب محبت کے گرفتار طالبعلموں کے دماغوں کا اسکین کیا تو معلوم ہوا کہ اس سے دماغ کا وہی نظام سرگرم ہوجاتا ہے جو کوکین لینے پر ہوتا ہے۔ اس سے محبت میں گرفتار شخص راحت محسوس کرنے لگتا ہے۔ تو یہ کوئی دیوانہ پن نہیں یہ تو ہمارے دماغ کی کارستانی ہے۔
محبت کرسکتی ہے آپ کو احمق

محبت کم از کم آپ کو اپنے ارگرد کے ماحول سے بے خبر تو کر ہی دیتی ہے۔ 2013 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ محبت میں گرفتار ہوتے ہیں ان کے اندر کسی کام کو کرتے وقت زیادہ توجہ مرکوز کرنے اور اسے پورا کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔ ان کی مشکل اس وقت مزید بڑھ جاتی ہے جب انہیں کوئی خاص وقت میں کام کرنا ہوتا ہے۔
محبت بنا دیتی ہے آپ کو خود غرض

یہ کوئی حیرت کی بات نہیں کہ دو بہترین دوست ایک لڑکی کو پسند کرتے ہوئے ایک دوسرے کے دشمن بن جائیں مگر محبت کے نام پر اس شدید نفرت کی وجوہات کیا ہوتی ہیں؟ کیا یہ آپ کو معلوم ہے؟ جریدے پرسنلٹی اینڈ سوشل سائیکولوجی بلیٹن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق اس سوال کا جواب دماغی ہارمونز کے اس حصے میں چھپا ہوتا ہے جن کا تعلق جارحیت اور خودترسی سے ہے۔ اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جب کوئی محبت میں گرفتار ہوتا ہے تو وہ اپنی محبوب یا محبوبہ کے قریب ہونے والے فرد کے حوالے سے جارحانہ رویے کا حامل ہوجاتا ہے۔ درحقیقت جب آپ کسی کی محبت میں گرفتار ہوتے ہیں تو یہ ہارمونز آپ کے دماغ کو حفاظتی جارحیت پر اکسانے لگتے ہیں اور آپ اپنے محبوب کے دفاع کے لیے تیار ہوجاتے ہیں اب چاہے وہ رقیب ہو، کوئی پرتناﺅ واقعہ بلکہ اداسی تک میں۔
آپ خود کو سمجھنے لگتے ہیں ناقابل شکست

کیا کبھی آپ کو حیرت ہوتی ہے کہ اپنے شریک حیات کو چھوتے ہی آپ کے جسم سے خارش کیسے غائب ہوجاتی ہے؟ نہیں یہ کوئی اتفاق نہیں۔ امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق محبت کے شدید جذبے سے متاثر ہونے والے دماغ کے مختلف حصے وہی ہوتے ہیں جنھیں کوئی درد کش دوا اپنا ہدف بناتی ہے۔ یہاں تک کہ اگر آپ کسی تکلیف کے شکار ہیں تو بس محبوب کی تصویر کا جلوہ ہی آپ کے درد کو کم کرنے کے لیے کافی ہوتا ہے کیونکہ اس سے اعصابی سطح پر درد کو روکنے والے عصبی خلیے حرکت میں آجاتے ہیں جیسا کوئی دردکش گولی کا اثر ہوتا ہے۔
محبت میں گرفتار جوڑوں کے دل کی دھڑکن بھی ہوتی ہے یکساں

مانیں یا نہ مانیں مگر محبت میں گرفتار جوڑوں کے دل بھی یکساں ردھم سے دھڑکتے ہیں۔ کم از کم امریکی یونیورسٹی کی تحقیق میں تو یہی دعویٰ سامنے آیا ہے۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق محبت میں گرفتار جوڑے جب ایک دوسرے کے قریب بیٹھے ہوں تو ان کے سانس لینے کا عمل اور دل کی دھڑکن یکساں ہوجاتی ہے، چاہے وہ ایک دوسرے سے بات نہ کر رہے ہوں یا ہاتھ پکڑے ہوئے نہ ہوں۔ تحقیق کے مطابق ایسا اجنبی افراد کے ساتھ نہیں ہوتا۔
اپنے جیسے فرد کا نظارہ کردیتا ہے محبت کا جادو

لوگوں میں ایسی شخصیت کی محبت میں گرفتار ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے جسے دیکھ کر انہیں اپنا آپ یاد آجائے۔ اب چہرے، بالوں یا آنکھوں کی رنگت بلکہ کئی بار تو کانوں کی ساخت میں بھی اپنی مماثلت کسی کو دیوانہ بنا دینے کے لیے کافی ثابت ہوتی ہے۔ اور جب ہی تو آپ کو کئی بار ایسے جوڑے دیکھ کر حیرت ہوتی ہے جنھیں دیکھ کر پہلی نظر میں گمان گزرتا ہے کہ وہ تو بہن بھائی ہیں۔
محبوب کا دل جیتنے کا آسان نسخہ

