• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

قومی قیادت کے عید کے موقع پر پیغامات

شائع July 17, 2015

وزیرِ اعظم نواز شریف کی جانب سے

عزیز ہموطنو اور پٹواریو

اسلام و علیکم۔ فل اسٹاپ۔ نیا پیراگراف۔

میں عید کے اس پر مسرت موقع پر آپ سب کو عید کی دلی مبارکباد دیتا ہوں۔

نیا پیراگراف۔ عزیز محبانِ وطن اور پٹواریو، اس سال میری حکومت نے اقتدار میں اپنا دوسرا سال مکمل کیا ہے، اور جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، ماشاء اللہ، کھیرے، اوہو، نہیں کچھ نہیں نہیں، ملک کی معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کامیابی سے ہٹائی جا رہی ہیں، ماشاءاللہ، الحمداللہ۔ نیا پیراگراف۔

عزیز ہموطنو۔ یہ عید خصوصی عید ہے۔ کیوں؟ کیونکہ میری حکومت بالآخر مختلف آموں، نہیں کاموں کے ذریعے ملک میں معاشی ترقی اور امن لے آئی ہے۔ فل اسٹاپ۔

کوئی نیا پیراگراف نہیں۔ تو عید کا پیغام ختم۔

آصف علی زرداری کی جانب سے


جیالو اور جیالیو، اصلیو اور جعلیو

آپ سب کو معاشی استحصال، ناانصافی، اور عدم برداشت کے خلاف جدوجہد کے مرکز دبئی سے عید مبارک۔

سات سال پہلے ہماری پارٹی نے ایک عظیم قائد کو کھو دیا، اور میں نے پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی تاکہ اس کا باقی رہنا اور پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری سیاسی جماعت رہنا یقینی بنایا جا سکے۔

میں نے 2008 میں اسے پاکستان میں جتوایا، اور 2013 میں سندھ میں جتوایا، اور یقین جانیے، میں اسے 2018 کے انتخابات میں لاڑکانہ اور دادو میں بھی جتواؤں گا۔

جیالو اور جیالیو، ہماری پارٹی مشکل حالات سے گزر رہی ہے کیونکہ یہ ہاریوں اور مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، جن کے لیے ہمارے بے لوث وزرائے سندھ کچھ ذہین طریقوں اور ڈیلوں کے ذریعے کروڑوں روپے اکٹھے کر رہے ہیں۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ہمیں شک کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے اور ہمیں نااہل اور کرپٹ قرار دے رہی ہے۔

اس سے بھی زیادہ افسوس کی بات ہے کہ اب میرے اپنے بیٹے بلاول نے بھی مجھ پر انگلیاں اٹھانی شروع کردی ہیں، لیکن وہ ان غریب ہاریوں اور مزدوروں کے بارے میں کیا جانتا ہے جن کی ہم خدمت کرتے ہیں؟ غریب لوگ جیسے کہ نوڈیرو کے پیر صاحب، سائیں مولا بخش وڈیرو، سیٹھ چاچڑ چانڈیو، اور کئی دوسرے۔ سمجھے آپ؟

میرے دوستوں اور پارٹی کارکنان، میں آپ سب پر زور دیتا ہوں کہ آپ اپنی عید غریبوں اور مزدوروں کے ساتھ منائیں۔ اور جو لوگ دبئی میں میرے مٹی کے غریب خانے پر تشریف لا رہے ہیں، ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ دبئی مال میں زبردست عید سیل لگی ہے۔ لہٰذا یہاں آجائیں، ہم مل کر غریبوں کی خوشی کے لیے عید کی شاپنگ کریں گے۔ عید کھپے کھپے کھپے۔

عمران خان کی جانب سے


اوئے میرے انقلابیو انصافیو!

عید مبارک! جب میں عارف علوی کو یہ پیغام لکھوا رہا ہوں، تو کچھ مداح نمازِ عید ادا کرتے ہوئے میری تصاویر اتار رہے ہیں تاکہ وہ عید کے دن یہ تصاویر انٹرنیٹ پر پھیلا سکیں، بالکل اسی طرح جس طرح وہ باقی دنوں میں بھی نماز ادا کرتے ہوئے میری تصاویر اتارتے ہیں۔ میں بہت نیک ہوں اوئےےےےے!

