پکاسو کا پوسٹ کارڈ ریکارڈ قیمت میں نیلام
فرینکفرٹ:نامور مصور پابلو پکاسو کی ڈرائنگ اور دستخط سے مزین ایک پوسٹ کارڈ ہفتہ کو 188000 امریکی ڈالرز (166000 یوروز) میں نیلام ہو گیا۔
جرمنی میں گیرٹنر نیلام گھر نے ایک بیان میں پوسٹ کارڈ کی نیلامی کو ورلڈ ریکارڈ قرار دیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ ’ٹرانس اٹلانٹک‘ نامی خریدار نے ٹیلی فون کے ذریعے جرمن، انگریزی، فرنچ اور روسی زبان میں ہونے والی بولی میں سب سے زیادہ قیمت آفر کی۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ پوسٹ کارڈ کی بولی ایک لاکھ یوروز سے شروع ہوئی تھی اور تمام کمیشن وغیرہ ملانے کے بعد خریدنے والے کو یہ پوسٹ کارڈ دو لاکھ یورز میں پڑ سکتا ہے۔
پکاسو نے یہ پوسٹ کارڈ پانچ، ستمبر، 1918 میں اپنے دوست اور فرانسسی شاعر گوائلاومی اپولینئر کو بھیجا تھا۔
کارڈ کے پیچھے پکاسو نے فرانس کے جنوب مشرقی گاؤں پاؤ کی ایک فضائی تصویر بنائی تھی۔
یہ کارڈ کبھی بھی اپنی منزل پر نہیں پہنچ سکا کیونکہ پکاسو نے اس پر ہسپانوی زبان میں پتہ تحریر کرتے ہوئے شاعر کو ڈان گوائلاومی اپولینئر لکھا تھا۔اے ایف پی