اگر تو آپ اپنی شریک حیات کا دل جیتنا چاہتے ہیں تو اسکا سب سے بہترین طریقہ ایک گرم چائے یا کافی کا کپ اپنے ہاتھ سے بناکر پیش کردینا ہے۔ ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ اپنی نصف بہتر کی پسند کا گرم مشروب خود بناکر پیش کردیں تو اس سے باہمی تعلق مضبوط اور محبت بڑھتی ہے۔اسی طرح بیویوں کیساتھ چائے یا کافی شیئر کرنا بھی کافی مددگار ثابت ہوتا ہے۔بھارت میں ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ عمل الفاط کے مقابلے میں زیادہ بلند آہنگ ہوتا ہے جس سے کوئی بھی اپنی محبت کا اظہار کرسکتا ہے۔
محبت سے دور ہوجاتا ہے سردی کا احساس

چاہے جانے کا احساس انسان کو اندر سے روشن اور دماغی سرگرمیوں کو بڑھا دیتا ہے۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق محبت کا جذبہ انسان کو دماغی طور پر مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ جسمانی طور پر بھی سرد موسم میں گرمی کا احساس دلاتا ہے۔ تحقیق میں مزید یہ امر سامنے آیا ہے کہ دوسرے سے قربت سے ہمارے اندر دماغی سرگرمیاں بڑھتی ہیں اور ایک جسم گرم رکھنے والے عنصر بھی سرگرم ہوجاتا ہے۔
محبت میں گرفتار مردوں کی رفتار ہوجاتی ہے سست

جب کوئی مرد کسی خاتون کیساتھ اپنی معمول کی رفتار سے آہستہ چل رہا ہو تو سمجھ لیں کہ وہ اس حسینہ کی محبت میں گرفتار ہے۔ سیٹل پیسیفک یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق عام طور پر مرد خواتین کے مقابلے میں زیادہ تیز چلتے ہیں، کیونکہ چلنے کی رفتار سے ہی جسمانی تبدیلی اور توانائی کے اخراج کا اندازہ ہوتا ہے۔ تحقیق کے بقول جب خواتین ساتھ ہو مرد اپنی رفتار کم کرلیتے ہیں مگر یہ بھی اسی وقت ہوتا ہے جب وہ اس خاتون کی محبت میں گرفتار ہوں، اگر وہ دوست ہو تو اس کیلئے وہ اپنی رفتار میں کوئی کمی نہیں لاتے۔
محبت اندھی نہیں ہوتی

کہا جاتا ہے کہ مرد ہمیشہ خواتین کی خوبصورتی پر متوجہ ہوتا ہے جبکہ صنف نازک اپنے شریک حیات کیلئے اعلیٰ سماجی طبقے کو ترجیح دیتی ہیں اور اب سائنس نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے۔ سنگاپور منیجمنٹ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق یہ خیال غلط ہے کہ محبت اندھی ہوتی ہے اور کسی خامی کو نہیں دیکھتی درحقیقت مرد نسوانی خوبصورتی کے دیوانے بنتے ہیں جبکہ خواتین کی نظر ہمیشہ اعلیٰ حیثیت مردوں پر ہوتی ہے۔
محبت کردیتی ہے لوگو ں کو موٹا

محبت فاتح عالم جذبہ قرار دیا جاتا ہے مگر جی یہ تو آپ کو موٹا بھی بناسکتا ہے۔ ایک برطانوی سروے کے مطابق قابل اطمینان یا دلی تعلق لوگوں کو موٹاپے کی جانب مائل کردیتا ہے۔ سروے کے مطابق 62 فیصد افراد نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ محبت میں مبتلا ہونے کے بعد سے انکا جسمانی وزن کافی بڑھا تھا جبکہ 72 فیصد کے خیال میں وہ تو نہیں مگر ان کا محبوب ضرور موٹا ہوگیا ہے۔
جدید دور میں مرد ہونے لگے پہلی نظر میں کیوپڈ کے شکار

یہ بات تو اب سچ ہوگئی ہے کہ اس جدید دور میں حقیقی محبت تلاش کرنا آسان نہیں اور مرد حضرات تو ہر وقت کیوپڈ کے تیر کا ہدف بننے کے لئے تیار نظر آتے ہیں۔ برطانیہ میں ہونے والی ایک سروے نما تحقیق کے مطابق اب بیشتر افراد پہلی ملاقات میں ہی دل ہار بیٹھتے ہیں، خصوصاً مرد اس معاملے میں خواتین سے بہت آگے ہیں جن کی 29 فیصد اکثریت کسی بھی نئی خاتون سے ملتے ہی اپنا دل ہار بیٹھتی ہے۔
تبصرے (27) بند ہیں