چاند رات پر میرا پیغام ہے کہ چاند کو غور سے دیکھیں۔ چاند پر تمام گڑھے دیکھیں اور تمام گڑھے گنیں۔ گذشتہ سال میں نے 35 گنے تھے۔ اس سال میں 71 دیکھ سکتا ہوں۔ جہانگیر صاحب نے مجھے بتایا کہ یہ گڑھے نجم سیٹھی نے سی آئی اے کے مشہور خلاباز اور ن لیگ کے پٹواری نیل آرمسٹرانگ کے ساتھ مل کر بنائے تھے۔ یہی وہ گڑھے ہیں جنہوں نے پنجاب میں ہمارا مینڈیٹ چرایا ہے۔

تو اوئےےےے آرمسٹرانگ، جب میں اقتدار میں آؤں گا تو تمہیں ڈی جے بٹ کے میوزک کے ساتھ قذافی اسٹیڈیم کے عمران خان انکلوژر میں لٹکا دوں گا اوئےےےے۔

تو خوشیاں مناؤ میرے انقلابیو انصافیو، عید آ نہیں رہی، عید آ گئی ہے۔

♪♫ جب آئے گا عمران، بڑھے گی شان، بنے گا نیا پاکستان، بنے گا نیا پاکستان... ♪♫

چلیں جی واپس نماز کے پوز کی طرف۔

الطاف حسین کی جانب سے


بھائیو۔۔۔۔۔ (15 منٹ خاموشی) ۔۔۔۔۔ اور بہنو ۔۔۔۔۔ (18 منٹ خاموشی) ۔۔۔۔۔ آپ سب کو بہت بہت ۔۔۔۔۔ (17 منٹ خاموشی) ۔۔۔ عید مبارک ۔۔۔۔۔ (18 منٹ خاموشی) ۔۔۔۔۔ لیکن (21 منٹ خاموشی) ۔۔۔۔ میں کیا کہہ رہا تھا؟

(پارٹی رہنما یاد دلاتے ہیں: "بھائی آپ ہمیں اپنا عید کا پیغام دے رہے تھے۔")

ہاں ۔۔۔۔ ہاں ۔۔۔۔ عید ۔۔۔۔ میٹھی عید ۔۔۔۔ گلاب جامن کی طرح ۔۔۔۔ (14 منٹ خاموشی) ۔۔۔۔ عید ۔۔۔۔ گلاب جامن ۔۔۔۔ نرالا سوئیٹس ۔۔۔۔ لاہور ۔۔۔۔ پنجاب ۔۔۔۔ عید اور ۔۔۔۔۔ (لائن منقطع ہوجاتی ہے) ۔۔۔۔ ٹوں، ٹوں، ٹوں۔

(لائن بحال ہوتی ہے): تو ۔۔۔۔ رینجرز ۔۔۔۔ میری لائن کاٹ رہے ہیں ۔۔۔۔ لیکن ۔۔۔۔۔ (19 منٹ خاموشی) ۔۔۔۔۔ لیکن، بھائیو اور بہنوں ۔۔۔۔ لیکن ۔۔۔۔ (20 منٹ خاموشی) ۔۔۔۔۔ لیکن کیا؟

(پارٹی رہنما یاد دلاتے ہیں: "بھائی لیکن ہم مضبوط رہیں گے۔۔۔۔")

ہاں ۔۔۔۔ اس عید ۔۔۔ مضبوط عید ۔۔۔۔ میٹھی عید ۔۔۔۔ سوئیٹ پمپکن ۔۔۔۔ پمپکن مطلب کدو ۔۔۔۔ پمپکن مطلب؟

("کدو بھائی، کدو")

ہاں ۔۔۔ کدو۔ اس عید پر میں استعفیٰ دے دوں گا۔

("نہیں بھائی نہیں، آپ نہیں دے سکتے، ہماری قیادت کون کرے گا؟")

کدو! میں نے فیصلہ کر لیا ہے۔۔۔ میں استعفیٰ دے دوں گا!

("نہیں بھائی نہیں، آپ نہیں دے سکتے")

اچھا ۔۔۔۔۔ ٹھیک ہے ۔۔۔۔۔ میں اپنا استعفیٰ واپس لیتا ہوں۔ عید پر میرا اپنے حامیوں کے لیے پیغام ہے (17 منٹ خاموشی) ۔۔۔۔۔ کہ ۔۔۔۔۔ (14 منٹ خاموشی) ۔۔۔۔ کہاں ۔۔۔۔ (50 منٹ خاموشی) ۔۔۔۔۔ کہاں ۔۔۔۔

("پیغام کیا ہے بھائی؟")

میری عیدی کہاں ہے؟

جنید جمشید کی جانب سے


عید کے چاند کو دیکھنا کتنا زبردست احساس ہے۔ لیکن پیارے برادروں اور سسٹروں اور وہ سسٹریں جو برادریں بن گئی ہیں، کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ آپ کی آنکھوں اور عید کے چاند کے درمیان کیا ہے؟ کروڑوں میل کی گناہگار مٹی، بادل، اور خلا آپ کے اور چاند کے درمیان حائل ہیں۔

تو میرے برادروں اور سسٹروں اور وہ سسٹریں جو برادریں بن گئی ہیں، میں آپ کو سو فیصد شرعی لینسز کی پیشکش کرتا ہوں۔ آپ انہیں پہن کر گناہگار مٹی سے محفوظ رہ کر عید کا چاند دیکھ سکتے ہیں۔

اپنا آرڈر ابھی دیجیے! ڈائل کریں 111-KON-BANAY-GA-JJ یاد رکھیے، برادروں، اور سسٹروں، اور وہ سسٹریں جو برادریں بن گئی ہیں: آپ پیسے بھریں، میں عبادت کرتا ہوں۔

اور برادروں، خدارا سسٹروں کو ڈرائیو کرنے کی اجازت نہ دیں۔ یہ گناہ ہے۔ انہیں لندن میں میرے ڈرائیونگ اسکول بھیجیں جہاں ہم سسٹروں کو ڈرائیونگ بھولنے کی تعلیم دیتے ہیں۔ اس عید پر میں 50 فیصد ڈسکاؤنٹ دے رہا ہوں! عید مبارک۔

حمزہ علی عباسی کی جانب سے (فیس بک پر)


میرے دوستو!

سب سے پہلے تو آپ سب کو بہت بہت عید مبارک، اور اس کے بعد بھاڑ میں جائیں وہ لوگ جنہیں میرے خیالات اور میری سوچ پسند نہیں، اور اس کے بعد عمران خان زندہ باد، اور اس کے بعد ہم سب ظالم اور کرپٹ لیڈروں کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے، اور اس کے بعد آپ سب عید کے دن ہم ٹی وی پر میرا خصوصی ڈرامہ ضرور دیکھیں، اور اس کے بعد اگر آپ کو کوئی بھی ہم جنس پرست لگے تو پی ٹی آئی کی اخلاقی اسٹیئرنگ کمیٹی کو رپورٹ کریں۔

دوستو، اس عید پر یہ دکھانے کے لیے کہ میں پاکستان، افغانستان، میانمار، اور بھوٹان میں غریب لوگوں کی مشکلات پر کتنا افسردہ ہوں، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں نبیلہ یا طارق امین (دو مشہور سیلون) سے بال نہیں کٹواؤں گا، بلکہ ان کے اسسٹنٹس سے کٹواؤں گا۔

اس کے علاوہ میں پیپسی کی 1000 خالی بوتلیں ان بوڑھی خواتین کو عطیہ کروں گا جنہوں نے اپنی زندگی میں کبھی بجلی کا بلب نہیں دیکھا۔ ہاں دوستو، پیپسی اور میں سمجھتے ہیں کہ ہمارے ملک میں اب بھی ایسے لوگ ہیں، اس لیے میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ خالی بوتلیں ان لوگوں کو عطیہ کریں جنہوں نے زندگی میں کبھی بھی بجلی کا بلب نہیں دیکھا۔ اس طرح زیادہ سے زیادہ لوگ پیپسی خریدیں گے اور کوکا کولا کے خطرناک عزائم کو شکست دیں گے، جو یہودیوں، پاکستان مخالف، اور ہم جنس پرستوں کی کمپنی ہے۔

مجھے معلوم ہے کہ مجھے اپنی بات کہنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا، لیکن مجھے پرواہ نہیں کیونکہ میں صرف ہمارے پیارے ملک، ایمان، مستقبل، اور لائٹس کیمرا ایکشن کی پرواہ کرتا ہوں۔

دوستو، ہم وطنوں، اور خوبصورت ماڈلز، آپ سب کی حمایت، دعاؤں، اور بوسوں کا بہت بہت شکریہ۔ اور جن لڑکوں نے بھی مجھے بوسے بھیجے ہیں میں نے انہیں رپورٹ کر دیا ہے۔

انگلش میں پڑھیں۔

ندیم ایف پراچہ

ندیم ایف پراچہ ثقافتی تنقید نگار اور ڈان اخبار اور ڈان ڈاٹ کام کے سینئر کالم نگار ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی معاشرتی تاریخ پر اینڈ آف پاسٹ نامی کتاب بھی تحریر کی ہے۔

ٹوئٹر پر فالو کریں:NadeemfParacha@

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024